ارادہ (انگریزی: Intention) ایک دماغی کیفیت ہے جو مستقبل میں کسی عمل یا اعمال کی انجام دہی کے عہد پر قائم ہے۔ ارادے میں منصوبہ بندی اور قبل از موقع فکر جیسی سرگرمیاں شامل ہو سکتی ہیں۔

ارادے کئی قسم اور نوعیتوں کے ہو سکتے ہیں۔ کچھ ارادے ایک شخص صرف اپنی ذات کے لیے سوچ سکتا ہے۔ مثلًا ایک بچہ آگے چل کر ڈاکٹر یا انجینئر بننے کا ارادہ رکھ سکتا ہے۔ اسی طرح سے کوئی اسکول ٹیچر یا یونیورسٹی پروفیسر بننے کا ارادہ رکھ سکتا ہے۔ کچھ ارادے دوسروں کے ساتھ معمولی یا غیر معمولی اشتراک کے ہو سکتے ہیں۔ مثلًا ایک لڑکا اپنے دوست کے ساتھ فلم دیکھنے کا ارادہ کر سکتا ہے۔ ایک بھائی اپنے چھوٹے بھائی کے ساتھ کوئی کاروبار شروع کرنے کا ارادہ رکھ سکتا ہے۔ ارادے ایک بار کے لیے یا مکرر عمل آوری کے لیے ہو سکتے ہیں۔ مثلًا ایک غریب مسلمان زندگی میں ایک بار حج کرنے کا ارادہ رکھ سکتا ہے۔ مکرر عمل میں ایک شخص ہر ہفتہ کوئی ایک مخصوص دن اپنے دوست یا رشتے داروں سے ملنے کا ارادہ رکھ سکتا ہے۔

انفرادی ارادوں کے علاوہ حکومتیں بھی ارادے رکھ سکتی ہیں۔ مثلًا، منصوبہ بندی کے ذریعے حکومت کوئی مخصوص ہدف کو پورا کرنے کے بارے میں سوچ سکتی ہے، جیسے کہ خواندگی، صحت کے معیارات میں درستی، آبی سربراہی میں بہتری، وغیرہ۔

کمپنیاں، کاروباری ادارے اور غیر سرکاری ادارے بھی ارادے رکھتے ہیں اور ان کی تکمیل کی وہ کوشش کرتے ہیں۔ کمپنیوں کے ارادوں میں تازہ مصنوعات کا بازار میں رو شناس کرنا، مسابقت میں دیگر شرکاء کو پیچھے کرنا اور آگے کی حکمت عملی طے کرنا ہو سکتے ہیں۔ غیر سرکاری اداروں اپنے تاسیسی مقاصد کی تکمیل ان کے ارادوں کا اہم حصہ ہو سکتے ہیں۔ مثلًا ایک غیر سماجی ادارہ خواتین میں تعلیم کو عام کرنا چاہتا ہے۔ وہ ادارہ یا تو اسکولوں کو قائم کر سکتا ہے یا پھر لوگوں میں بے داری لانے کے لیے کچھ اور پروگراموں پر کام کر سکتا ہے۔

ارادوں کے بارے میں مشہور مقولہ یہ ہے کہ مسلسل محنت اور مضبوط ارادے ہی ترقی کی ضمانت دیتے ہیں۔ لہذا مجرد ارادوں کی بجائے لوگوں میں عمل آوری اور حرکت پزیری کا جذبہ بھی ضروری ہے۔[1]

مزید دیکھیے ترمیم

حوالہ جات ترمیم