وقارؔ خلیل مرحوم ایک ممتاز شاعر سید شاہ محمد خلیل الرحمن حسینی کوہ سوار المعروف وقارؔ خلیل صاحب 29 اگست 1930ء کو اردوئے قدیم یعنی دکھنی زبان کے معروف صوفی سخنور حضرت محمود بحری صاحب ’’من لگن‘‘ کے جائے مدفن گوگی شریف تعلقہ شاہ پور ضلع گلبرگہ حال علاقہ کرناٹک میں پیدا ہوئے۔ آبا و اجداد گوگی شریف سے چار میل پر عادل شاہی سلاطین کے شہر شاہ پور ضلع گلبرگہ میں زبان، ادب، تعلیم اور تصوف کی خدمت کے منصب پرفائز رہے۔ جد اعلی حضرت سید شاہ محمد اکبر حسینی کو عہد عالمگیر میں’’کوہ سوار‘‘ کا لقب عطا ہوا اور انھیں اعزاز و انعامات سے نوازا گیا۔ حضرت سید شاہ محمد ؐ چندا حسینیؒ نامی کوہ سوار نظامی نے زندگی کے پانچ دہے درس و تدریس میں گزارے بہ حیثیت استاد اردو انھوں نے ہزاروں طالب علموں کو زیور تعلیم سے آراستہ کیا۔ وہ علامہ اقبالؔ کے عہد کے نامور سخنور اور صاحب طرز ادیب تھے۔ حضرت وقارؔ خلیل کی ابتدائی تعلیم و تربیت والدین اور اسلاف کی صاف ستھری زندگی کے تناظر میں ہوئی۔ انہو ں نے میٹرک کامیاب ہونیکے بعد منشی اور 1947ء میں ویسٹرن یونیورسٹی جالندھر سے منشی فاضل کی ڈگری حاصل کی۔ ان کو سقوطِ حیدرآباد سے دو چار سال قبل حیدرآباد کو اپنا وطن ثانی بنانا پڑا۔ حیدرآباد میں اُن دنوں روزنامہ ’’میزان‘‘ کا بڑا شہرہ تھا۔ اسی روزنامہ سے الحاج وقارؔ خلیل کے صحافتی دور کا آغاز ہوتا ہے۔ روزنامہ ’’میزان‘‘ کو حبیب ا للہ اوج صاحب نے 1943ء میں جاری کیا تھا۔ روزنامہ ’’میزان‘‘ نے اپنے دور میں کافی مقبولیت حاصل کی تھی جس کا اہم سبب یہ ہے کہ یہ اخبار سہ لسانی تھا یعنی بیک وقت انگریزی‘ اردو اور تلگو زبان میں شائع ہوتا رہا۔ ہر اشاعت میں وقارؔ صاحب بچوں کے ذوق و شوق اور ان کی ذہنی تربیت کے لیے کہانیاں ‘ نظمیں ‘پہیلیاں اور گیت وغیرہ لکھتے رہے۔ شری خوش حال چندجی نے 1923 ء میں روزنامہ ’’ملاپ‘‘ کی بنیاد ڈالی اس کے بعد اس اخبار کے مدیر شری یدھ ویر جی اور چیف ایڈیٹر رنبیر جی مقرر ہوئے۔ حیدرآباد کا روزنامہ ’’ملاپ‘‘ ادبی اہمیت کا حامل تھا۔ اس زمانے میں روزنامہ ’’ملاپ‘‘بچوں کے صفحہ کے لیے بھی کافی مشہور رہا۔ اس صفحہ کو ابتدا میں جناب علاء الدین حبیب ترتیب دیتے تھے۔ بعد میں صفحہ باقاعدہ طور پر وقارؔ صاحب کے حوالے کر دیا گیا۔ وقارؔ صاحب اداریہ ’’دادا لکھتا ہے‘‘ کو پُر لطف و دلچسپ انداز میں پیش کرتے تھے۔ اس زمانے میں وقارؔ خلیل صاحب ’’بال سبھا‘‘ کے نام سے اس صفحے کو ترتیب دیا کرتے تھے۔ پھر اس کے بعد وقارؔ خلیل نے بچوں کے لیے ماہنامہ ’’انعام‘‘ حیدرآباد سے 1957 ء میں اپنی ادارت میں جاری کیا۔ اس رسالے نے قلیل عرصے میں حیدرآباد میں بچوں کا ادب تخلیق کرنے والوں کی گراں قدر خدمات سے متعارف کروایا-

