مطرف بن عبد اللہ بن شخیر

مطرف بن عبد اللہ بن الشخیر ( وفات: 95 ہجری )، آپ بصرہ کے تابعی اور حديث نبوي کے راویوں میں سے ایک تھے۔

مطرف بن عبد اللہ بن شخیر
معلومات شخصیت
بہن/بھائی
عملی زندگی
پیشہ محدث   ویکی ڈیٹا پر (P106) کی خاصیت میں تبدیلی کریں

نام و نسب ترمیم

مطرف نام،ابو عبد اللہ کنیت،نسب نامہ یہ ہے مطرف بن عبد اللہ بن الشخیر بن عوف بن کعب بن وفدان بن الحریش بن کعب بن ربیعہ بن عامر بن صعصعہ۔

پیدائش ترمیم

مطرف عہد نبوی میں پیدا ہو گئے تھے [1] لیکن صغر سنی یا بُعدِ مسافت کی وجہ سے شرف زیارت سے محروم رہے۔

ذوق علم ترمیم

مطرف کو تحصیلِ علم و کمال کا بڑا ذوق وشوق تھا، اس کے فضل کو وہ عبادت کے فعل سے زیادہ پسند کرتے تھے۔ [2]

فضل وکمال ترمیم

اس ذوق نے ان کو علمی کمالات ،زہد وورع اورتہذیب اخلاق جملہ فضائل کمالات کا پیکر بنادیا تھا،علامہ ابن سعد لکھتے ہیں کہ ان کی ذات میں فضل وورع، روایۃ اور عقل و ادب سب جمع تھے [3]حافظ ذہبی لکھتے ہیں کہ وہ علم و عمل میں سرخیل تھے، اسلام میں ان کی خاص جلالتِ شان اورلوگوں کے دلوں میں ان کی خاص وقعت تھی۔ [4]

حدیث ترمیم

ان کے زمانہ میں صحابہ کی بڑی تعداد موجود تھی،اور انھوں نے ان کے فیوض و برکات سے پورا استفادہ کیا؛چنانچہ حضرت عثمانؓ،علیؓ،ابوذرؓ عمار بن یاسرؓ،عبد اللہ بن مغفل، عثمان بن ابی العاصؓ، عمران بن حصینؓ، معاویہ بن ابی سفیانؓ اورحضرت عائشہؓ سے حدیثیں روایت کی ہیں ان سے فیض پانے والوں میں ان کے بھائی ابو العلاء یزید، بھتیجے عبد اللہ بن ہانی اورحسن بصری حمید بن ہلال،ابو نصرہ،غیلان بن جریر، سعید بن ابی ہند،محمد بن واسع ابو التیاح،ثابت البنانی،عبد الکریم بن رشید،سعید الحریری اور ابو سلمہ،سعید بن یزید وغیرہ لائقِ ذکر ہیں۔ [5]

فقہ ترمیم

فقہ میں پورا ادرک حاصل تھا،بصرہ کے مفتیوں میں تھے۔ [6]

زہد وورع ترمیم

ان کے علم کے مقابلہ میں ان کے عمل اورزہد وورع کا پلہ بھاری تھا،علامہ ابن سعد انھیں متورعین میں لکھتے ہیں [7] عجلی لکھتے ہیں کہ وہ کبار تابعین میں اور رجل صالح تھے،ابن حبان کا بیان ہے کہ وہ بصرہ کے عابد وزاہد تابعین میں تھے۔ [8]

شور وفتن سے اجتناب ترمیم

اس زہد وورع کی وجہ سے وہ شور وشر اور انقلاب وہنگامہ آرائی سے بہت گھبراتے تھے اور اس کو ابتلا سمجھتے تھے، فرماتے تھے کہ فتنہ رہبری اوررہنمائی کے لیے نہیں ؛بلکہ مومن کو اس کے نفس سے لڑادینے کے لیے اٹھتا ہے،ان کے زمانہ میں بڑے بڑے ،انقلابات وحوادث ہوئے،لیکن انھوں نے اپنا دامن ان سے بچائے رکھا ،عموماً فتنہ کے زمانہ میں وہ کسی طرف نکل جاتے تھے اور اگر نہ نکل سکتے تھے،عقبہ کا بیان ہے کہ میں نے مطرف کے بھائی یزید بن عبد اللہ سے پوچھا کہ جب فتنہ موجزن ہوتا تھا تو مطرف کیا کرتے تھے،انھوں نے بتایا کہ گھر کے اندرونی حصہ میں گوشہ گیر ہوجاتے تھے اور جب تک فتنہ کے شعلے ٹھنڈے نہ ہوجاتے اس وقت تک وہ ان لوگوں کے ساتھ جمعہ اور جماعت میں بھی شریک نہ ہوتے تھے۔ [9]

