ویکیپیڈیا:پابندی کی حکمت عملی

پابندی ایسا ذریعہ ہے جس کو استعمال میں لاتے ہوئے ویکیپیڈیا منتظمین بیان کردہ اصول کے تحت کسی اندراج شدہ صارف یا آئی پی پتہ حتی کہ آئی پی پتوں کے مکمل حیطہ پر محدود یا لامحدود وقت کے لیے پابندی عائد کرسکتے ہیں۔ ممنوع صارفین ویکیپیڈیا پر آسکتے ہیں لیکن اس کے کسی صفحہ میں ترمیم کرنے کے مجاز نہیں ہوتے، بعض حالات میں یہ پابندی صارف کے ذاتی تبادلۂ خیال صفحہ پر بھی عائد کی جاتی ہے۔
پابندی عائد کرنے کا مقصد صارف کی سزادہی قطعاً نہیں بلکہ ویکیپیڈیا کو ہر قسم کی خرابی، خلل اور انتشار سے تحفظ فراہم کرنا مقصود ہوتا ہے۔ تمام صارفین کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ کسی خرابی، فساد انگیزی، ذاتی حملہ یا قواعد ویکیپیڈیا کی خلاف ورزی کی اطلاع منتظمین تک پہونچائے اور صارف کھاتہ یا آئی پی پتہ پر پابندی عائد کرنے کا یہاں مطالبہ کرے۔
اگر کسی صارف کو کسی پابندی پر اعتراض ہو تو اس منتظم سے رابطہ کرے اور وجوہات پابندی پر تبادلۂ خیال کرے۔ کسی بھی منتظم کو یہ حق حاصل نہیں ہے کہ وہ کسی عائد کردہ پابندی کو بلاوجہ یا بغیر گفت وشنید کے ختم کر دے۔ اگر پابندی واقعی غلطی سے عائد کردی گئی تھی جس کا واضح ثبوت موجود ہو تو یہ صورت مذکورہ کلیہ سے مستثنی ہوگی اور بغیر گفت وشنید کے پابندی ختم کی جاسکتی ہے۔
انتباہ: آئی پی پتہ پر پابندی عائد کرنے سے دیگر صارفین کے بھی آئی پی پتے متاثر ہوسکتے ہیں۔ اس لیے حتی الامکان اس سے گریز کیا جائے۔ انتہائی ضرورت کے وقت محض 24 گھنٹہ کے لیے کسی آئی پی پتہ پر پابندی عائد کریں۔

وجوہات ومقاصد ممنوعیت

پابندی کا اصل مقصد ویکیپیڈیا، اس کے صارفین ومرتبین کو کسی بھی قسم کی بدمزگی سے محفوظ رکھنا اور مستقبل میں پیش آمدہ ممکنہ مشکلات کا سدباب ہے۔
پابندی عائد کرنے کا مطالبہ بھی کیا جاسکتا ہے۔ حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے پابندی ختم کرنے کی درخواست پر بھی عمل درآمد کیا جاسکتا ہے۔ اگر صارف آئندہ کسی بھی قسم کی نامعقول حرکت سے گریزاں رہنے پر متفق ہو یا عارضی حالات کے تحت پابندی عائد کی جائے تو عارضی حالات ختم ہونے کے بعد پابندی ختم کی جاسکتی ہے۔

پابندی بطور سزا عائد نہ کی جائے

درج ذیل اغراض کے لیے پابندی عائد نہ کی جائے:

  1. صارف سے انتقام لینے کے لیے
  2. دیگر صارفین کی تحقیر کے لیے
  3. دیگر صارفین کی سزا دہی کے طور پر

پابندی بغرض انسداد عائد کی جائے

  1. ویکیپیڈیا میں مستقل خلل اندازی اور مسلسل فساد انگیزی کے انسداد کے لیے
  2. انتشار انگیز رویہ کے ذریعہ تدوین میں رکاوٹ پیدا کرنے سے روک تھام کے لیے
  3. مفید اور اجتماعی کام کرنے کے لیے حوصلہ بلند کرنے کی غرض سے

پابندی ختم کرنا

پابندی ختم کرنے کی درخواست پر جو منتظم اس معاملہ میں شریک نہ ہوں وہ پوری صورت حال کا جائزہ لیں۔ صارف کے رویے، دیگر صارفین کی معلومات اور شہادت سے واقفیت حاصل کرے، اس کے بعد ممنوع صارف کی درخواست پر عمل درآمد کا فیصلہ کیا جائے۔