حیدرآباد کے علمی، ادبی صحافتی اور شعر و ادب کے سازگار ماحول نے وقار خلیل صاحب کے قلم کو جلا بخشی اور انھیں زندگی جینے کا حوصلہ بخشا۔ ترقی پسند تحریکوں کے ہم قدم رہ کر ادب، زندگی ماحول اور معاشرہ سے جو کچھ انھوں نے حاصل کیا اسے اپنے تین شعری مجموعوں ’’شاعری‘‘ ’’سخن‘‘ اور ’’ورثہ‘‘ کے اوراق پر بکھیر دیا جو اُن کی متاع حیات ہے۔ حضرت وقارؔ خلیل اردو کے بہت بڑے معمار ڈاکٹر سید محی الدین قادری زور کی دریافت اور ان کے تربیت یافتہ تھے اور ان ہی کی خواہش پر وہ 1956ء سے 1998ء تک ڈاکٹر زورؔ کے ادارہ ادبیات اردو اور ’’ایوان اردو‘‘ سے وابستہ رہے۔ وہ ابتدا میں ماہنامہ ’’سب رس‘‘ کے مدیر اور آخر وقت تک اردو کے شعبہ امتحانات کے انچارج رہے۔

اس کے بعد اورکسی تعارف کی ضرورت نہیں وہ ہند و پاک کے ادبی و شعری حلقوں میں خاصے جانے پہچانے شاعر ہیں ان کی نظموں اور غزلوں میں عصری احساس اور انسانی جدبات کی فراوانی ہے۔ ‘‘پروفیسر قدیر امتیاز اپنے مضمون ’’تاریخی و تہدیبی ورثے کا شاعر و قارؔ خلیل‘‘ میں یوں رقمطراز ہیں ۔’’ویسے ان کی غزلوں پر نظمیں بھاری ہیں میں انھیں نظم کا شاعر سمجھتا ہوں۔ نظم ہی ان کی شاعری کی پہچان بن سکتی ہے۔ انھوں نے اقبالؔ سے تراکیب و شعری وقار غالبؔ ؔ ؔ ؔ سے لہجہ ‘مخدوم سے انقلابیت اور فیضؔ سے رومانیت لی ہے اور ان سب کو شعر کی مٹی میں گوندنے سے ان کی شاعری کا خمیر بنا ہے‘‘ دنیائے ادب میں تحقیق کا میدان کافی وسیع ہے اس میدان میں کئی مشہور و معروف محققین اپنے کارنامے انجام دے رہے ہیں اسی طرح وقارؔ خلیل صاحب نے بھی تحقیقی میدان میں قدم رکھ کر اپنے قلم کا لوہا منوایا۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ ریاست کرناٹک کے گلبرگہ یونیورسٹی سے مس حور النساء نے 1992 ء میں ان کی حیات اور ادبی خدمات پر ایم فل کا مقالہ لکھ کر ڈگری حاصل کی۔ حضرت وقارؔ کی شاعری اس لحاظ سے بھی قابل قدر ہے کہ اس میں اخلاقی قدروں کا گہرا شعور ملتا ہے۔ غزلیات کا تجزیہ کیا جائے تو یہ حقیقت بھی سامنے آتی ہے کہ ان کے خیالات میں کتنی پاکیزگی ہے۔ ان کی غزل میں کلاسیکی انداز سے انحراف نہ کرتے ہوئے جدید انداز کو قائم و باقی رکھا گیا ہے-

’’وقارؔ خلیل ہندوستان کی آزادی کے وقت 18 سال کے تھے۔ اس لیے ان کا ترقی پسند ادیبوں اور فنکاروں سے متاثر ہونا فطری ہے۔ بلکہ یہ اثر اتنا گہرا ہے کہ اُن کے فن اور فن پاروں میں اسی کی گونج سنائی دیتی ہے۔ یعنی مقصدیت پر زیادہ زور ‘ گو انہو ں نے بہت اچھی غزلیں ‘ حمد‘ نعتیں اور نظمیں بھی لکھی ہیں مگر ان کی انفرادیت نے وہاں بھی اپنا رنگ جمائے رکھا۔ یعنی جب وہ حمد کہہ رہے ہیں تو اس میں غزل کی چاشنی اور غزل کہہ رہے ہوں تو نظم کا مزہ اور نظم لکھ رہے ہوں تو اس میں بچوں کی سیدھی سادی حقیقت پسندی اور آخرکار وہ جب بچوں کے ئے نظم کہتے ہوں تو اپنی شخصیت کی بھر پور نمائندگی کرتے ہیں۔ یعنی سادگی ‘معصومیت اور غیر مصلحتی اس شعر میں ان کی تصویر جھلکتی ہے ۔