دوسروں کو بھی فتنہ میں پڑنے سے روکتے تھے قتادہ کا بیان ہے کہ جب فتنہ کا زمانہ ہوتا تو مطرف لوگوں کو اس میں مبتلا ہونے سے روکتے اورخود کہیں بھاگ جاتے ،حسن بصری بھی لوگوں کو روکتے تھے،لیکن کہیں ہٹتے نہ تھے،اس لیے مطرف ان کے متعلق کہا کرتے تھے کہ حسن بصری اس شخص کی طرح ہیں جو دوسروں کو سیلاب سے ڈراتا ہے،لیکن خود اس کے دھارے پر کھڑا رہتا ہے۔ [10] انتہائی ،احتیاط کی بنا پر وہ ان ہنگاموں کے حالات تک نہ پوچھتے ،ابن زبیر اور بنی اُمیہ کا ہنگامہ انہی کے زمانہ میں ہوا یہ لوگوں سے اس کے حالات بھی نہ پوچھتے تھے اور چونکہ لوگ ان کے خیالات سے واقف تھے، اس لیے وہ بھی ان کے سامنے تذکرہ نہ کرتے تھے۔ [11] عبد الرحمن بن اشعث کے انقلابات میں جو حجاج اورعبدالملک کے خلاف اٹھا تھا،بڑے بڑے تابعین شریک ہو گئے تھے،لوگوں نے مطرف پر بھی شرکت کے لیے زور ڈالا ،انھوں نے ان سے سوال کیا کہتم لوگ جس چیز میں شرکت کی دعوت دیتے ہوکیا وہ جہاد فی سبیل اللہ سے بھی زیادہ بڑھ جائے گاانہوں نے جواب دیا نہیں، فرمایا تومیں ہلاکت میں پڑنے اور فضیلت حاصل کرنے کے درمیان جوانہیں کھیلتا[12] یعنی مشتبہ جنگ میں نہیں پڑسکتا، انھیں امن وعافیت کی زندگی طبعاً پسند تھی، فرماتے تھے کہ مجھے عافیت کی زندگی پر شکر ادا کرنا ابتلا اورآزمائش پر صبر کرنے سے زیادہ پسند ہے۔

نفس ایک ہے ترمیم

عقائد میں نہایت سخت تھے اوراس کے تحفظ میں بڑا اہتمام تھا،ایک مرتبہ چند حروری (خارجی)آپ کے پاس آئے، اوراپنے عقائد کو قبول کرنے کی دعوت دی ،آپ نے جواب دیا کہ اگر میرے دو نفس ہوتے تو ایک نفس سے تمھارے عقائد مان لیتا اور دوسرے کو محفوظ رکھتا،جو کچھ تم کہتے ہو اگر وہی ہدایت ہوتا تو دوسرے نفس سے بھی تمھاری پیروی کرلیتا اوراگر ضلالت ہوتا تو اگر ایک نفس ہلاک ہوجاتا تو کم از کم دوسرا تو محفوظ رہتا،لیکن نفس ایک ہی ہے،اس لیے اس کو میں دھوکے کی جگہ نہیں لگاسکتا۔ [13]

دنیا عالم اسباب ہے ترمیم

اگرچہ آپ بڑے زاہد ومتورع تھے لیکن اندھے اعتماد اورتوکل کے قائل نہ تھے؛بلکہ دنیا کو عالم اسباب مانتے تھے؛چنانچہ فرماتے تھے کہ یہ جائز نہیں ہے کہ ایک شخص ایک بلند مقام سے اپنے کو نیچے گرادے اور کہے خدانے میری قسمت مقدر کردی ہے؛بلکہ انسان کو چاہیے کہ وہ بچتا رہے اورکوشش کرے،اگر اس احتیاط اورکوشش کے باوجود اسے نقصان پہنچ جائے یا مصیبت پیش آجائے تو پھر اسے تقدیر الہیٰ سمجھنا چاہیے،تقدیر خداوندی کے علاوہ کوئی مصیبت نہیں پہنچ سکتی [14]اسی لیے وہ طاعون کے زمانہ میں وبازدہ حلقہ سے ہٹ جاتے تھے۔ [15]

