مسروق بن اجدعؒ تابعین میں سے ہیں۔

مسروق بن اجدع
(عربی میں: مسروق بن الأجدع ویکی ڈیٹا پر (P1559) کی خاصیت میں تبدیلی کریں
معلومات شخصیت
پیدائشی نام مسروق بن عبد الرحمن(یہ نام حضرت عمر فاروق رضی اللّٰہ عنہ نے الاجدع کی جگہ تبدیل فرمایا)
مقام پیدائش کوفہ  ویکی ڈیٹا پر (P19) کی خاصیت میں تبدیلی کریں
تاریخ وفات سنہ 682ء  ویکی ڈیٹا پر (P570) کی خاصیت میں تبدیلی کریں
کنیت ابو عائشة
عملی زندگی
نسب الوادعي الهمداني
استاد عبد اللہ بن مسعود  ویکی ڈیٹا پر (P1066) کی خاصیت میں تبدیلی کریں
نمایاں شاگرد ابراہیم بن یزید النخعی  ویکی ڈیٹا پر (P802) کی خاصیت میں تبدیلی کریں
پیشہ محدث،  فقیہ  ویکی ڈیٹا پر (P106) کی خاصیت میں تبدیلی کریں
شعبۂ عمل فقہ،  علم حدیث  ویکی ڈیٹا پر (P101) کی خاصیت میں تبدیلی کریں
عسکری خدمات
لڑائیاں اور جنگیں جنگ نہروان  ویکی ڈیٹا پر (P607) کی خاصیت میں تبدیلی کریں
آٹھ زاہد


نام ونسب ترمیم

مسروق نام، ابو عائشہ کنیت، ان کے والد کا خاندانی نام اجدع اوراسلامی نام عبد الرحمن تھا، و ہ یمن کے مشہور خاندان ہمدان کے سردار اورعرب کے نامور شہسوار معدیکر ب کے عزیز تھے، نسب نامہ یہ ہے مسروق بن اجدع، عبد الرحمن ابن مالک بن امیہ بن عبد اللہ ابن مربن سلیمان بن معمر بن حارث بن سعد بن عبد اللہ بن وداعہ بن عمرو بن عامر بن ناشج ہمدانی۔

اسلام ترمیم

مسروق نے جاہلیت اوراسلام دونوں کا زمانہ پایا، عہد رسالت میں موجودتھے، ان کے گھرانے کے اورافراد اسی عہد میں مسلمان ہو گئے تھے، خود ان کے عزیز عمرو بن معدیکرب نے مدینہ جاکر آنحضرت ﷺ کے دست حق پر ست پر اسلام قبول کیا تھا[1]لیکن مسروق اس عہد میں اس شرف سے محروم رہے، ان کے زمانہ اسلام کا صریح تذکرہ نہیں ملتا، بعض روایات سے معلوم ہوتا ہے کہ وہ عہد صدیقی میں مسلمان ہو چکے تھے، ابن سعد میں خود ان کی زبانی یہ روایت ملتی ہے کہ میں نے ابوبکر صدیقؓ کے پیچھے نماز پڑھی۔ [2]

عہد فاروقی ترمیم

عہد فاروقی میں مسروق نمایاں نظر آتے ہیں، فاروقی عہد میں ایک مرتبہ وہ یمن کے وفد میں مدینہ آئے، حضرت عمرؓ نے ان سے نام ونشان پوچھا، انھوں نے بتایا مسروق ابن اجدع، حضرت عمرؓ نے فرمایا اجدع شیطان ہے، تم مسروق بن عبد الرحمن ہو، اس وقت سے ان کے والد کا نام بدل گیا، ایک روایت یہ ہے کہ حضرت عمرؓ نے ان سے نہیں ؛بلکہ ان کے والد ہی سے نام پوچھ کر اجدع کی بجائے عبد الرحمن نام تجویز کیا تھا، [3] بہرحال ان دونوں روایتوں سے یہ معلوم ہوتا ہے کہ عہد فاروقی میں باپ بیٹے دونوں مدینہ آئے تھے۔

