جھیل کیوو (انگریزی: Lake Kivu) افریقہ کی عظیم جھیلوں میں سے ایک ہے۔ یہ عوامی جمہوریہ کانگو اور روانڈا کی سرحد پر عظیم وادی شق کے مغربی حصے میں واقع ہے۔ جھیل کیوو دریائے روزیزی میں خالی ہوتی ہے جو جنوب کی جانب جھیل ٹانگانیکا میں گرتا ہے۔ 1994ء کے روانڈا قتل عام کے دوران لاکھوں مقتولین کی لاشیں اس جھیل میں بہائی گئیں، جس کی وجہ سے اسے عالمی شہرت ملی۔

جھیل کیوو کا خلا سے منظر
جھیل کیوو

جھیل 2700 مربع کلومیٹر کے سطحی رقبے پر پھیلی ہوئی ہے اور سطح سمندر سے 1460 میٹر کی بلندی پر واقع ہے۔ جھیل کی زیادہ سے زیادہ لمبائی 89 کلومیٹر اور چوڑائی 48 کلومیٹر ہے۔ اوسط گہرائی 240 میٹر اور زیادہ سے زیادہ گہرائی 480 میٹر ہے۔ جھیل ایک وادی شق پر واقع ہے جو متحرک ہے جس کی وجہ سے علاقے میں آتش فشانی سرگرمی ہوتی ہے۔ جھیل کے گرد پہاڑوں کا خوبصورت سلسلہ ہے جو اسے زبردست نظارہ دیتا ہے۔

اس جھیل پر پہنچنے والے پہلے یورپی باشندے جرمنی کے کاؤنٹ ایڈولف وان گوٹزن تھے، جو 1894ء میں یہاں آئے تھے۔

حال ہی میں جھیل کیوو میں 300 میٹر کی گہرائی پر 55 ارب مکب میٹر میتھین گیس دریافت ہوئی ہے۔ روانڈا کی حکومت نے کی ایک بین الاقوامی ادارے سے اس گیس کو نکالنے کے لیے 80 ملین ڈالر کا معاہدہ کیا ہے۔ یہ منصوبہ روانڈا میں بجلی کی پیداوار کو 20 گنا تک بڑھا سکتا ہے اور ملک کو اپنے پڑوسی افریقی ممالک کو بجلی فروخت کرنے کی سہولت دے گا۔

متعلقہ مضامین ترمیم