آگ کا دریا

اردو زبان میں قراۃ العین حیدر کا معروف ناول

قرۃالعین حیدر کا شہرہ آفاق ناول آگ کا دریا۔ اس ناول کو اردو ادب کے چند بہترین ناولوں میں شمار کیا جاتا ہے۔

آگ کا دریا
مصنف قرۃ العین حیدر  ویکی ڈیٹا پر (P50) کی خاصیت میں تبدیلی کریں

اشاعت ترمیم

قرۃالعین نے یہ ناول 1957 میں لکھنا شروع کیا تھا اور اس کی اشاعت دو برس بعد ممکن ہوئی۔ دو قومی نظریے کے حامی ادیبوں اور نقادوں کے لیے آگ کا دریا ہمیشہ ایک ناخوشگوار ادبی واقعہ رہا ہے لیکن اس کے فنّی محاسن پر داد دینے میں کبھی کنجوسی نہیں برتی گئی۔

مرحومہ نے یہ ناول تیس برس کی عمر میں لکھ ڈالا تھا۔ بہّتر سال کی عمر میں جب خود اس کا انگریزی ترجمہ کیا تو انھیں کردار نگاری اور بعض تفصیلات میں سقم نظر آئے چنانچہ 1998 میں شائع ہونے والا River of fire۔ اس ناول کا ایک بہتر اور زیادہ موثر روپ قرار دیا جا سکتا ہے۔

پلاٹ ترمیم

اُردو میں یہ ایک انوکھی ساخت کا ناول تھا جس کی کہانی ڈھائی ہزار سال پہلے شروع ہوتی ہے اور بیسویں صدی کے نصف پر آکر رُکتی ہے ۔۔۔ لیکن اس تاثر کے ساتھ کہ بہتے دریا کی لہروں کے سمان یہ کتھا ابھی چلتی رہے گی۔ ۔۔ شاید ابد تک۔ ۔۔ اور کائنات کے مکمل خاتمے کے بعد اگر دھرتی اور آکاش دوبارہ جنم لیتے ہیں تو یہ کتھا بھی پھر سے شروع ہو جائے گی۔ ۔۔

گوتم نیلمبر کی یہ داستان چار ادوار میں تقسیم کی جا سکتی ہے : پہلا دور چندر گُپت موریا کے زمانے سے تعلق رکھتا ہے (چار سو برس قبلِ مسیح)۔ دوسرا دور لودھی سلطنت کے خاتمے اور مغلوں کی آمد سے شروع ہوتا ہے جبکہ تیسرے دور کا تعلق ایسٹ انڈیا کمپنی کے زمانے سے ہے۔ ناول کا چوتھا اور آخری دور 1930 کے لگ بھگ شروع ہوتا ہے اور 1950 تک چلتا ہے۔

پہلے تین ادوار کا تعلق مُصنفہ کے نظریہ تہذیب اور تاریخی بنیادوں سے ہے۔ اِس نظریاتی حصّے کی اہمیت اپنی جگہ لیکن کتاب کا آخری اور چوتھا دور بذاتِ خود ایک مکمل ناول ہے جو بیسویں صدی کے نصف اوّل میں ابھرنے والی سیاسی اور سماجی تحریکوں کی روشنی میں کرداروں کی زندگی کا جائزہ لیتا ہوا ہمیں تقسیمِ ہند (1947) کے مرحلے تک لے آتا ہے۔

اس ناول میں جنم جنم کے پھیرے کرداروں کا مقّدر ہیں۔

کردار ترمیم

پہلے دور میں چمپک نامی خاتون ایک وزیر کی بیٹی ہے لیکن جس شہزادے سے اس کی منگنی ہوئی ہے وہ راج پاٹ تج کر بدھ بھکشو بن جاتا ہے۔ دوسرے دور میں یہی خاتون ایودھیا کے ایک پنڈت کی بہن کے روپ میں نمودار ہوتی ہے۔ تب تک ہندوستان میں اسلامی سلطنت کی داغ بیل پڑ چکی ہے۔ ہماری ابدی ہیروئن اب ایک درباری مسلمان عالم سید منصور کمال الدین کے عشق میں مبتلا ہوجاتی ہے اور اسلام قبول کرنے کا فیصلہ بھی کر لیتی ہے لیکن سفر پہ نکلا ہوا منصور کمال کبھی واپس نہیں آتا۔ خاتون اس کے انتظار میں زندگی گزار دیتی ہے اور آخر کار سنیاسن بن کر جنگل کی راہ لیتی ہے۔

تیسرے دور میں یہی عورت اودھ کی ایک ذہین فطین اور تیز طرار طوائف کے طور پہ سامنے آتی ہے، جس کی محفل میں انگریز نواب اور مسلم اشرافیہ کے لوگ آکر بیٹھتے ہیں۔ اِن میں منصور کمال الدین نام کا ایک شخص پھر سے موجود ہے لیکن طوائف کو عشق ہوتا ہے گوتم نیلمبر دت نامی ایک شخص سے جو ایسٹ انڈیا کمپنی کا ایک وفادار ملازم ہے۔ لیکن اس دور میں بھی خاتون ریلوے اسٹیشن پر انتظار ہی کرتی رہ جاتی ہے اور گوتم ہے کہ کلکتے سے لوٹتا ہی نہیں۔