مسروق یمن کے نامور شہسواروں میں تھے، عہد فاروقی میں اپنے تین بھائی عبد اللہ ابوبکر اورمنتشر کے ساتھ قادسیہ کے مشہور معرکہ میں شریک ہوئے، تینوں بھائی شہید ہوئے مسروق کا لڑتے لڑتے ہاتھ شل ہو گیا اورسر میں گہرا زخم آیا، جس کا نشان ہمیشہ باقی رہا اس نشان کو وہ بہت محبوب رکھتے تھے کہ شجاعت وجانبازی کی سند تھااور اس کا مٹ جانا ناپسند کرتے تھے۔[4]

حضرت عثمان کی حمایت ترمیم

لیکن ان کی یہ شجاعت وشہامت اسلام کی خدمت کے لیے اورغیروں کے مقابلہ میں تھی، مسلمانوں کی خانہ جنگی میں ان کی تلوار نیام میں رہی، عثمانی عہد کے ہنگاموں میں انھوں نے کسی جانب سے حصہ نہیں لیا، لیکن بحیثیت خیر خواہِ اسلام کے وہ اپنے شہر(کوفہ) والوں کو اہل مدینہ کی اعانت اورحمایت پر آمادہ کرتے تھے۔ [5]

حضرت عثمان کی شہادت کے بعد جب جنگ جمل کی تیاریاں شروع ہوئیں اورحضرت علیؓ نے حضرت حسنؓ اورعمار بن یاسرؓ کو حصولِ مدد کے لیے کوفہ بھیجا تو سب سے پہلے مسروق ان سے ملے اورعمار بن یاسرؓ سے پوچھا ابوالیقظان تم لوگوں نے عثمان کو کس بات پر شہید کر دیا انھوں نے جواب دیا اپنی آبروریزی اورمار پر، مسروق نے کہا خدا کی قسم تم لوگوں نے جتنی سزا پائی تھی اس سے زیادہ انتقام لیا، اگر تم لوگوں نے صبر کیا ہوتا تو وہ صبر کرنے والوں کے لیے بہتر تھا۔ [6]

خانہ جنگی سے احتراز ترمیم

جنگ جمل سے خانہ جنگی کا جو سلسلہ شروع ہوا تھا وہ جنگ صفین تک جاری رہا، مسروق نے ان میں سے کسی میں حصہ نہیں لیا کوفہ حضرت علیؓ کے حامیوں کا سب سے بڑا مرکز تھا، یہاں رہ کر مسروق کے لیے بچنا مشکل تھا، اس لیے وہ اپنے کو بچانے کے لیے کوفہ چھوڑ کر قزدین چلے گئے تھے۔ [7]

شعبی کابیان ہے کہ مسروق کسی جنگ میں بھی حضرت علیؓ کے ساتھ نہ تھے جب ان سے پوچھا جاتا کہ تم نے علیؓ کا ساتھ کیوں نہیں دیا، تو کہتے تم لوگوں کو خدا کا واسطہ دلا کر پوچھتا ہوں کہ فرض کرو کہ جب ہم لوگ ایک دوسرے کے مقابلہ میں صف آرا ہوں اور فریقین اسلحہ نکال کر ایک دوسرے کو قتل کر رہے ہوں، اس وقت تمھاری آنکھوں کے سامنے آسمان میں کوئی دروازہ کھل جائے اوراس سے فرشتے اتر کر دونوں صفوں کے درمیان میں آکر کہیں: يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا لَا تَأْكُلُوا أَمْوَالَكُمْ بَيْنَكُمْ بِالْبَاطِلِ إِلَّا أَنْ تَكُونَ تِجَارَةً عَنْ تَرَاضٍ مِنْكُمْ وَلَا تَقْتُلُوا أَنْفُسَكُمْ إِنَّ اللَّهَ كَانَ بِكُمْ رَحِيمًا[8]

اے وہ لوگ جو ایمان لائے ہو تم ایک دوسرے کا مال باطل طریقہ پر نہ کھاؤ، مگر یہ کہ تمھاری رضامندی سے تجارت سے حاصل ہو اوراپنے نفسوں کو ہلاک نہ کرو اللہ تمھارے حال پر رحیم ہے۔ توان کا یہ کہنا فریقین کے لیے جنگ سے مانع ہوگا یا نہیں، لوگ جواب دیتے ضرور ہوگا، اس وقت مسروق کہتے، خدا کی قسم تم کو معلوم ہونا چاہیے کہ خدا آسمان کا دروازہ کھول چکا ہے اور اس کے راستہ سے ایک فرشتہ اتر کر تمھارے نبی ﷺ کی زبان سے یہ حکم سنا چکا ہے جو صحائف میں موجود ہے اوراس کو کسی شے نے منسوخ نہیں کیا۔[9]

