اضغط هنا للاطلاع على كيفية قراءة التصنيف
اضغط هنا للاطلاع على كيفية قراءة التصنيف

پالتو گھوڑے


صورت حال
! colspan = 2 | حیثیت تحفظ
Domesticated
اسمیاتی درجہ ذیلی نوع   ویکی ڈیٹا پر (P105) کی خاصیت میں تبدیلی کریں
جماعت بندی
مملکت: جانور
جماعت: ممالیہ
ذیلی جماعت: Theria
الصنف الفرعي: Eutheria
طبقہ: Perissodactyla
خاندان: Equidae
جنس: Equus
نوع: E. ferus
ذیلی نوع: E. f. caballus
سائنسی نام
Equus ferus caballus  ویکی ڈیٹا پر (P225) کی خاصیت میں تبدیلی کریں
Trinomial name
Equus ferus caballus
لنی اس، 1758[1]
مرادفات
48[2]
  ویکی ڈیٹا پر (P935) کی خاصیت میں تبدیلی کریں

گھوڑا سمدار پستانیہ جانور ہے۔ یہ جانور اسپاں خاندان سے تعلق رکھتا ہے۔ گھوڑوں کی ارتقاء کا عمل ساڑھے چار کروڑ سے ساڑھے پانچ کروڑ سال کے دوران ہوا ہے۔ لگ بھگ 4000 ق م میں انسانوں نے پہلی بار گھوڑے کو پالتو بنایا تھا۔ 3000 ق م سے گھوڑوں کوعام طور پر پالا جا رہا ہے۔ اس وقت تقریباً تمام تر گھوڑے ہی پالتو ہیں لیکن جنگلی گھوڑوں کی ایک نسل اور پالتو گھوڑوں کو دوبارہ آزاد کرنے سے پیدا ہونے والی نسلیں پالتو نہیں۔ انگریزی زبان میں گھوڑوں کے خاندان کے لیے الگ سے اصطلاحات بنائی گئی ہیں جو ان کے دورانِ حیات، جسامت، رنگت، نسل، کام اور رویے کو ظاہر کرتی ہیں۔

گھوڑوں کی جسمانی ساخت اسے حملہ آوروں سے بچ کر بھاگنے کے قابل بناتی ہے۔ گھوڑوں میں توازن کی حس بہت ترقی یافتہ ہے۔ گھوڑے کھڑے ہو کر یا بیٹھ کر دونوں ہی انداز سے سو سکتے ہیں۔ گھوڑے کی مادہ گھوڑی کہلاتی ہے اور اس کا زمانہ حمل 11 ماہ طویل ہوتا ہے۔ گھوڑے کا بچہ پیدا ہونے کے کچھ ہی دیر بعد کھڑا ہونے اور بھاگنے کے قابل ہو جاتا ہے۔ زیادہ تر پالتو گھوڑوں کو 2 سے 4 سال کی عمر میں زین اور لگام کی عادت ڈال دی جاتی ہے۔ 5 سال کا گھوڑا پوری طرح جوان ہوتا ہے اور اوسطاً گھوڑوں کی عمر 25 سے 30 سال تک ہوتی ہے۔

عام رویے کی بنیاد پر گھوڑوں کی تین نسلیں شمار ہوتی ہیں۔ گرم خون والے گھوڑے رفتار اور برداشت کے حامل ہوتے ہیں۔ ٹھنڈے خون والے گھوڑے عموماً کم رفتار لیکن سخت کاموں کے لیے موزوں ہوتے ہیں۔ نیم گرم خون والے گھوڑے مندرجہ بالا دو اقسام کے ملاپ سے پیدا ہوتے ہیں۔ عموماً ان گھوڑوں کو گھڑ سواری اور دیگر خصوصی مقاصد کے لیے الگ الگ نسلوں کے ملاپ سے پیدا کیا جاتا ہے۔ دنیا میں اس وقت گھوڑوں کی 300 سے زیادہ اقسام ہیں جو مختلف کام سر انجام دیتی ہیں۔

