خاور مانیکا نے جو سینیئر کسٹم آفیسر ہیں اس وقت شہرت پائی جب ان کی بیوی بشریٰ بی بی نے ان سے طلاق لے کر پاکستان کے کرکٹ ہیرو سابقہ وزیر اعظم، عمران خان سے شادی کر لی، ویسے بھی اگر پس منظر میں تلاش کیاجائے تو خاور پنجاب کے ایک سیاسی خاندان سے تعلق رکھتے ہیں، ان کے والد غلام محمد مانیکا جنوبی پنجاب سے بے نظیر حکومت میں وزیر رہ چکے ہیں،اور 2011ء میں اس دنیا سے رحلت فرما گئے تھے، ان کی سابقہ بیوی کا اصل نام بشریٰ نیاز وٹو ہے جو ضلع دیر پور سے تعلق رکھتی ہیں۔ خاور مانیکا ایک اعلیٰ تعلیم یافتہ گھرانے سے تعلق رکھتے ہیں،صوفیانہ پن خاور اور بشریٰ دونوں کے خون میں رچا بسا ہے۔ خاور کی بشریٰ سے 3 بیٹیاں اور دو بیٹے ہیں، دو لڑکیوں کی شادی ہو گئی، خاور کے بھائی احمد رضا مانیکا نے 2013ء میں پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر انتخاب لڑا لیکن کامیاب نہ ہو سکے۔ مسلم لیگ (ن) کے اطہر حسین شاہ گیلانی نے انھیں شکست دی، خاور مانیکا نے خود بھی لاہور کے مشہور ایچیسن کالج سے تعلیم یافتہ ہونے کے علاوہ امریکا میں بھی تعلیم حاصل کی۔ ان کے دو بھائی، وطن واپسی پر سینٹرل سروسز کے امتحان پاس کرنے کے بعد کسٹم سروسز کے افسر بنے اور آج کل گریڈ 21 کے اعلیٰ عہدے پر فائز ہیں، خاور مانیکا کی ایک بیٹی تو سابق صوبائی وزیر عطا محمد مانیکا کی بہو ہیں، ابراہیم مانیکا اور موسیٰ مانیکا نے بھی بیرونی یونیورسٹیوں سے تعلیم حاصل کی۔