ایک دوسری روایت میں عامر بیان کرتے ہیں کہ مسروق نے مجھ سے کہا کہ جب مومنین کی دو جماعتیں آپس میں لڑنے کے لیے صف بستہ ہوں اور اس وقت آسمان سے کوئی فرشتہ نمودار ہوکر ندا دے کہ: يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا لَا تَأْكُلُوا أَمْوَالَكُمْ بَيْنَكُمْ بِالْبَاطِلِ اے ایمان والو ایک دوسرے کا مال باطل طریقہ سے نہ کھاؤ۔ تو تمھارا کیا خیال ہے کیا لوگ جنگ کریں گے یارُک جائیں گے میں نے کہا اگر وہ بے حس اورجامدپتھر نہیں ہیں تو ضروررک جائیں گے، یہ جواب سُن کر انھوں نے کہا تو خدا کا ایک سماوی صفی اس حکم کے ساتھ ایک ارضی صفی پر نازل ہو چکا ہے، لیکن اس کے باوجود لوگ نہ رُکے، حالانکہ ایمان بالغیب عینی مشاہدہ کے بعد کے ایمان سے بہتر ہے، ایک روایت سے یہ بھی معلوم ہوتا ہے کہ وہ نہ صرف خو کنارہ کش رہے ؛بلکہ عام مسلمانوں کو روکنے کے لیے صفین کے میدان تک گئے اور دونوں صفوں کے درمیان میں کھڑے ہوکر یہ وعظ سنا کرلوگوں کو جنگ سے روکتے [10] لیکن صحیح روایت یہ ہے کہ وہ خود نہیں شریک ہوئے اور کسی حیثیت سے بھی صفین میں نہیں گئے۔

قضات ترمیم

اموی دور میں کچھ دنوں قاضی رہے۔ [11]

وفات ترمیم

63ھ کے وسط میں مرض الموت میں مبتلا ہوئے، زند گی ہمیشہ سے متوکلانہ تھی، دولت دنیا سے کبھی دامن آلود نہ ہوا تھا، قضاءت کے زمانہ میں بھی کوئی معاوضہ نہ لیتے تھے [12] اس لیے کفن تک کی کوڑی نہ تھی۔ شعبی کا بیان ہے کہ مسروق نے مرتے وقت کفن تک کی قیمت نہ چھوڑی اوراس کے لیے قرض کی وصیت کی، مگر یہ ہدایت کردی کہ زراعت پیشہ اورچرواہے سے نہ لیا جائے؛بلکہ مویشی رکھنے والے یا تجارت پیشہ سے لیا جائے، دمِ آخر بارگاہِ ایزدی میں عرض کیا، خدایا میں رسول اللہ ﷺ اورابوبکرؓ وعمرؓ کی سنت کے خلاف طریقہ پر نہیں مررہا ہوں، خدا کی قسم میں نے اپنی تلوار کے علاوہ کسی انسان کے پاس کوئی سونا اورچاندی نہیں چھوڑا ہے، اسی کے ذریعہ مجھے کفنانا، غالباً اس سے تلوارکو بیچ کر روپیہ حاصل کرنے کی طرف اشارہ تھا۔

ان وصایا کے بعد سلسلہ وسط میں وفات پائی اوریہیں سپرد خاک کیے گئے، ان کی وفات کے بعد بھی ان کا روحانی فیض جاری رہا، خشک سالی کے مواقع پر خلق اللہ ان کے مزار پُر انوار پر جمع ہوکر پانی کے لیے دعا کرتی تھی اوراس کی برکت سے پانی برستا تھا۔