انسان اور گھوڑے مل کر مختلف کھیلوں میں اور مقابلوں میں حصہ لیتے ہیں۔ اس کے علاوہ روز مرہ کے کام کاج جیسا کہ نفاذ قانون کے ادارے (پاکستان)، زراعت، تفریح اور علاج کے لیے بھی ان کو استعمال کیا جاتا ہے،بھارت کے بعض علاقوں میں اب گھوڑوں کوشادی،بیاہ میں دولہے کی سواری اور دُلہن کی ڈولی کے لیے بھی استعمال کیاجاتاہے۔ قدیم زمانے سے ہی گھوڑے کو جنگوں میں استعمال کیا جاتا رہا ہے جس کی وجہ سے گھڑ سواری اور گھوڑے کو قابو کرنے کے لیے بہت سارے طریقے وضع کیے گئے ہیں۔ گھوڑوں سے بہت سی مصنوعات بھی حاصل کی جاتی ہیں جن میں گوشت، دودھ، کھال، بال، ہڈی اور حاملہ گھوڑی کے پیشاب سے کئی ادویات بھی کشید کی جاتی ہیں۔ پالتو گھوڑوں کی خوارک، پانی اور دیکھ بھال انسانی ذمہ داری ہوتی ہے اور عموماً مالکان اپنے گھوڑوں کی دیکھ بھال کے لیے طبیبوں اور ان کے کھروں کی دیکھ بھال کرنے والے ماہرین کی خدمات حاصل کرتے ہیں۔

حیاتیات ترمیم

گھوڑے کی جسمانی بناوٹ کے لیے بہت ساری اصطلاحات استعمال ہوتی ہیں۔

دورانِ حیات اور مراحل ترمیم

نسل، دیکھ بھال اور ماحول کے مطابق پالتو گھوڑے 25 سے 30 سال تک زندہ رہتے ہیں۔ تاہم کچھ گھوڑے ایسے بھی ہیں جو 40 سال یا اس سے بھی زیادہ زندہ رہتے ہیں۔ 19ویں صدی میں موجود ایک 62 سالہ گھوڑا تاریخ کا سب سے پرانا مصدقہ گھوڑا ہے۔ موجودہ دور میں 56 سالہ پونی سب سے طویل عمر پانے کے بعد 2007 میں مرا۔ گھوڑوں کی اصل تاریخ پیدائش کے برخلاف مقابلوں کے لیے شمالی نصف کُرے میں ہر سال یکم جنوری کو گھوڑے کی عمر میں ایک سال کا اضافہ جبکہ جنوبی نصف کُرے میں یکم اگست کو ایک سال کا اضافہ کر دیا جاتا ہے۔ گھوڑے کے دانتوں کا معائینہ کر کے اس کی اصل عمر کا کسی حد تک اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔

جسامت اور پیمائش ترمیم

گھوڑے کی اونچائی کا اندازہ اس کی پشت کے اس مقام سے لگایا جاتا ہے جہاں گردن اور پشت ملتے ہیں۔ سر اور گردن کو اس لیے پیمائش کے لیے نہیں مانا جاتا کہ دونوں اوپر نیچے حرکت کر سکتے ہیں۔

انگریزی بولنے والے ممالک میں گھوڑے کی اونچائی کی پیمائش ہاتھوں اور انچوں کی مدد سے کی جاتی ہے۔ ایک ہاتھ سے مراد 4 انچ لیے جاتے ہیں۔

گھوڑے کی جسامت اس کی نسل کے علاوہ اس کی خوراک پر بھی منحصر ہوتی ہے۔ عام سواری کے ہلکے گھوڑے کا قد 14 سے 16 ہاتھ اور 380 سے 550 کلو وزن ہوتا ہے۔ سواری کے بھاری گھوڑے عموماً 15.2 ہاتھ یا اس سے زیادہ اونچے اور 500 سے 600 کلو تک وزنی ہوتے ہیں۔ بھاری کام کرنے والے گھوڑے کم از کم 16 سے 18 ہاتھ اونچے جبکہ 700 سے 1000 کلو تک وزنی ہوتے ہیں۔

تاریخ کا سب سے اونچا گھوڑا 1848 میں پیدا ہوئی۔ اس کی اونچائی 21.2½ ہاتھ تھی اور اس کے وزن کا تخمینہ 1500 کلو لگایا گیا تھا۔ دنیا کی سب سے پستہ قد گھوڑی کی اونچائی 17 انچ ہے اور وزن 26 کلو۔ یہ گھوڑی بونے پن کی بیماری کا شکار ہے۔

پونی ترمیم

عام طور پر 14.2 ہاتھ یا اس سے اونچا جانور گھوڑا کہلاتا ہے اور اس سے چھوٹا جانور پونی کہلاتا ہے۔ تاہم مختلف ممالک میں یہ تعریفیں مختلف ہو سکتی ہیں۔

گھوڑے اور پونی کے درمیان فرق محض بلندی کا نہیں بلکہ اس سے زیادہ ہوتا ہے۔ پونی کی ایال، دم اور بال زیادہ گھنے ہوتے ہیں۔ ان کی ٹانگیں نسبتاً چھوٹی، چوڑے منہ، بھاری ہڈیاں، چھوٹی اور موٹی گردنیں، چھوٹے سر اور کشادہ پیشانیاں ہوتی ہیں۔ اس کے علاوہ پونی میں حیوانی ذہانت زیادہ ہوتی ہے اور گھوڑوں کی نسبت زیادہ ٹھنڈے مزاج کے ہوتے ہیں۔