عقل بہترین عطیہ قدرت ہے ترمیم

آپ کے بعض اقوال نہایت حکیمانہ ہیں فرماتے تھے کہ انسان کو قدرت کی جانب سے عقل سے بہتر کوئی شے نہیں عطا کی گئی،لوگوں کی عقلیں ان کے زمانہ کے مطابق ہوتی ہیں [16] اپنا کھانا اس شخص کو نہ کھلاؤ جسے اس کی خواہش نہیں ہے [17] یعنی بے محل کسی شے کو ضائع نہ کرو۔

دنیاوی شان وشکوہ ترمیم

وہ دنیاوی نعمتوں سے متمتع ہونے میں کوئی مضائقہ نہ سمجھتے تھے، خدا نے ان کو دولتِ دنیا سے وافر حصہ دیا تھا اوروہ بڑی شان اوروقار کی زندگی بسر کرتے تھے،حافظ ذہبی لکھتے ہیں کہ مطرف سردار اوربلند مرتبہ تھے،بہترین کپڑے پہنتے تھے،سلاطین کے درباروں میں آمدورفت رکھتے تھے [18] لیکن اس ظاہری شان وشوکت سے ان کی اخلاقی حیثیت پر کوئی اثر نہ پڑتا تھا،غیلان بن جریر کا بیان ہے کہ مطرف برانس (ایک قسم کی ٹوپی)اورمطارف (ایک قیمتی چادر)پہنتے تھے،گھوڑے پر سوار ہوتے تھے،سلاطین کے پاس آتے جاتے تھے،لیکن اس زندگی کے باوجود جب تم ان کے پاس جاتے تو آنکھوں کے پاس جاتے۔ [19]

سیرت ترمیم

ابو عبد اللہ مطرف بن عبد اللہ بن الشخیر کا تعلق بنو ربیعہ بن عامر بن صعصہ سے ہے ان کے والد عبد اللہ بن الشخیر صحابی ہیں اور ان کے بھائی یزید اور ہانی تابعین میں سے ہیں۔ اپنے بھائی یزید سے دس سال بڑے تھے۔ مطرف نے فتنوں سے بچنے کو ترجیح دی اور لوگوں کو ان میں شرکت سے منع کیا، مطرف کے بارے میں یہ بھی جانا جاتا ہے کہ وہ مستجاب الدعوات تھے ۔ غیلان بن جریر نے بیان کیا کہ وہ مطرف اور اس سے بات کرنے والے کے درمیان تھا اور اس نے اس سے جھوٹ بولا، مطرف نے کہا: خدارا اگر وہ جھوٹا ہے تو اسے مرنے دے۔‘‘ چنانچہ وہ اپنی جگہ پر گر پڑا اور مر گیا۔ مطرف بن عبد اللہ کی وفات کے وقت کے بارے میں اختلاف ہے، سنہ وفات95 ہجری میں کہا گیا، 86 ہجری کہا گیا اور 87 ہجری بھی کہا گیا ہے۔۔ [20]

روایت حدیث ترمیم

حضرت ابی بن کعب، عثمان بن عفان، علی بن ابی طالب، ان کے والد عبد اللہ بن الشخیر، ابو زر غفاری، عمار بن یاسر، عائشہ بنت ابی بکر، عثمان بن ابی العاص سے روایت ہے۔ معاویہ بن ابی سفیان، عمران بن حسین، عبد اللہ بن مغفل المزنی، ابو مسلم جذمی اور حکیم بن قیس، بن عاصم منقری، عیاض بن حمار تمیمی اور کعب احبار ،حسن بصری، ان کے بھائی یزید بن عبد اللہ بن شخیر، ابو عطیہ، یزید بن حمید، ثابت بنانی، سعید بن ابی ہند، قتادہ بن دعامہ، غیلان بن جریر، محمد۔ بن وصی، ابو نضرۃ المنذر بن مالک بن قطع العبدی، یزید رشک، حمید بن ہلال عدوی اور سعید بن ایاس جریری اور ان کے بھتیجے عبد اللہ بن ہانی بن عبد اللہ بن شخیر، عبد الکریم بن رشید، ابو نعامہ سعدی، خالد بن دریک، ابو مسلمہ سعید بن یزید اور عبد اللہ بن ابی قلوص۔ابو الفضل اور ابو حمزہ شعبہ کے پڑوسی ہیں۔ [21][22]

