خداوندگار مسجد (ترکی: خداوندگار جامع/ مراد خداوندگار جامع) بورصہ، ترکی میں واقع ایک تاریخی مسجد ہے جو احاطہ مرادیہ میں موجود ہے۔ مسجد کی تعمیر عثمانی سلطان مراد اول کے شاہی فرمان کے مطابق 766ھ مطابق 1365ء میں شروع ہوئی اور 20 سال کی طویل مدت کے بعد 786ھ مطابق 1385ء میں تکمیل کو پہنچی۔ 1855ء بورصہ زلزلہ کے زلزلہ میں اِس مسجد کو نقصان پہنچا اور 1855ء میں اِس مسجد کی بحالی و مرمت کا کام شروع ہوا۔ 1984ء میں مسجد کی محراب دوبارہ تعمیر کی گئی اور نیا چوبی منبر محراب میں رکھا گیا۔[1] اُنیسویں اور بیسویں صدی عیسوی میں مسجد کی تعمیر ہوتی رہی۔[2]

خداوندگار مسجد
بنیادی معلومات
متناسقات40°12′09″N 29°01′16″E / 40.2024°N 29.0211°E / 40.2024; 29.0211
مذہبی انتسابسنی اسلام
ملکترکیہ
تعمیراتی تفصیلات
نوعیتِ تعمیرمسجد
طرز تعمیراسلامی طرز تعمیر، عثمانی طرز تعمیر
سنگ بنیاد766ھ/1365ء
سنہ تکمیل786ھ/ 1385ء
تفصیلات
مینار1

ہیئتِ عمارت ترمیم

مسجد کی عمارت اینٹ اور پتھر مع چونا گچ کے تیار ہوئی ہے، دیواروں میں 20 اینٹوں کے بعد پتھر لگائے گئے ہیں۔ مسجد بازنطینی طرز تعمیر اور اطالوی طرز تعمیر کا یکساں امتزاج ہے۔ مسجد کی عمارت دو منزلہ ہے، پہلی منزل وہی ہے جس میں منبر و محراب موجود ہیں جبکہ مسجد کے شاندار برآمدے دو منزلہ ہیں۔ مسجد کا ایک مینار ہے۔ مسجد کے چہار جانب ایوان بنائے گئے ہیں۔ قبلہ سمت میں جنوب کی جانب ایک بڑا ایوان واقع ہے۔ دوسری منزل پررسائی کے لیے سیڑھیاں مرمر سے بنائی گئی ہیں۔ دوسری منزل دراصل مدرسہ کی شکل میں واقع ہے جس میں 16 کمرے ہیں اور یہ نیچے سے دیکھنے پر انگریزی کے حرف U کی شکل میں تعمیر کیے گئے ہیں۔ شمالی سمت میں سیڑھیاں موجود ہیں جن سے اِن کمروں تک رسائی ممکن ہوتی ہے۔ دوسری منزل میں محراب کے عین اوپرایک چھوٹا سا کمرہ بالائی ایوان میں ہے۔ مسجد کی محراب ہشت پہلو ہے اور یہ تا حد دیوار تک بلند ہے۔ مسجد کے شمال مشرقی گوشہ پر ایک مینار واقع ہے۔

حوالہ جات ترمیم