رنگ اور نشانات ترمیم

گھوڑوں کی کھال کے رنگ اور نشانات بہت مختلف ہو سکتے ہیں۔ عموماً گھوڑے کی نسل اور جنس سے قبل اس کے رنگ کا ذکر کیا جاتا ہے۔ ایک ہی رنگ والے گھوڑوں کو ان کی کھال پر موجود سفید چتیوں سے ممیز کیا جاتا ہے۔

اخروٹی، سرخی مائل اور کالا، گھوڑوں میں یہ تین بنیادی رنگ سمجھے جاتے ہیں۔ گھوڑے کی کھال کا رنگ عموماً کالا ہوتا ہے تاہم سفید چتیوں کے نیچے والے حصے کی کھال گلابی رنگ کی ہوتی ہے۔

افزائشِ نسل اور بڑھوتری ترمیم

زمانہ حمل 335 سے 340 دن ہوتا ہے۔ عموماً ایک ہی بچہ پیدا ہوتا ہے۔ جڑواں بچے بہت کم پیدا ہوتے ہیں۔ گھوڑے کے بچے پیدائش کی کچھ ہی دیر بعد کھڑے ہونے اور دوڑنے کے قابل ہو جاتے ہیں۔

گھوڑے کبھی کبھار ڈیڑھ سال سے افزائشِ نسل شروع کر سکتے ہیں تاہم پالتو گھوڑوں بالخصوص گھوڑیوں کو 3 سال سے قبل افزائشِ نسل کے لیے نہیں استعمال کیا جاتا۔ 4 سال کی عمر کا گھوڑا بالغ شمار ہوتا ہے تاہم 6 سال تک ان کی جسمانی نشو و نما جاری رہتی ہے۔ گھوڑے کی بلوغت کی عمر کا انحصار اس کی نسل، جنس اور دیکھ بھال پر ہوتا ہے۔ بڑی جسامت کے گھوڑے دیر سے بالغ ہوتے ہیں۔

بلوغت، نسل اور متوقع کام کے حوالے سے گھوڑوں کی تربیت عموماً 2 سے 4 سال کی عمر میں ہی شروع کر دی جاتی ہے۔

جسمانی بناوٹ ترمیم

نظامِ استخوان ترمیم

گھوڑے کے جسم میں عموماً 205 ہڈیاں ہوتی ہیں۔ انسان اور گھوڑے کے ڈھانچے میں ہنسلی کی ہڈی کا فرق ہوتا ہے۔ گھوڑوں میں یہ ہڈی نہیں ہوتی اور اگلی ٹانگیں براہِ راست ریڑھ کی ہڈی سے جڑی ہوتی ہیں۔ گھوڑے کی ٹانگیں اور سم بھی منفرد ہیں۔

سم ترمیم

گھوڑے کے سم اور ٹانگوں کی اہمیت انتہائی زیادہ ہوتی ہے۔ اگر گھوڑے کی ٹانگ یا کھر میں نقص ہو تو گھوڑے کی اہمیت ختم ہو جاتی ہے۔ کھر جس چیز سے بنتے ہیں وہی چیز انسانی جسم میں ناخن کہلاتی ہے۔ اس لیے گھوڑوں کو نعل لگائی جاتی ہے۔ گھوڑے کے کھر انسانی ناخن کی طرح بڑھتے رہتے ہیں اور ہر 5 سے 8 ہفتوں بعد نعل اتار کر ان کے کھروں کو تراش خراش کر دوبارہ نعل لگا دیے جاتے ہیں۔

دانت ترمیم

گھوڑے چرنے کے لیے بنائے گئے ہیں۔ ایک بالغ گھوڑے میں 12 اگلے دانت ہوتے ہیں جو گھاس یا دیگر نباتات کو کترنے کا کام کرتے ہیں۔ پچھلے 24 دانت کتری گئی نباتات کو چبانے کا کام کرتے ہیں۔

گھوڑے کی بڑھتی عمر کے ساتھ ساتھ اس کے اگلے دانتوں پر بھی اثر پڑتا رہتا ہے۔

انہضام ترمیم

گھوڑے سبزی خور ہوتے ہیں اور ان کے معدے کی بناوٹ انھیں ڈھیر ساری اقسام کی گھاس اور دیگر نباتات کھانے کے قابل بناتی ہے۔ گھوڑے دن بھر چرتے رہتے ہیں۔ انسان کے برعکس گھوڑوں کا معدہ بہت چھوٹا لیکن آنتیں بہت لمبی ہوتی ہیں۔ 500 کلو وزنی ایک گھوڑا عموماً 7 سے 11 کلو تک خوراک اور 38 سے 45 لیٹر تک پانی پی لیتا ہے۔ گھوڑے جگالی نہیں کرتے اور نہ ہی الٹی کر سکتے ہیں۔ اسی وجہ سے گھوڑوں میں قولنج موت کی عام وجہ ہے۔

