بورنیو (Borneo) انڈونیشیا میں واقع دنیا کا تیسرا سب سے بڑا جزیرہ ہے جس کا کل رقبہ 292،298 مربع میل ہے۔ جزیرے کا بیشتر حصہ انڈونیشیا میں شامل ہے (جو مشرقی کالیمانتان، جنوبی کالیمانتان، مغربی کالیمانتان اور وسطی کالیمانتان صوبے کہلاتے ہیں) جبکہ بقیہ حصے پر ملائیشیا کے صوبے سراواک اور صباح واقع ہیں۔ برونائی دارالسلام بھی اسی جزیرے پر واقع ہے۔

بورنیو

خط استوا پر واقع یہ جزیرہ دنیاکے گرم ترین اور سب سے زیادہ بارشوں والے علاقے میں شمار ہوتا ہے۔ شدید بارشوں کے باعث یہاں گھنے جنگلات پائے جاتے ہیں اور زیریں علاقے دلدلی ہیں۔

بورنیو نام نو آبادیاتی دور کی پیداوار ہے اور یہ مقامی آبادی میں استعمال نہیں ہوتا۔ انڈونیشیا میں اس جزیرے کو کالیمانتان اور ملائیشیا میں مشرقی ملائیشیا کہا جاتا ہے۔

بورنیو کے شمال اور شمال مغرب میں بحیرہ جنوبی چین، شمال مشرق میں بحیرہ سولو، مشرق میں بحیرہ سلیبس اور آبنائے مکسار اور جنوب میں بحیرہ جاوا اور آبنائے کریماتا واقع ہیں۔

بورنیو کے مغرب میں جزیرہ نما مالے اور سماٹرا ہیں۔ جنوب میں جاوا، مشرق میں جزیرہ سلاویسی (سلیبس) اور شمال مشرق میں فلپائن کے جزائر ہیں۔

بورنیو کا سب سے بلند مقام ماؤنٹ کنابالو ہے ملائیشیا کے صوبے صباح میں واقع ہے۔ اس کی بلندی 4،095 میٹر (13،435 فٹ) ہے۔

جزیرے کا سب سے بڑا دریا دریائے کپواس ہے جو 1143 کلومیٹر لمبا ہے۔ اس کے علاوہ راجانگ، باریٹو اور محاکم نامی دریا بھی بہتے ہیں۔