تم مصلحت شناس نہیں ہو مگر وقارؔ

چلنے لگی ہے سب کی دوکاں سب مزے میں ہیں

’’وقارؔ خلیل بلا شک و شبہ اعلی پایہ کے شاعر‘ ادیب اور صحافی ہیں ان کا کلام ہند و پاک کے ادبی رسائل میں انتہائی احترام کے ساتھ شائع کیا جاتا ہے۔ ’’وقارؔ صاحب کا سب سے اہم وصف ان کی ’’انا ‘‘ ہے ‘‘ (شخصی انٹرویو محمود انصاری ایڈیٹر ’’منصف‘‘)

’’وقارؔ خلیل اُن چند فنکاروں میں شامل ہوتے ہیں جنھوں نے شعر و ادب کو وسیلہ روزگار بھی بنایا۔ وہ ادب ‘شعر اور صحافت سے عرصہ دراز سے وابستہ ہیں۔ (پروفیسر سلیمان اطہر جاوید)

’’شعر و ادب میں جن شخصیتوں نے بے لوث خدمات انجام دیں۔ ان میں وقار خلیل کا نام بھی نمایاں رہے گا۔ ایسے چند اور سچے ‘ بے لوث خدمت گزار اردو کو مل جائیں تو اردو کے دن پلٹ جائیں گے‘‘۔ (رفیع الدین قادری )۔

’’لکھنا پڑھنا ’’وقارؔ صاحب کی زندگی اور اوڑھنا بچھونا تھا۔ ادارہ ادبیات اردو سے استفادہ کے لیے جتنے ریسرچ اسکالرس وہاں جاتے ہیں انھیں کبھی فہرست پڑھنے کی فرصت نہیں ملتی اور اس کی ضرورت بھی کیا ہے۔ جبکہ چلتی پھرتی انسائیکلوپیڈیا ’’وقارؔ خلیل وہاں موجود ہوں۔ موضوع چاہے قدیم دکنی ادب ہو یا جدید شاعری‘ شخصیت سے متعلق ہو یا تحریکات اور رجحانات کے بارے میں ’’وقارؔ صاحب موضوع سے متعلق بیس پچیس کتابوں کے نہ صرف حوالے دیں گے بلکہ ادارہ کے کتب خانہ کے ایک ایک گوشہ سے چھان کر آپ کے سامنے ڈھیر لگادیں گے گویا انھوں نے آپ پر کوئی احسان نہیں کیا بلکہ آپ نے اُن کی خدمات سے استفادہ کر کے ان کو ممنون کیا ہے۔ دراصل ’’وقارؔ صاحب کی یہ بے لوث خدمات صرف اردو کے لیے ہوتی ہیں۔ نہ جانے کتنے درجن پی ‘ ایچ ‘ڈی ’’وقارؔ صاحب نے کروادے ئے۔ ‘‘ (احمد جلیس)

ریاست کرناٹک کے گوگی شریف تعلقہ شاہ پور ضلع گلبرگہ کے علمی، ادبی و مذہبی گھرانے میں پیدا ہوئے وقار خلیل 11 رجب المرجب 2 نومبر 1998ء کو لاکھوں محبانِ اُردو اور سینکڑوں شاگردوں کو بادیدۂ نم چھوڑکر اپنے مالکِ حقیقی سے جاملے۔

حوالہ جات ترمیم

http://viqarehind.com/بہ-یادِ-حضرت-وقارؔ-خلیل/آرکائیو شدہ (Date missing) بذریعہ viqarehind.com (Error: unknown archive URL)

http://viqarehind.com/وقارؔ-خلیل-مرحوم-ایک-مرد-خلیق/آرکائیو شدہ (Date missing) بذریعہ viqarehind.com (Error: unknown archive URL)

  یہ ایک نامکمل مضمون ہے۔ آپ اس میں اضافہ کر کے ویکیپیڈیا کی مدد کر سکتے ہیں۔

ادب