ویب اطلاقیہ یا ویب ایپلیکیشن (انگریزی: Web application) ایسے ایپلیکیشن سوفٹویئر کو کہتے ہیں جو ویب براؤزر میں چلتے ہیں یا براؤزر سپورٹڈ پروگرامنگ زبانوں (مثلاً جاواسکرپٹ، ایچ ٹی ایم ایل، سی ایس ایس اور اجیکس) میں بنائے جاتے ہیں۔ ویب اطلاقیے کمپیوٹر نیٹورک مثلا انٹرنیٹ اور انٹرانیٹ کے ذریعہ بھی چلتے ہیں۔
ویب اطلاقیے عموما کمپیوٹر سوفٹویئرز کی طرح ہوتے ہیں لیکن ان کا حجم کم ہوتا ہے اور عموماً اکثر ویب اطلاقیے تمام افراد کے لیے دستیاب اور مفت فراہم کیے جاتے ہیں۔ نیز ویب اطلاقیے استعمال میں کمپیوٹر پروگرامز سے زیادہ بہتر اور ان کا استعمال خاصا آسان ہوتا ہے۔ ان ویب اطلاقیوں کے تخلیق کاروں کو ویب ڈویلپرز یا ویب ترقی دہندگان (Web Developers) کہا جاتا ہے۔ ویب اطلاقیوں کے انتہائی مقبول ہونے کی اصل وجہ یہ ہے کہ ان اطلاقیوں کو اپڈیٹ اور انتظام کے وقت ہزاروں کلائنٹ کمپیوٹرز پر علاحدہ سے کسی سافٹ ویئر یا پروگرام کو نصب (install) نہیں کرنا پڑتا، بلکہ ایک ہی جگہ سرور پر اپڈیٹ یا تبدیلی کرنے سے تمام جگہوں پر وہ تبدیلی نافذ ہوجاتی ہے، نیز یہ اطلاقیے ایک ہی وقت میں کراس پلیٹ فارم بھی ہوتے ہیں۔
اس وقت ای میل بذریعہ ویب، ویکی، بلاگز اور انٹرنیٹ فورم جیسے ویب اطلاقیے کافی مشہور اور انتہائی مستعمل ہیں۔

ہورڈ گروپویئر ایک آزاد مصدر ویب اطلاقیہ ہے۔