حسیں ترمیم

گھوڑے کی حسیں عموماً انسان سے بہت تیز ہوتی ہیں۔ شکار بننے والے جانور ہونے کی وجہ سے گھوڑوں کو اپنے آس پاس کے ماحول پر مسلسل نظر رکھنی پڑتی ہے۔ گھوڑے کی آنکھیں کسی بھی زمینی جانور کی نسبت زیادہ بڑی ہوتی ہیں اور سر کے اطراف پر لگی ہوتی ہیں۔ گھوڑے 350 زاویے سے زیادہ دیکھ سکتے ہیں۔ تقریباً 65 زاویے دونوں آنکھوں سے جبکہ باقی 285 زاویے جتنا ایک یا دوسری آنکھ سے دیکھتے ہیں۔ دن اور رات دونوں ہی وقت گھوڑے کی نظر بہت تیز ہوتی ہے تاہم گھوڑے تمام رنگ نہیں دیکھ سکتے۔

گھوڑے کی قوتِ سماعت بہت تیز ہوتی ہے اور ان کے کان 180 زاویے تک مڑ جاتے ہیں۔ اس طرح سر کو حرکت دیے بغیر گھوڑے ہر طرف کی آواز سن سکتے ہیں۔ ان کی قوتِ شامہ بہت تیز ہوتی ہے تاہم گھوڑے سونگھنے کی بجائے قوتِ بصارت پر زیادہ بھروسا کرتے ہیں۔

گھوڑوں میں توازن کی حس بہت تیز ہوتی ہے اور غیر ارادی طور پر انھیں ہر وقت معلوم ہوتا ہے کہ کون سا عضو کہاں ہے۔ چھونے کی حس بھی گھوڑوں میں بہت تیز ہوتی ہے اور اگر ان کی کھال پر مکھی یا مچھر بھی بیٹھے تو انھیں احساس ہو جاتا ہے۔

گھوڑوں میں ذائقے کی حس بھی بہت تیز ہوتی ہے اور چارے سے اپنی من پسند اشیا چن کر کھاتے ہیں۔ گھوڑے اپنے ہونٹوں سے چھوٹے چھوٹے دانوں کو بھی چھانٹ سکتے ہیں۔ عموماً گھوڑے زہریلے پودوں سے گریز کرتے ہیں تاہم حادثاتی طور پر زہریلے پودے بھی کھا سکتے ہیں۔

حرکات و سکنات ترمیم

تمام گھوڑے چار بنیادی چالیں چلتے ہیں۔ پہلی چال میں ہر پاؤں الگ الگ زمین پر پڑتا ہے اور عمومی رفتار 6.4 کلومیٹر فی گھنٹہ ہوتی ہے۔ دوسری چال دُلکی کہلاتی ہے اور 13 سے 19 کلومیٹر فی گھنٹہ تیز ہوتی ہے۔ تیسری چال میں تین آوازیں پیدا ہوتی ہیں اور رفتار 19 تا 24 کلومیٹر فی گھنٹہ ہو سکتی ہے۔ چوتھی چال سرپٹ ہوتی ہے جو 40 سے 48 کلومیٹر گھنٹہ ہوتی ہے۔ تاہم تیز ترین گھوڑے کی سرپٹ مختصر فاصلے کے لیے 88 کلومیٹر فی گھنٹہ بھی ماپی گئی ہے۔

