وفدسلمہ بن عیاض مدینہ منورہ میں بارگاہ رسالت میں حاضر ہوا
اس وفد میں جارود بن معلی ازدی اور سلمہ بن عیاض تھے یہ دونوں دوست تھے جارود نے سلمہ سے کہا تہامہ میں ایک شخص ظاہر ہوا جو دعویٰ کرتا ہے کہ وہ نبی ہے کیا تم اس کے پاس جانا پسند کروگے اگر اس کے پاس خیر دیکھی توہم اس کے دین میں داخل ہو جائیں گے میری آرزو ہے کہ کاش وہ وہی نبی ہو جس کی بشارت عیسیٰ ابن مریم نے دی ہو مگر ہم دونوں کو اپنے دل میں تین تین سوال متعین کرلینے چاہیئں جو ہم ان سے کریں اور وہ سوال ہم ایک دوسرے کو بھی نہ بتائیں خدا کی قسم اگر انھوں نے ہمارے سوالوں کے جوابات دیے تو وہ سچے نبی ہیں جن کے پاس وحی آتی ہے۔
جب یہ دونوں حاضر خدمت ہوئے تو جارود نے سوال کیا
اے محمد صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم آپ کے پروردگا نے آپ کو کیا چیز دے کر بھیجا ہے؟
رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے فرمایا
"یہ شہادت دیکر کہ اللہ کے سوا کوئی عبادت کے لائق نہیں اور یہ کہ میں اللہ کا بندہ اور اس کا رسول ہوں اور ہر اس راستے اور دین سے برأت دیکر جو اللہ کے سوا عبادت کرائے اور یہ حکم دیکر کہ کہ نمازیں ان کے اوقات میں ادا کی جائیں اور زکوۃ اس کے حق کے ساتھ نکالی جائے رمضان کے روزوں کا حکم دیکر اور یہ جس شخص کو استطاعت و ہمت ہو وہ دینداری کے ساتھ بیت اللہ کا حج کرے جو شخص نیک عمل کرتا ہے وہ اپنے نفع کے لیے اور جو شخص برا عمل کرتا ہے اس کا وبال اسی پر پڑے گا تمھارا پروردگا بندوں پر ظلم کرنے والا نہیں" پھر جارود نے کہا اے محمد صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم اگر آپ نبی ہیں تو بتائیں ہم نے اپنے دلوں میں کیا منصوبہ بنایا تھا؟
تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے تھوڑی دیر سر کو جھکایا اور پھر فرمایا
جہاں تک جارود تیرے سوالوں کا معاملہ ہے تم نے دل میں طے کیا تھاکہ مجھ سے جاہلیت کے زمانے کے قتل اور خون کے حساب،زمانہ جاہلیت کے عہد و پیمان کی حیثیت،اور حسن سلوک یعنی صدقہ کے متعلق پوچھوگے۔ پس سن لو زمانہ جاہلیت کا خون باطل ہے اور اس دور کا عہد وپیمان مردود ہے کیونکہ اسلام میں کوئی جھوٹا عہد و پیمان نہیں اور سن لو سب سے بہترین صدقہ اور حسن سلوک یہ ہے کہ اپنے بھائی کو جانور کی پیٹھ پر سواری دویا بکری پیش کر دو کیونکہ بکری صبح گھر سے جاتے ہوئے بھی دودھ دیکر جاتی ہے شام کو واپسی پر بھی دیتی ہے۔
اور جہاں تک تیرے سوالوں کا معاملہ ہے اے سلمہ تم نے دل میں سوچا تھا کہ مجھ سے ایک تو بت پرستی کے متعلق سوال کروگے دوسرا یوم سباسب کے متعلق پوچھوگے اور تیسرا نیچ اور کمتر آدمی کی جان کے قصاص اور بدلے کے بارے پوچھو گے۔
جہاں تک بت پرستی کا تعلق ہے تو اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے۔
اِنَّكُمْ وَمَا تَعْبُدُوْنَ مِنْ دُوْنِ اللّٰهِ حَصَبُ جَهَنَّمَ ۭ اَنْتُمْ لَهَا وٰرِدُوْنَ [1]
بیشک تم اور وہ (بت) جن کی تم اللہ کے سوا پرستش کرتے تھے (سب) دوزخ کا ایندھن ہیں، تم اس میں داخل ہونے والے ہو۔
اور جہاں تک یوم سباسب کا تعلق ہے تو اللہ نے اس کے بدلے میں ایک ایسی رات دی ہے یعنی لیلۃ القدر جو ہزار مہینوں سے بہتر ہے لہذا تم اس رات کو رمضان کے آخر میں تلاش کرو جس کی علامت یہ ہے کہ وہ ایک روشن اور تابناک رات ہوتی ہے جس کی صبح میں سورج نکلتا ہے تو اس کی شعاعیں نہیں ہوتیں۔ اور جہاں تک کمتر آدمی کا تعلق ہے تو سن لو سب مومن بھائی بھائی ہیں جن کے خون برابر درجے کے ہیں ان میں سے اعلیٰ ادنیٰ کا محافظ ہے اللہ کے نزدیک وہی سب سے معزز ہے جو زیادہ متقی ہے۔
یہ سن کر دونوں نے کلمہ پڑھا اور اسلام میں داخل ہو گئے[2]

حوالہ جات ترمیم

  1. سورۃ الانبیاء:آیت98
  2. سیرت حلبیہ جلد6 صفحہ 174،ب رہان الدین حلبی،دار الاشاعت کراچی