نند داس (1533ء – 1583ء) پشٹی مارگ کے اشٹ چھاپ بھکتی کویوں (شعرا) میں سے ایک ہیں۔ یہ سورداس کے بعد دوسرے بڑے کوی/شاعر ہیں۔ (گوسوامی وٹھل ناتھ نے شری ناتھ جی (اوتارِ کرشن) کی اشٹیام سیوا پوجا کے لیے ان کی لیلا کے جذبہ کے مطابق وقت اور موسموں کے خاص راگوں کے ذریعے کیرتن کرنے کا اہتمام کیا تھا۔ اس کام کے لیے انھوں نے آٹھ کویوں کی ایک بھکتی منڈلی بنائی تھی۔ جو راگ راگنیوں کو دھیان میں رکھ کر کیرتن کرنے میں ماہر تھے۔ انھیں کواشٹ چھاپ کوی کہا جاتا ہے۔) تذکرہ "دو سو باون ویسنون کی وارتا" اور "اشٹ سکھان کی وارتا" کے مطابق درویشی اختیار کرنے سے پہلے نند داس ایک بھر پور دنیاوی مزاج شخص تھے۔

سوانح ترمیم

وہ تلسی داس کے چچیرے بھائی تھے۔ 1533ء میں اترپردیش کے علاقہ سوروں ضلع ایٹہ کے رامپور گاؤں میں پیدا ہوئے۔ سناڈھیہ برہمن تھے۔ والد کا نام جیون رام تھا۔ نر سنگھ پنڈت سے سنسکرت کی تعلیم حاصل کی۔ تلسی داس کے ساتھ کاشی جا کر شاستروں کے مطالعہ کا آغاز کیا۔ ایک خوبصورت عورت کی محبت میں گرفتار ہو گوکل پہنچے اور یہیں گوسوامی وٹھل ناتھ سے ملاقات کے بعد پشٹی مارگی بن گئے اور درویشی اختیار کر لی۔ روایت ہے کہ سورداس کے کہنے پر گاؤں رامپور لوٹ کر کملا نام کی لڑکی سے شادی کر لی تھی۔ زندگی کے آخر ایام میں وہ گووردھن لوٹ گئے تھے۔

نند داس بڑے ذہین شاعر تھے۔ انوں نے باقاعدہ شاستروں کا مطالعہ کیا تھا۔ "راس پنچا دھیائی" میں عشق مجازی اور عشق حقیقی کو ہم آہنگ کر کے پیش کیا گیا ہے۔ موضوع، زبان و اسلوب، تخیل، شعری حسن اور اصلی جذبات کے لحاظ سے یہ نند داس کی سب سے بہترین تصنیف ہے۔ "بھنور گیت" نند داس کی علمیت، روشن ضمیری اور منطقی اسلوب کو ثابت کرنے والی کرشن بھگتی کاویہ ہے۔ "سدھانت پنچا دھیائی" میں کرشن لیلا کو قلم بند کیا گیا ہے۔ "نند داس پداولی" شاعری کے معیار سے متعلق ہے۔ "انیکارتھ منجری" ایک طرح کی ڈکشنری ہے۔ "سداما چرت" کی کہانی بھگود گیتا سے ماخوذ ہے۔ اس میں کرشن بھگتی کے وسیلے سے دوسری کے جذبہ پر روشنی ڈالی گئی ہے۔

نند داس کو جڑیا کا خطاب دیا گیا ہے۔ ان کی تصانیف کی زبان صاف ستھری ہے۔ انلیں خواب صورت اور مانوس الفاظ، ضرب المثل اور محاوروں کے انتخاب پر بڑی دسترس حاصل تھی۔ لفظوں کے انتخاب میں وہ لَے اور سُر کا بھی خیال رکھتے تھے اس لیے ان کی تخلیقات میں روانی اور حسن پیدا ہو گیا ہے۔

تخلیقات ترمیم

  • انیکارتھ منجری
  • مان منجری
  • رس منجری
  • روپ منجری
  • ورہ منجری
  • پریم بارہ کھڑی
  • شیام سگائی
  • سُداما چرت
  • رکمنی منگل
  • بھنور گیت
  • راس پنچا دھیائی
  • سدھانت پنچا دھیائی
  • دشم اسکندھ بھاشا
  • گووردھن لیلا
  • نند داس پداولی

حوالہ جات ترمیم