لسانیات (Linguistics) ایک ایسا ضابطہ علم ہے جس میں انسانی زبانوں کا، زبانوں کی موجودہ صورت حال کا اور زبانوں میں وقت کے ساتھ ساتھ برپا ہونے والی تبدیلیوں کا مطالعہ کیا جاتا ہے۔ اس علم میں مختلف زبانوں کی آپس میں مشابہت کے بارے میں مطالعہ کے ساتھ ساتھ اس چیز کو بھی پرکھا جاتا ہے کہ انسانوں کی باہمی زبانوں کا، اس دنیا کی دیگر چیزوں کے ساتھ کیا تعلق ہے۔ گویا لسانیات دراصل وہ علم ہے جس میں صرف انسانی زبان پر بحث کی جاتی ہے اور اس کے علاوہ کسی دوسری نظام کا مطالعہ نہیں کیا جاتا۔لسانیات ایک ایسا لفظ ہے جس کی اکثر غلط تعریفیں ہوتی رہیں ہیں۔پہلی بار لفظ سن کر لوگ یہ نہیں کہتے کہ لسانیات کیا ہے۔بلکہ پوچھتے ہیں کہ لسانیات (Linguistics)کیا چیزیں ہیں۔گویا یہ لفظ بہت سی اشیا کے مجموعے کا نام ہے جس کا باآسانی جائزہ لینے کی خاطر یکجا کر دیا گیا ہے۔جیسے نمائش کی تصاویر وغیرہ۔لسانیات کی کئی اقسام ہیں مثلاً عمومی لسانیات، تاریخی لسانیات، تقابلی لسانیات، تشریحی لسانیات، اطلاقی لسانیات، توضیحی لسانیات۔

وجہ تسمیہ ترمیم

اردو میں اسم" لسان" کے ساتھ "یات" بطور لاحقۂ نسبت لگانے سے لسانیات کی اصطلاح بنتی ہی۔ یہ اصطلاح اردو میں بطور اسم استعمال ہوتی ہے اور علم اللسان یا علمِ زبان کے معنوں میں مستعمل ہے۔ گویا یہ علم زبان کی تاریخ اور تشکیل کو موضوع گفتگو بناتا ہے۔ بالفاظ دیگر لسانیات میں زبان کا عمومی اور نظریاتی مطالعہ کیا جاتا ہے جس کے ذریعے یہ معلوم ہوتا ہے کہ زبان کیا ہے، زبان کا نظام اور اس کے اجزائے ترکیبی (Components) کس طرح کام کرتے ہیں اوران کا باہمی ربط و عمل کیا ہے۔ اس نظریاتی مطالعے کا مقصد زبان کی مختلف سطحوں صوتیاتی، صرفی، نحوی اور معنیات کے بارے میں کُلّی (Universal) قواعد و اصول وضع کرنا ہے جن کا اطلاق دنیا کی زیادہ سی زیادہ زبانوں پر ہو سکے۔ جدید ماہرین لسانیات عہد حاضر کی لسانیاتی تحقیقات کی روشنی میں اب از سر نو زبان کی حقائق و معارف کی جستجو میں لگے ہوئے ہیں جس کی وجہ سی لسانیات کی وسعت اور مقبولیت میں بڑی تیزی سی ترقی ہو رہی ہے۔ ان تفصیلات سے اندازہ ہوتا ہے کہ سائنسی طریقی سے زبان کا مطالعہ لسانیات کہلاتا ہے۔ لسانیات کی خاص شاخیں مندرجۂ ذیل ہیں:

ہم زمانی لسانیات ترمیم

خالص لسانیات میں زبان کا مطالعہ خالص لسانیاتی نقطہ نظر سے کیا جاتا ہے۔ اس کی کئی سطحیں ہیں جو درج ذیل ہیں:

صوتیات ( فونیٹکس) ترمیم

صوتیات میں زبان میں آوازوں کی ادائیگی کا مطالعہ کیا جاتا ہے اور یہ دیکھا جاتا ہے کہ یہ آوازیں کیسے پیدا ہوتی ہیں اور ان کی درجہ بندی کس طرح کی جا سکتی ہے۔

صوتیہ شماری: ( فونالجی) ترمیم

صوتیہ شماری میں ان طریقوں کا مطالعہ کیا جاتا ہے جن سے کسی ایک زبان کی تخالفی اور امتیازی اصوات کی اکاییوں کو معلوم کیا جاتا ہے۔ صوتیہ سے امتیازی آوازوں کی وہ تعداد مراد ہے جو کسی بھی زبان میں محدود ہوتی ہے۔

صرف (مارفالوجی) ترمیم

صرف میں کسی زبان میں موجود چھوٹی چھوٹی صرفی اکائیوں کا مطالعہ ہوتا ہے۔ اصل میں یہ لفظ کی سطح تک زبان کا صرفی مطالعہ ہے۔

نحو: ( سنٹیکس) ترمیم

علم نحو کسی زبان کے جملوں کی ساخت اور جملوں میں لفظوں کی ترتیب کے قاعدوں کا مطالعہ ہے۔

علم المعانی: (سمینٹکس) ترمیم

علم المعانی میں ان طریقوں کا مطالعہ کیا جاتا ہے جن سے زبان میں معنی سمجھنا مقصود ہو۔

کتابیں ترمیم

Language Contact and Lexical Enrichment in Israeli Hebrew. Palgrave Macmillan. 2003. ISBN 978-1403917232 [1].

اس کے علاوہ بھی اس کے کئی حصے ہیں جن میں سے فونیات, فونیمیات, فونیم تقسیمات, مارفیمیات, مارفونیات, نحویات, معنیات, لغتیات وغیرہ قابلِ ذکر ہیں.