جراح اور تعدیل ترمیم

ابن سعد نے ان کا تذکرہ اہل بصرہ کے دوسرے طبقے میں کیا ہے اور ان کے بارے میں کہا ہے: "وہ امانت دار، فضیلت والے، پرہیزگاری، عقل اور اخلاق کے مالک تھے۔" عجلی نے کہا ثقہ ہے۔ جیسا کہ ائمہ صحاح ستہ نے اسے بیان کیا ہے۔ [23] [24]

وفات ترمیم

باختلاف روایت 87 یا 95 میں احتباس بول کے مرض میں مبتلا ہوئے اوربیمار ہوتے ہی حالت بگڑ گئی،اپنے صاحبزادے کو بلاکر آیات وصیت پڑھ کر سنائیں، صاحبزادے جاکر طبیب کو لے آئے،طبیب کو دیکھ کر پوچھا یہ کیا؟ صاحبزادے نے کہا طبیب،طبیب سے مخاطب ہوکر فرمایا،میں سختی سے منع کرتا ہوں کہ مجھے جھاڑ پھونک نہ کرنا اور نہ گنڈا تعویذ لٹکانا اوراپنے صاحبزادوں کو قبر کی تیاری کا حکم دیا، انھوں نے حکم کی تعمیل کی،قبر تیار ہونے کے بعد فرمایا مجھے قبر کے پاس لے چلو؛چنانچہ اپنے آخری آرام گاہ کے پاس جاکر اس میں دعاکی ،دعا سے واپس آکر انتقال کیا۔ [25]

حوالہ جات ترمیم

  1. (تہذیب التہذیب:10/174)
  2. (ابن سعد،ج7،ق اول،ص103)
  3. (ایضاً)
  4. (تذکرۃ الحفاظ:1/55)
  5. (تہذیب التہذیب:10/172)
  6. (اعلام الموقعین:1/67)
  7. (ابن سعد،ج7، ق اول،ص103)
  8. (تہذیب التہذیب:10/173)
  9. (ابن سعد،ج 7،ق اول،ص103)
  10. (ابن سعد،ج7،ق اول،ص103)
  11. (ایضاً)
  12. (ابن سعد،ج7،ق اول،ص104)
  13. (ابن سعد،ج7 ،ق اول،ص174)
  14. (ابن سعد ایضاً)
  15. (ابن سعد ایضاً)
  16. (ابن سعد ایضاً:104)
  17. (ابن سعد ایضاً:105)
  18. (ایضاً:105)
  19. (ابن سعد،ج 7،ق اول،ص105)
  20. الطبقات الكبرى لابن سعد - مطرف بن عبد الله بن الشخير (2) آرکائیو شدہ 2018-04-29 بذریعہ وے بیک مشین [مردہ ربط]
  21. ابن عساكر (1995)۔ تاريخ دمشق۔ 58۔ دار الفكر۔ صفحہ: 289 
  22. الطبقات الكبرى لابن سعد - مطرف بن عبد الله بن الشخير (1) آرکائیو شدہ 2018-04-29 بذریعہ وے بیک مشین [مردہ ربط]
  23. سير أعلام النبلاء » بقية الطبقة الأولى من كبراء التابعين » مطرف بن عبد الله آرکائیو شدہ 2016-09-19 بذریعہ وے بیک مشین
  24. تهذيب الكمال للمزي » مطرف بن عَبْد اللَّهِ بن الشخير الحرشي العامري آرکائیو شدہ 2016-09-19 بذریعہ وے بیک مشین
  25. (ابن سعد،ج7،ق اول،ص106،وتذکرۃ الحفاظ)