رویہ ترمیم

گھوڑے شکار ہونے والے جانور ہیں اور بھاگو یا لڑو کے اصول پر عمل کرتے ہیں۔ خطرے کی صورت میں پہلا ردِ عمل فرار ہوتا ہے۔ تاہم جب راہِ فرار مسدود ہو یا ان کے بچوں کو خطرہ ہو تو گھوڑے مقابلے کے لیے تیار ہو جاتے ہیں۔ خطرے کا سامنا ہونے پر گھوڑوں کی تجسس کی صفت بیدار ہو جاتی ہے اور لمحے بھر کے توقف سے وہ خطرے کی نوعیت جاننے کی کوشش کرتے ہیں۔ اگر خطرہ نہ محسوس ہو تو وہ کچھ دیر کے لیے رکتے ہیں تاکہ اپنے خوف کی وجہ جان سکیں۔ گھوڑے عموماً مل جل کر غول کی شکل میں رہتے ہیں اور ہر چھوٹے بڑے کو اپنی وقعت معلوم ہوتی ہے۔ غول کی رہنمائی عموماً مادہ کرتی ہے۔ گھوڑے میل جول کے شوقین ہوتے ہیں اور دیگر انواع کے جانوروں کے ساتھ دوستی یا تعلق بنا لیتے ہیں۔ مختلف آوازوں جیسا کہ ہنہنا کر، ایک دوسرے کے جسم کے جسم کو رگڑ کر اور جسمانی حرکات سے گفتگو کرتے ہیں۔ مناسب تربیت کے بغیر گھوڑے اکیلا رہنا نہیں پسند کرتے۔ تاہم مناسب وزرش یا ہمراہی کے بغیر گھوڑے اپنی عادات خراب کر سکتے ہیں جن میں لکڑی چبانا، دیوار کو دولتیاں مارنا وغیرہ اہم ہیں۔

ذہانت اور سیکھنا ترمیم

پرانے خیالات کے مطابق گھوڑے احمق، سوچ سے عاری اور گروہی جانور سمجھے جاتے تھے۔ تاہم جدید تحقیق نے ثابت کیا ہے کہ گھوڑے بہت سارے روز مرہ کے کام جیسا کہ خوراک کا حصول اور سماجی رویے سر انجام دینے میں ذہانت کا استعمال کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ مسائل کا حل تلاش کرنا، سیکھنے کی صلاحیت اور علم حاصل کرنا بھی ان کی اہم خصوصیات ہیں۔ تحقیقات سے یہ بھی ثابت ہوا ہے کہ گھوڑے نہ صرف سادہ بلکہ پیچیدہ مسائل کے حل تلاش کرنے کی بھی صلاحیت رکھتے ہیں۔ یہ بھی ثابت ہوا ہے کہ گھوڑے تین تک گنتی بھی گن سکتے ہیں۔

پالتو گھوڑوں کے لیے زیادہ ذہنی مشقت ہوتی ہے کیونکہ جنگل کی زندگی میں انھیں زیادہ چیزیں نہیں سیکھنی پڑتیں۔ بعض ماہرین کے مطابق ذہین گھوڑا دراصل اپنی تربیت کرنے والے کی ذہانت کو ظاہر کرتا ہے۔ اگر ایک جیسے کام اور ایک جیسے طریقے مستقل بنیادوں پر اپنائے جائیں تو گھوڑوں کی تربیت بہت آسان ہو جاتی ہے۔

سونے کے انداز ترمیم

گھوڑے عموماً کھڑے ہو کر یا لیٹ کر سو سکتے ہیں۔ ان کی ٹانگوں میں کچھ ایسی اضافی چیزیں پائی جاتی ہیں کہ وہ گرے بغیر کھڑے ہو کر سو سکتے ہیں۔ گروہ کی شکل میں گھوڑے زیادہ بہتر سوتے ہیں کیونکہ کچھ گھوڑے رکھوالی کرتے ہیں جبکہ دیگر گھوڑے سو جاتے ہیں۔ اکیلا گھوڑا اچھی طرح نیند پوری نہیں کر سکتا کیونکہ اس کی فطرت اسے خطرے کے لیے تیار رکھے گی۔

انسانوں کے برعکس گھوڑے مختصر وقفے کے لیے بہت بار سوتے ہیں۔ عموماً گھوڑے 4 سے 15 گھنٹے تک کھڑے رہ کر سوتے ہیں اور چند منٹ سے لے کر کئی گھنٹوں تک لیٹ کر بھی سوتے ہیں۔ 24 گھنٹوں میں گھوڑے چند منٹ سے لے کر کئی گھنٹوں تک سو سکتے ہیں۔ عموماً گھوڑے ایک وقت میں محض 15 منٹ ہی سوتے ہیں۔

گروہ بندی اور ارتقا ترمیم

گھوڑے ایسے ماحول کے لیے ڈھلے ہیں جہاں طویل و عریض کھلے میدان، بہت کم نباتات اور ایسی جگہ جہاں دیگر بڑے چرندے نہ رہ سکیں۔ مزے کی بات یہ ہے کہ گھوڑا اور گینڈا ایک ہی نوع کے مختلف خاندانوں سے تعلق رکھتے ہیں۔

دیگر جانور ترمیم

گھوڑے جس خاندان سے تعلق رکھتے ہیں اس میں گدھا، پہاڑی زیبرا، میدانی زیبرے، گریوی زیبرے وغیرہ شامل ہیں۔

