کرۂ متغیرہ (انگریزی: troposphere) کرۂ ہوا کی سب سے نچلی پرت ہے۔ یہ زمین کی قریب ترین فضائی پرت ہے۔ یہ پرت یا کرہ زمینی سطح سے شروع ہوتی ہے اور شمالی و جنوبی قطبین سے تقریباً 9 کلومیٹر (30،000 فٹ) کی بلندی تک جبکہ خط استوا سے 17 کلومیٹر (56،000 فٹ) کی بلندی تک پھیلی ہوئی ہے۔ یہ زمین کی سطح سے منتقل ہونے والی توانائی سے گرم رہتی ہے اور نیچے سے اوپر جاتے ہوئے یہاں درجہ حرارت میں بھی کمی واضح طور پر محسوس ہوتی ہے۔ نیچے سے اوپر تک درجہ حرارت میں 17 ڈگری سینٹیگریڈ سے لے کر 52– ڈگری سینٹیگریڈ تک کی کمی محسوس کی جا سکتی ہے۔

اِس پرت کا کمیتی وزن کُل کرۂ ہوا کا 80 فیصدی کمیتی وزن ہوتا ہے یعنی گیسوں کی اکثریت اِسی پرت میں پائی جاتی ہے۔ اِس کرہ کی خاص بات یہ بھی ہے کہ اِس میں موسمی تبدیلیاں خُوب واضح ہوتی ہیں اور اس لیے اِسے موسمی پرت بھی کہتے ہیں۔ بادل، بارش اور ہوا - اِن سب کا تعلق اِسی پرت سے ہے۔