انتھونی کوئن (پیدائش: 21 اپریل 1915ء، وفات: 3 جون 2001ء) میکسیکو میں پیدا ہونے والے ایک امریکی اداکار تھے جنھوں نے دنیا کی سب سے بڑی فلمی صنعت ہالی ووڈ میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔ انہوں نے کئی مشہور اور کامیاب فلموں میں اداکاری کے ذریعے عالمگیر شہرت حاصل کی جن میں زوربا دی گریگ (Zorba the Greek)، لارنس آف عربیہ (Lawrence of Arabia)، دی گنز آف نیوارون (The Guns of Navarone)، دی میسج (The Message)، لائن آف دی ڈیزرٹ (Lion of the Desert) اور لا استرادا (La Strada) قابل ذکر ہیں۔ انہوں نے دو مرتبہ بہترین معاون اداکار کے لیے اکیڈمی ایوارڈ جیتا، ایک مرتبہ 1952ء میں ویوا زاپاتا (Viva Zapata!) کے لیے اور دوسری مرتبہ 1956ء میں لسٹ فار لائف (Lust for Life) کے لیے۔

انتھونی کوئن 40 ویں سالانہ ایمی ایوارڈز کی تقریب میں، بمطابق 28 اگست 1988ء

انتھونی کوئن نے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز 1936ء میں پیرول (Parole ) اور دی ملکی وے (The Milky Way) سے کیا۔ ان کی پہلی معروف فلم 1952ء میں بنائی گئی ویوا زاپاتا تھی جس میں انہوں نے مارلن برانڈو کے مقابل معاون کردار ادا کیا۔ وہ زاپاتا میں مرکزی کردار ادا کرنا چاہ رہے تھے لیکن ہدایت کار ایلیا کازان نے حالیہ کامیابیوں کے پیش نظر برانڈو کا انتخاب کیا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ کوئن نے معاون اداکار کی حیثیت سے بھی آسکر حاصل کر لیا جبکہ برانڈو ناکام رہے۔ وہ میکسیکو سے تعلق رکھنے والے پہلے امریکی تھے جنھوں نے اکیڈمی ایوارڈ جیتا۔ انہوں نے اپنا دوسرا آسکر ونسنٹ منیلی کی 1956ء کی فلم لسٹ فار لائف میں معاون اداکار کی حیثیت سے حاصل کیا۔ یہ اعزاز اس لیے تاریخی حیثیت رکھتا ہے کیونکہ انتھونی پردے پر صرف 8 منٹ کے لیے موجود رہے۔

1961ء کی مشہور زمانہ دی گنز آف نیوارون میں انہوں نے ایک یونانی مزاحمت کار کا کردار ادا کیا جبکہ 1962ء میں لارنس آف عربیہ میں وہ بدوی رہنما عودہ ابو تایہ بنے۔ 1964ء میں زوربا دی گریک کی کامیابی ان کے کیریئر کا ایک اور شاندار لمحہ تھا جس کے نتیجے میں انہیں بہترین اداکار کے آسکر کے لیے نامزد کیا گیا۔

1977ء میں معروف مسلمان ہدایت کار مصطفیٰ العقاد کی اسلام کے ابتدائی ایام پر بنائی گئی مشہور زمانہ فلم دی میسیج میں صحابی حضرت حمزہ بن عبد المطلب رضی اللہ عنہ کا کردار ادا کیا جبکہ 1980ء میں لیبیا میں استعماری قوت اطالیہ کے خلاف جدوجہد کرنے والے شہید رہنما عمر مختار کی زندگی پر بنائی گئی فلم لائن آف دی ڈیزرٹ میں بھی انہوں نے مرکزی کردار ادا کیا۔ ان دونوں فلموں میں اہم کردار نبھانے کے باعث انتھونی کوئن مسلم اکثریتی علاقوں میں بہت معروف ہوئے۔

انہوں نے دی اوریجنل سن (The Original Sin) اور ون مین ٹینگو (One Man Tango) کے نام سے دو آپ بیتیاں لکھیں جن میں سے اول الذکر 1972ء اور دوسری 1997ء میں شائع ہوئی۔

آپ 2002ء میں اپنی آخری فلم ایونجنگ اینجلو (Avenging Angelo) کے بعد حلق کے سرطان میں مبتلا ہوئے اور 86 سالہ کی عمر میں اسی مرض کے دوران نمونیا سے بوسٹن، میساچوسٹس میں انتقال کر گئے۔ آپ کو برسٹل، روڈ آئلینڈ میں دفنایا گیا۔