گھوڑے اپنی نوع کے دیگر جانوروں کے ساتھ ملا کر افزائشِ نسل کے لیے استعمال ہوتے ہیں۔ ان میں سب سے اہم خچر ہیں جو گدھے اور گھوڑی کے ملاپ سے پیدا ہوتے ہیں۔ چند جانوروں کو چھوڑ کر دیگر تمام مخلوط النسل جانور بچے پیدا نہیں کر سکتے۔

سدھانا ترمیم

عام اندازے کے مطابق گھوڑوں کو پالتو بنائے جانے کا عمل 3500 ق م میں شروع ہوا تھا۔ اس ضمن میں آثارِ قدیمہ سے ملنے والی شہادتیں اہم درجہ رکھتی ہیں۔

آثارِ قدیمہ کے مطابق یوکرائن اور قازقستان میں پہلے پہل گھوڑوں کو 3500 سے 4000 ق م میں سدھایا جانے لگا۔ 3000 ق م سے گھوڑے پوری طرح پالتو بن چکے تھے۔ 2000 ق م سے انسانی آبادیوں میں گھوڑوں کی ہڈیوں کا ملنا بہت بڑھ گیا تھا۔

جنگلی آبادیاں ترمیم

ایسے گھوڑے جو جنگل میں پیدا ہوں اور جنگل ہی میں رہیں لیکن ان کے آبا و اجداد پالتو گھوڑے رہے ہوں، فیرل گھوڑے کہلاتے ہیں۔ اس نسل کے گھوڑے دنیا بھر میں پائے جاتے ہیں۔

نسلیں ترمیم

گھوڑے کی نسلوں کو ان کی مخصوص خصوصیات کے مطابق الگ کیا جاتا ہے۔ یہ ایسی خصوصیات ہوتی ہیں جو نسل در نسل منتقل ہوتی ہیں۔ پالتو بنائے جانے کے ساتھ ساتھ گھوڑوں میں انسانی پسند و ناپسند کے تحت افزائش نسل کی گئی ہے۔ اس کے نتیجے میں من پسند خصوصیات گھوڑوں میں آ گئی ہیں۔

گھوڑوں کی افزائشِ نسل کے لیے من پسند خصوصیات اور ان سے آگے چل کر لیا جانے والا کام مدِ نظر رکھا جاتا ہے۔ آج دنیا بھر میں گھوڑوں کی 300 سے زیادہ اقسام پائی جاتی ہیں۔

تاہم خالص النسل اور باقاعدہ اندراج شدہ نسلوں کی اہمیت موجودہ زمانے میں ہی بڑھی ہے۔ گھوڑوں کی افزائشِ نسل میں گھوڑے کے نسل اور اس کی خصوصیات کے انتخاب کی قدیم مثال عرب بدو قبائل میں ملتی ہیں۔

انسان کے ساتھ نباہ ترمیم

دنیا بھر میں گھوڑے انسانی ثقافت اور کام کاج میں اپنا کردار ادا کرتے ہیں۔ گھوڑوں کو شغل میلوں، کھیلوں اور کام کاج کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ ریاست ہائے متحدہ امریکہ کے خوراک اور زراعت کے ادارے کے مطابق امریکی براعظموں میں اس وقت 3,35,00,000، ایشیا میں 1,38,00,000 اور یورپ میں 63,00,000 جبکہ افریقا اور دیگر ممالک میں گھوڑوں کی تعداد نسبتاً کم ہے۔ ریاست ہائے متحدہ امریکا میں موجود گھوڑوں کی تعداد کا اندازہ 95,00,000 ہے۔ گھوڑوں کے متعلقہ سرگرمیوں سے امریکی معیشت میں 39 ارب ڈالر براہِ راست جبکہ بالواسطہ طور پر 102 ارب ڈالر سے زیادہ خرچ ہوتے ہیں۔ 2004 میں اینیمل پلینیٹ کے سروے کے مطابق دنیا بھر کے 73 ممالک کے 50,000 سے زیادہ افراد نے گھوڑے کو دنیا کا چوتھا پسندیدہ ترین جانور قرار دیا۔

گھوڑے استعمال کرنے کے لیے انسان اور گھوڑے کے درمیان کسی قسم کا رابطہ بہت ضروری ہے۔ عموماً انسان گھوڑے کی پشت پر زین پر بیٹھتے ہیں اور گھوڑے کے منہ میں لگام ڈالی جاتی ہے جس کی مدد سے گھوڑے کو اپنی مرضی سے چلایا جا سکتا ہے۔ بعض اوقات گھوڑوں پر بغیر زین کے سواری بھی کی جاتی ہے اور خاص مواقع پر گھوڑوں کو بغیر زین کے مخصوص کام کرنے کے لیے بھی تربیت دی جاتی ہے۔ بعض اوقات گھوڑوں کو گاڑی میں بھی جوتا جاتا ہے۔

