فقرالدم کا لفظ طب میں ایک ایسی حالت کے لیے مستعمل ہے جس میں جسم میں خون کی کمی واقع ہو جاتی ہے۔ بعض اوقات اس کے لیے قلتِ خون بھی استعمال کیا جاتا ہے بطور خاص اگر انتخاب اصطلاحات کا جھکاؤ عربی کی نسبت فارسی کی جانب ہو۔ اس کے نام میں موجود دونوں الفاظ کی وضاحت اور انگریزی متبادل یوں ہیں۔

  • فقر = کمی یا قلت
  • الدم = دم یعنی خون + سابقہ ال برائے اختصاص
  • انگریزی = Anemia (سابقہ -An برائے کمی یا قلت + emia برائے خون یا دم)

جب فقرالدم کا عارضہ لاحق ہوتا ہے تو ابتدائی علامت (symptom) جو ظاہر ہوتی ہے وہ عموما تھکاوٹ ہے اور اس کی وجہ یہ ہوتی ہے کہ خون کی کمی میں آکسیجن کو جسم میں فراہم کرنے والا نظام متاثر ہوجاتا ہے۔ طبی تعریف کے مطابق؛ فقرالدم کی کیفیت دراصل خون میں موجود سرخ خلیات یا ہموگلوبین کی مقدار معمول سے کم ہوجانے پر ظاہر ہوا کرتی ہے۔ اس مقدار کو، خون کے فی مکعب ملی میٹر یا 100 ملی لیٹر خون میں موجود سرخ خلیات کی ٹھسی ہوئی تعداد (packed red cells) سے ناپا جاتا ہے۔ خون کی یہ کمی اس وقت پیدا ہوتی ہے کہ جب خون بننے اور ختم ہونے کی مقدار میں توازن خراب ہوجائے۔

حوالہ جات ترمیم