قناعت کے معنی ہر ممکن پر راضی رہنا اور آمدنی کے برابر خرچ کرنا ہے کہ اگر صاحبِ دولت ہے تو اہل و عیال کے لباس و غذا میں وسعت پیدا کرے اور اسراف نہ کرے اور اگر غریب و نادار ہو تو مقدارِ ممکن پر قانع رہے اور مقدر پر راضی رہے۔ اپنا راز کسی سے بیان نہ کرے اور اپنے فقر کا اظہار نہ کرے کہ اس طرح لوگوں کی نگاہوں میں ذلیل ہو جائے گا۔ لوگ بندگانِ دنیا ہیں انھیں غربت کا حال معلوم ہو گا تو کبھی عزت نہیں کریں گے۔ قناعت اعلیٰ ترین انسانی صفات میں سے ہے۔ قناعت کرنے والا شخص اپنی خواہشات کو اپنی ضروریات اور حالات کے تابع کر دیتا ہے۔ وہ زیادہ کی دوڑ میں شامل ہونے کی بجائے صبر کے دامن میں پناہ لیتا ہے۔ وہ لوگوں سے مقابلہ کرنے کی بجائے اپنے آپ سے مقابلہ کرنا پسند کرتا ہے۔ بلاشبہ ایک قانع شخص بڑا ہی قابل تحسین ہوتا ہے۔ حدیث قدسی میں ارشاد ہوتا ہے ’’میری عزت و جلال کی قسم جو شخص میرے غیر سے لَو لگائے گا اس کی امیدیں منقطع کر دوںگا اور اسے ذلت کا لباس پہنا دوں گا۔ اور اپنے فضل و کرم سے دور رکھوں گا