فضل وکمال ترمیم

علمی اعتبار سے علمائے تابعین میں تھے، انھیں آغاز عمر ہی سے طلب علم کا ذوق تھا، شعبی کا بیان ہے کہ ان سے زیادہ علم کا طلب کرنے والا کوئی نہ تھا، خوش قسمتی سے انھیں عائشہ صدیقہؓ جیسی شفیق اورفاضلہ ماں مل گئی تھیں جو انھیں لڑکے کی جگہ سمجھتی تھیں، مسروق کے ساتھ ان کو مادرا نہ محبت تھی، بعض روایتوں سے معلوم ہوتا ہے کہ انھوں نے ان کو متبنی بنالیا تھا [13]مگر یہ صحیح نہیں ہے، اس میں شبہ نہیں ہے کہ مسروق پر وہ غیر معمولی شفقت فرماتی تھیں اورانہیں بیٹا کہہ کر پکارتی تھیں، جب وہ ان کی خدمت میں حاضر ہوتے تھے تو شہد سے ان کی تواضع کرتی تھیں، ایک مرتبہ مسروق چند آدمیوں کے ساتھ حضرت عائشہؓ کی خدمت میں حاضر ہوئے، انھوں نے حکم دیا کہ میرے لڑکے کے لیے شہد گھولو، حضرت عائشہ کے بعد مسروق نے ابن مسعودؓ کے خرمنِ کمال سے خصوصیت کے ساتھ خوشہ چینی کی تھی اور ان کے نہایت ممتاز اصحاب میں تھے، ابن مدائنی کا بیان ہے کہ میں عبد اللہ ابن مسعود کے اصحاب میں مسروق پر کسی کو ترجیح نہیں دیتا۔[14] مسروق کے ذاتی شوق وجستجو اوران دونوں بزرگوں کے فیض صحبت نے مسروق کو علما اعلام میں بنادیا، حافظ ذہبی ان کو فقیہ اورعلمائے اعلام میں لکھتے ہیں [15]علامہ نووی لکھتے ہیں کہ ان کی جلالت، توثیق، فضیلت اورامامت پر سب کا اتفاق ہے [16]مرہ کہا کرتے تھے کہ کوئی ہمدانی عورت مسروق جیسا فرزند پیدا نہ کرسکی۔[17]

حدیث وسنت ترمیم

حدیث وسنت میں مسروق کا علم خاصہ وسیع تھا، علامہ ابن سعد لکھتے ہیں کانت لہ احادیث صالحۃ اس فن میں انھوں نے حضرت عائشہ اور ابن مسعودؓ کے علاوہ حضرت ابوبکرؓ، عمرؓ، عثمانؓ، علیؓ، معاذ بن جبلؓ، ابی بن کعبؓ، زید بن ثابتؓ، خباب بن ارتؓ، عبد اللہ بن عمرؓ، ابن عمروبن العاصؓ، مغیرہ بن شعبہؓ وغیرہ جیسے اکابر صحابہ سے فیض پایا تھا، حدیث کے ساتھ وہ سنت کی تعلیم بھی دیتے تھے۔[18]

فقہ وفتاویٰ ترمیم

مسروق کا خاص فن تھا، اس میں وہ امامت واجتہاد کا درجہ رکھتے تھے وہ عبد اللہ بن مسعودؓ کے ان اصحاب میں تھے جن کا شغل ہی درس وافتا تھا[19] افتا میں قاضی شریح ان سے مشورہ لیا کرتے تھے، شعبی کا بیان ہے کہ مسروق افتا میں شریح سے فائق تھے وہ ان سے مشورہ لیا کرتے تھے [20]اور خود مسروق ان کے مشورہ سے بالکل بے نیاز تھے۔[21]

قضاءت ترمیم

اس فقہی کمال کی بنا پر انھیں قضاءت میں خاص ملکہ تھا اوریہ مشغلہ ان کے پسند خاطر بھی تھا، قاضی شریح کا فیصلوں میں ان سے مشورہ لینا اس کی سب سے بڑی سند ہے اوپر گزرچکا ہے وہ اموی دور میں کچھ دنوں قاضی بھی رہے انھیں قضاء سے اس قدر ذوق تھا کہ کہا کرتے تھے کہ مجھے کسی قضیہ میں صحیح اور حق کے موافق فیصلہ کرنا ایک سال کے جہاد فی سبیل اللہ سے زیادہ پسند ہے۔[22]

فضائل اخلاق ترمیم

علم کے ساتھ مسروق عمل اورفضائل اخلاق کے زیور سے بھی آراستہ تھے۔

خشیت الہیٰ ترمیم

تمام محاسن اخلاق کا سرچشمہ خشیت الہی ہے مسروق اہل علم خوفِ خدا کو سمجھتے تھے اوراس کے مقابلہ میں غرور عمل کو جہل تصور کرتے تھے؛چنانچہ فرماتے تھے کہ انسان کے لیے یہ علم کافی ہے کہ وہ خدا سے ڈرتا رہے اورجہل یہ ہے کہ اپنے علم پر غرور کرے۔[23]