کھیل ترمیم

تاریخی اعتبار سے گھوڑوں نے دوڑوں اور دیگر کھیلوں سے اپنی صلاحیتیں نکھاری ہیں۔ کھیلوں سے مجمع کو خوش کرنے اور گھوڑے کو جنگوں میں بھی استعمال کیا جاتا رہا ہے۔ زیادہ تر کرتب جو گھوڑے کرتے ہیں دراصل ان کی ابتدا جنگی ادوار سے ہوئی تھی جہاں گھوڑے اور سوار کے توازن اور کام کرنے کی صلاحیتوں کی ضرورت ہوتی تھی۔

بہت سارے کھیلوں میں گھوڑوں کی اپنی اہمیت ہوتی ہے اور کئی کھیلوں میں گھوڑوں کے ساتھ ساتھ سوار کی بھی اہمیت ہوتی ہے۔

گھڑ دوڑ دنیا میں ایک اہم صنعت کا درجہ رکھتی ہے۔ اس پر بڑی بڑی شرطیں لگتی ہیں۔

کام ترمیم

آج بھی کئی ایسے کام ہیں جو گھوڑے ہی بہتر طور پر کر سکتے ہیں اور ان کے متبادل سواری ابھی نہیں ایجاد کی جا سکی۔ مثلاً گھڑ سوار پولیس مجمع کو قابو رکھنے اور دیگر کاموں کے لیے اپنی منفرد حیثیت رکھتی ہے۔ مویشی پال افراد بھی اپنے جانور اکھٹا کرنے کے لیے گھوڑوں کا استعمال کرتے ہیں۔ عموماً یہ مویشی دور دراز اور انتہائی کٹے پھٹے علاقوں میں ہوتے ہیں جہاں کوئی اور سواری نہیں جا سکتی۔ سرچ اینڈ ریسکیو کے ادارے بھی پیدل چلنے والے افراد اور بچوں کی تلاش کے کام کے لیے گھڑ سواروں کی مدد حاصل کرتی ہیں۔ اس کے علاوہ حساس زمینی علاقوں میں جہاں ماحول کو خراب ہونے سے بچانے کے لیے گاڑیاں نہیں چلائی جا سکتیں، گھوڑے ہی واحد حل بن کر سامنے آتے ہیں۔ پارک رینجر اور گیم وارڈن وغیرہ بھی گھوڑوں اور خچروں پر اپنے فرائض سر انجام دیتے ہیں۔

اگرچہ بہت سارے کاموں کے لیے گھوڑوں کی بجائے مشینیں استعمال ہوتی ہیں لیکن پھر بھی 10 کروڑ گھوڑے، گدھے اور خچر آج بھی دنیا کے پسماندہ اور ترقی پزیر ممالک میں زرعی اور نقل و حمل کے لیے استعمال ہوتے ہیں۔ برِاعظم افریقہ میں ہی 2 کروڑ 70 لاکھ گھوڑے کام کرتے ہیں۔

تفریح اور ثقافت ترمیم

موجودہ دور میں گھوڑوں کو ان کے پرانے زمانے کے کاموں کی نقالی کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ گھوڑوں کو ساز و سامان کے ساتھ تیار کر کے تاریخی واقعات بالخصوص جنگوں کی نقالی میں استعمال کیا جاتا ہے۔ رسمی تقاریب میں بھی گھوڑوں کا استعمال عام بات ہے۔ برطانیہ اور بعض دیگر ممالک میں شاہی افراد اور انتہائی اہم افراد کو تقاریب تک لے جانے کے لیے گھوڑا گاڑیاں استعمال کی جاتی ہیں۔

ٹیلی ویژن اور فلموں میں بھی گھوڑے بکثرت دکھائی دیتے ہیں۔ بعض فلموں میں ان کا کردار بنیادی اور دیگر میں ثانوی نوعیت کا ہوتا ہے۔ زندہ گھوڑوں اور مشہور لیکن مردہ گھوڑوں کی تصاویر کو اشتہارات میں استعمال کیا جاتا ہے۔ چینی کیلنڈر میں بھی گھوڑے کو ایک برج کی علامت کے طور پر ظاہر کرتے ہیں۔

علاج میں استعمال ترمیم

ہر عمر اور ذہنی معذوری کے شکار افراد گھوڑوں سے کسی نہ کسی طرح فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ گھڑ سواری کی مدد سے ذہنی معذور افراد کو روز مرہ زندگی میں توازن برقرار رکھنے وغیرہ جیسے کاموں میں فائدہ ملتا ہے۔ اس طرح ان میں خود اعتمادی بڑھتی ہے اور وہ زیادہ آزاد اور خود مختار محسوس کرتے ہیں۔ انہی فوائد کی وجہ سے خصوصی افراد کے لیے مختص پیرا اولمپکس میں گھڑ سواری سے متعلقہ کھیل شامل کیے گئے ہیں۔