ادھیڑ عمر میں پہنچ کر وہ طوائفوں کی چودھرائن بن جاتی ہے اور آخری عمر میں بھکارن بن کر اسی ریلوے اسٹیشن پر بھیک مانگتی ہے جہاں وہ گوتم دت کی راہ تکا کرتی تھی۔

آخری دور کی چمپا احمد ایک مسلم لیگی وکیل کی بیٹی ہے۔ وہ بھی اپنے دور کے گوتم نیلمبر سے پیار کرتی ہے لیکن اسے پا نہیں سکتی۔ انگلستان میں قیام کے دوران میں اسے مسٹر ایشلے سے بھی پیار ہوجاتا ہے لیکن وہ بھی کامیاب نہیں ہوتا۔ آخر کار وہ اپنے آبائی گھر بنارس چلی آتی ہے۔

چمپا کا نام ہر دور میں تھوڑا سے تبدیل ہوجاتا ہے : ڈھائی ہزار سال پہلے وہ چمپک تھی۔ اسلامی دور میں چمپا وتی ہو گئی۔ اودھ میں اس کا تیسرا دور شروع ہوا تو وہ چمپا جان بن کر ابھری اور آخری دور میں چمپا احمد ہو گئی۔

اسی طرح منصور کمال ایک طالع آزما قافلے کے ساتھ نیشا پور سے ہندوستان آتا ہے، جون پور کے دربار میں مترجم کے طور پر کام کرنے لگتا ہے اور چمپا وتی کے عشق میں مبتلا ہوجاتا ہے۔

سکندر لودھی کی فوج جون پور کی اینٹ سے اینٹ بجا دیتی ہے۔ جنگ کے ہنگامے میں چمپاوتی اور کمال جدا ہو جاتے ہیں۔ کمال چمپا کو ڈھونڈنے کی کوئی خاص کوشش نہیں کرتا اور کٹی پتنگ کی طرح ادھر اُدھر ڈولتا رہتا ہے۔ بے جہتی کے اس عالم میں اس کی ملاقات چشتیہ سلسلے کے صوفیوں، بدھ بھکشؤں اور بھگت کبیر کے چیلوں سے بھی ہوتی ہے۔ آخر میں وہ بنگال جاکر آباد ہوجاتا ہے اور سجاتا دیوی نام کی ایک عورت سے شادی کر کے کسانوں کی سادہ زندگی بسر کرنا شروع کر دیتا ہے۔ کمال کا بڑا بیٹا مغلوں کے دربار میں ملازم ہوجاتا ہے جس پر کمال کو غدار قرار دیا جاتا ہے اور شیر شاہ سوری کے سپاہی اسے موت کے گھاٹ اتار دیتے ہیں۔

اگلے دور میں منصور اور کمال دو الگ الگ کرداروں کے طور پر سامنے آتے ہیں۔ منصور بنگال کا ایک غریب مانجھی ہے اور کمال اودھ کا ایک جدّی پُشتی زمیندار۔ یہ کمال اودھ کی طوائف چمپا جان کا مداح ہے اور نئے گوتم نیلمبر کا دوست لیکن پھر 1857 کا ہنگامہ شروع ہوجاتا ہے جس کے نتیجے میں چمپا جان کا ڈیرا اُجڑ جاتا ہے اور وہ گلیوں میں بھیک مانگنے پر مجبور ہوجاتی ہے۔

چوتھی کہانی کا کمال کیمبرج سے واپس لکھنؤ آتا ہے تو وہاں سب کچھ اُجڑ چکا ہے۔ خاندان کی تمام پراپرٹی کو متروکہ جائداد قرار دے دیا گیا ہے۔ لُٹا پٹا کمال پاکستان کی راہ لیتا ہے۔

تکنیک ترمیم

ڈھائی ہزار سال پہ محیط اس کہانی کو سنبھالنا کسی عام لکھاری کے بس کی بات نہ تھی۔ اس کے لیے قرۃالعین جیسا لکھاری ہی درکار تھا جسے سر زمینِ ہندوستان کی سیاسی اور ثقافتی تاریخ ہی ازبر نہیں تھی بلکہ فِکشن میں اس تاریخ کو ایک پس منظر کے طور پر برتنے کا سلیقہ بھی آتا تھا۔

قرۃالعین کاہندوستان ایک مضبوط ثقافتی اکائی ہے اور باہر سے آنے والے کلچر اس کی رنگا رنگی میں صرف اضافہ ہی کرتے رہے ہیں۔

ثقافتی تنوع کا یہ نظریہ اس لحاظ سے تو نیا نہیں کہ جواہرلال نہرو اور رابندرناتھ ٹیگور پہلے ہی اس پر تفصیل سے اظہارِ خیال کر چکے ہیں لیکن ایک اہم ناول کے نظریاتی تار پود میں یہ تھِیم پہلی مرتبہ اس وضاحت کے ساتھ استعمال کی گئی ہے۔

حوالہ جات ترمیم