بین الاقوامی اولمپک کمیٹی

بین الاقوامی اولمپک کمیٹی (IOC؛ فرانسیسی: Comité international olympique، CIO) ایک بین الاقوامی، غیر منافع بخش، غیر سرکاری تنظیم ہے جس کا مرکز لوزان، سویٹزرلینڈ میں واقع ہے۔ اسے پیری دو کوبرٹن نے 23 جون 1894ء کو قائم کیا تھا اور دیمیتریو وکیلاز اس کے پہلے صدر مقرر ہوئے تھے۔ آج یہ تنظیم 100 فعال اراکین، 32 اعزازی اراکین، اور ایک معزز رکن پر مشتمل ہے۔ IOC عالمی پیمانے پر جدید اولمپک تحریک کا مقتدر ادارہ ہے۔ آئی او سی جدید اولمپک کھیلوں اور یوتھ اولمپک کھیل کھیلوں کا انعقاد کرتی ہے جو ہر چوتھے سال سردیوں اور گرمیوں میں منعقد ہوتے ہیں۔ 1992ء تک، سرمائی اور گرمائی، دونوں اولمپکس ایک ہی سال منعقد ہوا کرتے تھے۔ لیکن اس سال کے بعد، آئی او سی نے سرمائی اولمپکس کو گرمائی اولمپکس کے بعد جفتی سال میں منتقل کردیا تاکہ دو بڑے مقابلوں کے انعقاد کی منصوبہ بندی میں مدد ملنے کے علاوہ آئی او سی کا مالیاتی میزان بھی بہتر ہوسکے جسے ہر اولمپک برس میں خاصی آمدنی ہوتی ہے۔