باب:مذہب/منتخب مذہب/6
غالباً دنیا کے تمام مذاہب میں سے قدیم ترین اور سب سے پیچیدہ مذہب ہندومت ہے۔ آج کے بہت سے فعال مذاہب تقریباً چھٹی صدی قبل مسیح میں یا بعد میں شروع ہوئے، جبکہ ہندومت کے کچھ مذہبی نظریات اور صورتیں تیسرے ہزاریے قبل مسیح میں شروع ہوئیں۔
ہندومت میں تقریباً ہر اس مذہب کی کوئی نہ کوئی صورت یا انداز ملتا ہے جو قابل تصور یا فعال رہا ہو۔ غالباً یہ تمام مذاہب میں سب سے زیادہ رواداری روا رکھنے والا مذہب ہے اور اس کی وسعت ارواح پرستی سے لے کر کچھ نہایت اعلٰی مرتبہ اور مفصل فلسفیانہ نظام تک پھیلی ہوئی ہے اس وسیع پیمانے میں ہندومت ہزاروں چھوٹے بڑے دیوتاؤں، ان کی عبادت گاہوں اور ان کے پجاریوں کو جگہ دیتا ہے۔ لہٰذا کسی ہندو کے لیے ممکن مذہبی خیالات عموماً لامحدود ہوتے ہیں۔
دنیا کے کئی دوسرے بڑے مذاہب کے برخلاف ہندومت کا کوئی قابل ذکر بانی نہیں تھا۔ اگرچہ اس کی تاریخ میں بہت سے عظیم استاد اور پیشوا گزرے ہیں، مگر کوئی بھی ایسا نہیں جس کی تعلیمات بعد کی ہندو فکر کا سرچشمہ بنی ہوں۔