عبادت وریاضت ترمیم

عابد مرتاض تھے، بڑی ریاضت کرتے تھے، نمازوں کی کثرت سے دونوں پاؤں ورم کرآتے تھے، خاص خاص زمانوں میں ان کی عبادت اورزیادہ بڑھ جاتی تھی، طاعون کی وباء کے زمانے میں وہ عبادت کے لیے گوشہ تنہائی اختیار کرلیتے تھے، بعض لوگوں کو یہ شبہ ہوتا تھا کہ طاعون کی وجہ سے ہٹ گئے ہیں؛حالانکہ اس کی غرض محض عبادت ہوتی تھی، انس ابن سیرین کا بیان ہے کہ ہم لوگوں کو معلوم ہوا کہ مسروق طاعون سے بھاگتے تھے، لیکن محمد کو اس کا یقین نہ آیا، انھوں نے کہا ان کی بیوی سے چل کر پوچھنا چاہیے؛چنانچہ ہم لوگوں نے جاکر ان سے پوچھا، انھوں نے کہا خدا کی قسم ایسا نہیں ہے، وہ کبھی بھی طاعون سے نہیں بھاگتے تھے؛البتہ جس زمانہ میں طاعون کی وبا پھیلتی تو وہ کہتے کہ یہ شغل و ذکر کے ایام ہیں میں چاہتا ہوں کہ تنہائی میں عبادت کروں ؛چنانچہ وہ عبادت کرنے کے لیے گوشۂ خلوت اختیار کرلیتے تھے اوراپنے نفس کے اوپر ایسی سختیاں کرتے تھے کہ بسا اوقات میں ان کی حالت دیکھ کر ان کے پیچھے بیٹھ کر روتی تھی [24] حج کے زمانہ میں جب تک مکہ میں رہتے اس وقت سجدہ ہی میں سوتے رہتے۔ [25]

توبہ واستغفار ترمیم

وہ اپنے نفس کا محاسبہ اورگناہوں کو یاد کرکے ان کے لیے استغفار کرنا ضروری سمجھتے تھے؛چنانچہ فرماتے تھے کہ انسان کے لیے ایسی مجالس ہونی چاہیے جن میں بیٹھ کر و ہ اپنے گناہوں کو یاد کرکے خدا سے استغفار کرتے۔ [26]

دنیا کی حقیقت ترمیم

ان کی نگاہ میں دنیا کی کوئی حقیقت نہ تھی، وہ اس کو ایک مزبلہ سے زیادہ وقعت نہ دیتے تھے، ایک مرتبہ اپنے بھتیجے کا ہاتھ پکڑ کر ایک مزبلہ لے گئے اور فرمایا میں تم کو دنیا دکھاؤں، دیکھو یہ دنیا ہے کہ اس کو کھاکر دفنادیا، پہن کر پرانا اور بوسیدہ کر دیا، سوار ہوکر لاغر کر دیا، اس کے لیے خون بہایا، محارم اللہ کو حلال اور رحم کو قطع کیا۔[27]

دنیاسے بے تعلقی ترمیم

اس لیے دنیا کی جانب ان کا دل کبھی مائل نہ ہوا اورکسی دنیاوی شے میں ان کے لیے کوئی کشش نہ تھی، حضرت سعید بن جبیرؓ ان کے ہم مذاق وہم مشرب تھے ان میں اور مسروق میں راز ونیاز کی باتیں ہوا کرتی تھیں، ابن جبیر کا بیان ہے کہ مسروق نے ایک مربتہ مجھ سے کہا، سعید ابن جبیر کوئی ایسی شے نہیں جس کی جانب میلان خاطر باقی ہو بجز اس کے کہ اپنے چہروں کو اسی مٹی میں آلودہ کریں۔[28]

دولتِ دنیا سے بے نیازی ترمیم

اس دل شکستگی کی وجہ سے وہ دولتِ دنیا سے ہمیشہ بے نیا ز رہے لوگ ان کی خدمت کرنا چاہتے تھے، لیکن وہ قبول نہ کرتے تھے، ایک مرتبہ خالد بن اسید نے ان کے پاس تیس ہزار کی رقم بھیجی، انھوں نے اس کے قبول کرنے سے انکار کر دیا، ان کے اعزہ نے بہت سمجھا یا کہ لے لیجئے اس صدقہ کیجئے گا، عزیزوں کے ساتھ سلوک کیجئے گا اور اس قبیل کے دوسرے کاموں میں لائیے گا مگر انھوں نے کسی طرح قبول نہ کیا۔ [29]

