افغان لڑکی (Afghan Girl) ایک تصویر ہے، اس تصویر کا شمار دنیا میں سب سے زیادہ پہچانی جانے والی تصاویر میں ہوتا ہے۔ یہ 6 جون، 1985ء کو نیشنل جیوگرافک میگزین کے سرورق پر شائع ہوئی تھی۔ یہ تصویر پشاور کے ناصر باغ مہاجر کیمپ میں 1984ء میں اسٹیو میک کری نے کھینچی تھی۔ سبز آنکھوں والی افغان لڑکی شربت گلہ کی تصویر عالمی جریدے کے سرورق پر شائع ہوئی جس نے اس وقت تہلکہ مچادیا ،اس لڑکی کو اس کی خوبصورت آنکھو ں کی وجہ سے مونالیزا قرار دیا گیا۔[1]

شربت گلہ

شربت گلُہ اس بات سے اس وقت تک ناواقف تھی جب 2002ء میں یعنی اس کی تصویر کے دنیا بھر میں دھوم مچانے کے سترہ سال بعد فوٹو گرافر سٹیو میککری نے اسے ڈھونڈ نکالا۔ فوٹو گرافر نے اس دوران پاکستان اور افغانستان کے کئی چکر لگائے، تلاش کرتے کرتے بالآخر شربت گلا کے بھائی اور شوہر سے رابطہ ہوا، شربت گلہ جو اب تین بیٹیوں کی ماں بن چکی تھی اور افغانستان کے دور دراز گاؤں میں رہتی ہے انٹرویو دینے کے لیے راضی ہو گئی اور نیشنل جیو گرافک کی یہ لڑکی جو دنیا کے سو بہترین چہروں میں سے ایک تھی پہلی بار تصویر کے خالق سے ملی۔

شربت گل کو اپنی تصویر لیے جانے کا واقعہ اچھی طرح یاد تھا کیونکہ اس سے پہلے اس کی کبھی کوئی تصویر بنائی گئی تھی اور اسے یہ بھی یاد تھا کہ اس نے جو لباس پہنا تھا وہ چولھا جلاتے ہوئے جگہ جگہ سے جھلس گیا تھا، شربت گلہ کے لیے یہ شہرت کوئی خاص اہمیت کی حامل نہ تھی تاہم شربت گلہ کے مطابق اسے اس بات پر فخر تھا کہ وہ اپنی قوم اور اپنے لوگوں کے لیے ہمت اور جدوجہد کی پروقار مثال بن کر دنیا کے سامنے آئی تھی۔[2][3]

مزید دیکھیے ترمیم

حوالہ جات ترمیم

  1. Wendy S. Hesford, Wendy Kozol، مدیران (2005)۔ Just Advocacy?: Women's Human Rights, Transnational Feminisms, and the Politics of Representation۔ Rutgers University Press۔ صفحہ: 1۔ ISBN 9780813535890 
  2. نیشنل جیو گرافک کی 128سالہ تاریخ میں افغان لڑکی شربت
  3. Ismail Khan (February 25, 2015)۔ "Pakistan issues CNIC to Nat Geo's famed 'Afghan Girl'"۔ DAWN۔ 24 دسمبر 2018 میں اصل سے آرکائیو شدہ۔ اخذ شدہ بتاریخ 07 ستمبر 2015