سعدی کا مقبرہ، جسے عام طورسے سعدیہ کہا جاتا ہے، ایرانی شہر شیراز میں ایک مقبرہ ہے جو فارسی کے شہرہ آفاق شاعر شیخ سعدی شیرازی کا ہے۔ سعدی کو یہیں ایک خانقاہ میں دفن کیا گیا تھا۔ 13ویں صدی میں ابقا خان کے وزیر شمس الدین جوینی نے سعدی کے لیے ایک مقبرہ بنایا تھا۔ 17ویں صدی میں یہ مقبرہ تباہ ہو گیا تھا۔ کریم خان کے دور حکومت میں اینٹوں اور پلاسٹر کی دو منزلوں کا ایک مقبرہ تعمیر کیا گیا تھا، جس میں دو کمرے تھے۔ موجودہ عمارت 1950 اور 1952 کے درمیان تعمیر کی گئی ہے، جس کے معمار محسن فوروگی تھے۔ اس میں قدیم و جدید فن تعمیر کے عناصر پائے جاتے ہیں۔ یہ چہل ستون سے متاثر ہے۔ قبر کے ارد گرد دیواروں پر سعدی کی نظموں کے سات اشعار نقش ہیں۔