توکل وقناعت ترمیم

اس بے نیازی کی وجہ سے کبھی کبھی فاقہ کی نبوت آجاتی تھی، لیکن توکل کا دامن ہاتھ سے نہ چھوٹتا تھا، ایک مرتبہ گھر میں کھانے کے لیے کچھ نہ تھا، بیوی نے کہا عائشہ کے باپ آج تمھارے بال بچوں کے کھانے کو کچھ نہیں ہے، یہ سن کر مسروق مسکرائے اورکہا خدا کی قسم وہ ضرور ان کے لیے رزق کا انتظام کرے گا۔ [30]

انفاق فی سبیل اللہ ترمیم

اس قناعت اورتوکل کے باوجود بڑے فیاض اورسیر چشم تھے، جب انھیں کوئی رقم ہاتھ آجاتی تھی تو اس کو خدا کی راہ میں صرف کردیتے تھے، اپنی لڑکی کی شادی سائب بن اقرع کے ساتھ کی اوران سے مہر کے علاوہ دس ہزار اپنے لیے حاصل کیے یہ کل رقم مجاہدین فی سبیل اللہ مساکین اور مکاتب غلاموں کی آزادی کے لیے مخصوص کردی تھی۔ [31]

احتیاط ترمیم

اتنے محتاط تھے کہ ادنٰی ادنٰی باتوں میں احتیاط ملحوظ رکھتے تھے، جب کشتی پر سوار ہونے لگتے تو طہارت کے خیال سے ایک اینٹ ساتھ لے لیتے، جس پر سجدہ کرتے، جس کا کوئی کام ان سے نکلتا تھا، اس سے ہدیہ تک قبول نہ کرتے تھے، ایک مرتبہ کسی معاملہ میں ایک شخص کی سفارش کی، ا س نے شکر یہ میں ایک لونڈی لاکر پیش کی، یہ اسے دیکھ کر سخت برہم ہوئے اورکہا اگر مجھے پہلے تمھارے اس خیال کا علم ہوتا تو میں کبھی تمھاری سفارش نہ کرتا، جتنی سفارش کرچکا وہ کرچکا، اب جتنی ضرورت اورباقی رہ گئی ہے، اس کے بارے میں میں کچھ نہ کہوں گا، میں نے عبد اللہ بن مسعودؓ سے سنا ہے کہ جو شخص کسی کا حق دلانے یا ظلم کے انسداد کے لیے کسی کی سفارش کرے اور اس کے معاوضہ میں اس کو ہدیہ دیا جائے اور سفارش کرنے والا قبول کرلے تو وہ ہدیہ اس پر حرام ہے۔

حوالہ جات ترمیم

  1. (ابن سعد، ج 5،ص 384)
  2. (ابن سعد ایضاً)
  3. (ابن سعد ایضاً:50)
  4. (ابن اثیر:3/185)
  5. (ابن اثیر:3/185 ایضاً)
  6. (ایضاً:3/230)
  7. (ایضاً:3/230)
  8. (النساء:29)
  9. (ابن سعد:6/51،52)
  10. (ابن سعد، ج 6،5152)
  11. (ابن سعد ایضاً:55)
  12. (ابن سعد ایضاً)
  13. (تذکرۃ الحفاظ:1/42)
  14. (تذکرۃ الحفاظ:1/42)
  15. (ابن سعد:6/52)
  16. (تذکرۃ الحفاظ:1/42)
  17. (ایضاً)
  18. (تہذیب التہذیب:10/11)
  19. (ایضاً:111)
  20. (ابن سعد، ج6ص55)
  21. (ابن سعد:6/55)
  22. (ابن سعد:6/55)
  23. (ابن سعد ایضاً:54)
  24. (ابن سعد:6/54)
  25. (تذکرۃ الحفاظ:1/43)
  26. (تذکرۃ الحفاظ:1/43)
  27. (ایضاً:55)
  28. (ابن سعد:6/126)
  29. (ابن سعد ایضاً:53)
  30. (ابن سعد ایضاً)
  31. (ایضاً:53)