پیدائش: 1699ء

انتقال: 1791ء

اردو شاعر۔ شیخ فتح الدین کے بیٹے تھے۔ دہلی میں پیدا ہوئے۔ سپاہی پیشہ اور شاہ محمد امین کے مرید تھے۔ کچھ عرصہ الہ آباد کے صوبے دار نواب امیر خاں کی رفاقت میں رہے۔ اس کے بعد ہدایت علی خاں، مراد علی خاں، فاخر علی خاں، جیسے امرا کبھی ان کی مدد کرتے رہے۔ آخر عمر میں گوشہ نشینی اختیار کر لی۔

فارسی اور اردو میں شعر کہتے تھے۔ فارسی میں مرزا صائب اور ریختے میں ولی دکنی کو استاد مانتے تھے۔ رفتہ رفتہ ریختے میں وہ خود استاد ہو گئے۔ سودا انھی کے شاگرد تھے۔ اصلاح زبان کا کام سب سے پہلے انھی نے شروع کیا۔ بہت سے نامانوس الفاظ ترک کرکے فصیح الفاظ داخل کیے۔دہلی میں وفات پائی اور دلی دروازے کے باہر دفن ہوئے۔ تصانیف میں ایک دیوان فارسی ہے۔ اردو میں ایک ضخیم دیوان جمع کر لیا تھا آخر عمر میں اس سے ایک چھوٹا دیوان تصنیف کیا اور دیوان زادہ اس کا نام رکھا۔ حقے پر ایک مثنوی محمد شاہ بادشاہ کی فرمائش پر لکھی۔ ایک دیوان قدیم رنگ میں تھا جو نادر شاہ کی تاخت و تاراج میں ضائع ہو گیا۔

نمونہ کلام ترمیم

اے قدرداں کمال حاتم دیکھ
عاشق و شاعر و سپاہی ہے

کئی دیوان کہہ چکا حاتم
اب تلک پر زباں نہیں درست