رتھ (انگریزی: Chariot)،زمانہ قدیم کی ایک سادہ سی گاڑی تھی، خیال کیا جاتا ہے کہ دو ہزار قبل مسیح یعنی گھوڑے کی دریافت سے بھی پہلے بابلی اس سے واقف تھے۔ غالباً اس پر شاہی سواری نکلتی تھی۔ بعد میں اسے گھوڑے کھینچنے لگے اور مشرق قریب میں اس کا استعمال ہو گیا۔ رتھ جنگ میں خاص طور پر استعمال کیے جاتے تھے۔ اشوریوں نے اس کے پہیوں کے ساتھ بطور اسلحہ درانتیاں لگا دی تھیں۔ ایران میں بھی انھیں استعمال کیا گیا۔ یونان اور روم والے اسے شوقیہ استعمال کرتے تھے اور وہاں رتھوں کے دوڑ کے مقابلے ہوتے تھے۔ زمانہ قدیم میں آریا بھی رتھوں پر سوار ہو کر میدان جنگ میں جایا کرتے تھے۔