بالشیوک 1903ء میں دوسرے جماعتی اجلاس کے بعد علاحدہ ہونے والا مارکسی روسی سماجی جمہوری مزدور جماعت (RSDLP) کا ایک دھڑا تھا جو بالآخر سوویت اتحاد کی اشتمالی جماعت (کمیونسٹ پارٹی) بنا۔ بالشیوکوں نے 1917ء میں انقلاب روس کے مرحلے انقلاب اکتوبر کے دوران اقتدار حاصل کیا اور سوویت اتحاد تشکیل دیا۔ بالشیوک کے لغوی معنی "اکثریت" کے ہیں جبکہ ان کے مدمقابل دھڑا مینشیوک کا مطلب "اقلیت" ہے۔ ولادیمیر لینن کی بالشیوک جماعت ماہر انقلابیوں کی ایک تنظیم تھی جو ایک جمہوری اندرونی نظام مراتب رکھتی تھی اور خود کو روس کے انقلابی مزدور طبقے کا ہراول دستہ قرار دیتے تھے۔ ان کے افکار و اعمال کو بسا اوقات بالشیویت (بالشیوازم) کہا جاتا ہے۔ 1952ء میں جماعت کے 19 ویں اجلاس کے موقع پر جوزف استالین نے کہا کہ "اب کیونکہ کوئی مینشیوک نہیں ہے، اس لیے ہم خود کو بالشیوک کیوں کہلوائیں؟ ہم اکثریت نہیں ہیں بلکہ ایک مکمل جماعت ہیں۔ " اس رائے کے مطابق اشتمالی جماعت کا نام اشتمالی جماعتِ سوویت اتحاد (کمیونسٹ پارٹی آف سوویت یونین) رکھا گیا۔ اُس وقت سے بالشیوک کی اصطلاح متروک سمجھی جاتی ہے اور صرف قبل از انقلاب اور روسی خانہ جنگی کے ادوار کے متعلق استعمال کی جاتی ہے۔

بالشیوک جماعت کا اجلاس، لینن دائیں جانب