گھوڑے پر سواری چاہے نہ بھی کی جائے تو بھی گھوڑے کو بطور ساتھی سمجھ کر اس سے نفسیاتی فوائد حاصل کیے جا سکتے ہیں۔ ذہنی امراض جیسا کہ پریشانیاں، نفسیاتی مسائل، مزاج کی تبدیلیاں، رویے کی مشکلات وغیرہ ابھی گھوڑے کے ساتھ کچھ وقت گزار کر دور کی جا سکتی ہیں یا ان میں بہتری لائی جا سکتی ہے۔

جنگی استعمال ترمیم

تاریخ میں گھوڑوں کو جنگوں میں تقریباً ہمیشہ ہی استعمال کیا گیا ہے۔ پہلے پہل گھوڑوں کو جنگوں میں استعمال کا ثبوت آثارِ قدیمہ سے 4000 سے 3000 ق م میں ملتا ہے۔ تانبے کے دور کے اختتام پر گھوڑوں کو جنگوں میں عام استعمال کیا جانے لگا تھا۔ جدید مشینوں نے گھوڑوں کی جگہ جنگوں میں لے لی ہے تاہم جنگی رسومات کی ادائیگی میں گھوڑے آج بھی استعمال ہوتے ہیں۔

مصنوعات ترمیم

انسان گھوڑوں سے بنی بہت ساری مصنوعات کو شروع سے ہی استعمال کرتے آئے ہیں۔ یہ مصنوعات زندہ گھوڑوں اور انھیں ہلاک کرکے بھی حاصل کی جاتی ہیں۔

زندہ گھوڑوں سے حاصل شدہ مصنوعات میں دودھ، حاملہ گھوڑی کے پیشاب سے تیار شدہ ادویات، دم کے بالوں سے بنائی جانے والی کمانیں اور آلاتِ موسیقی اہم ہیں۔ منگول اپنے گھوڑے کا خون بھی پیتے تھے جس کی وجہ سے وہ لمبے فاصلے تک خوراک کے لیے رکے بغیر سفر کرتے تھے۔

گھوڑے کے گوشت کو انسانی اور حیوانی خوراک کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ گھوڑے کی کھال سے تیار ہونے والے جوتے، دستانے، جیکٹیں، بیس بال کی گیندیں اور دستانے وغیرہ شامل ہیں۔

دیکھ بھال ترمیم

گھوڑے سبزی خور جانور ہیں اور گھاس یا پتوں سے اپنا پیٹ بھرتے ہیں۔ عموماً گھوڑے اپنے وزن کے 2 سے 2.5 فیصد تک خشک شدہ خوراک کھا جاتے ہیں۔ یعنی 450 کلو وزنی گھوڑا تقریباً 11 کلو گھاس روزانہ کھاتا ہے۔ بعض اوقات چارے میں غلہ ملا کر بھی دیا جاتا ہے۔ تاہم غلے کے ساتھ ساتھ خوراک کا نصف حصہ پھر بھی پتوں اور گھاس پھونس پر مشتمل ہونا چاہیے۔

گھوڑے بہت زیادہ پانی پیتے ہیں۔ عموماً گھوڑے ایک دن میں 38 سے 45 لیٹر تک پانی پی جاتے ہیں۔ اگرچہ جنگل میں گھوڑے سائبان کے بغیر رہنے کے عادی ہوتے ہیں پھر بھی انھیں بارش اور ہوا سے بچاؤ کے لیے کچھ سائبان چاہیے ہوتا ہے۔ گھوڑوں کے سموں کی باقاعدہ دیکھ بھال ہوتی رہنے چاہیے۔ اس کے علاوہ مختلف بیماریوں سے بچاؤ کے لیے بھی انھیں ادویات وغیرہ درکار ہوتی ہیں۔ اس کے علاوہ گھوڑوں کے لیے کھریرا بھی بہت اچھا رہتا ہے۔

حوالاجات ترمیم

  1. Carolus Linnaeus (1758)۔ Systema naturae per regna tria naturae :secundum classes, ordines, genera, species, cum characteribus, differentiis, synonymis, locis.۔ 1 (10th ایڈیشن)۔ Holmiae (Laurentii Salvii)۔ صفحہ: 73۔ 07 جنوری 2019 میں اصل سے آرکائیو شدہ۔ اخذ شدہ بتاریخ 08 ستمبر 2008