خالقِ برجستہ ترمیم

نام:شاہدالاسلام

ولدیت:ڈاکٹرمحمد علی

پیشہ:صحافت

وابستگی:ہندوستان ایکسپریس

جائے قیام:نئی دہلی

شہریت :ہندوستانی

وطن اصلی:لکھمنیاں۔بیگوسرائے(بہار)

شاہدالاسلام ہندوستان کے دارالحکومت دہلی کے معروف اردو روزنامہ ہندوستان ایکسپریس سے وابستہ صحافی ہیں۔برجستہ کے زیر عنوان ان کا مشہور کالم ملک اور بیرون ملک کے اردو اخبارات میں شائع ہوتارہتا ہے۔اصلاًشاہدالاسلام بہار کے مردم خیز قصبہ لکھمنیاں کے باشندہ ہیں۔لکھمنیاں وہ قصبہ ہے،جہاں حضرت مجدد الف ثانی سرہندی رحمۃ اللہ علیہ کے خلیفہ حضرت شیخ سلطان آرام فرماں ہیں۔اس قصبہ کا نام اَسی نسبت سے سلطان پور ہوا کرتا تھا جو بعدہُ لکھمنیاں کے نام سے مشہور ہوگیا۔ قصبہ لکھمنیاں بہار کے صنعتی ضلع بیگوسرائے میں واقع ہے جسے علم و ادب کے گہوارہ کے طورپر بھی شہرت حاصل ہے۔شاہدالاسلام اسی قصبہ کے نوجوان صحافی ہیں جنہوں نے بہار کے اردو روزنامہ سے اپنی صحافتی سرگرمی شروع کی۔مونگیر میں قیام کے دوران 1995 سے 2002تک شاہدالاسلام نے بہ حیثیت نامہ نگار قومی تنظیم کیلئے وقائع نویس کا فریضہ انجام دیا۔بعدازاں پٹنہ میں کچھ دنوں قیام کے دوران ادارتی امور سے واقفیت حاصل کی ۔پھر ریاست جھارکھنڈ کی راجدھانی رانچی منتقل ہوگئے جہاں قومی تنظیم کی ادارت سے دو برسوں تک وابستہ رہے۔2006میں شاہدالاسلام نے دہلی کو اپنی صحافتی سرگرمیوں کا مرکز بنایا اور روزنامہ ہندوستان ایکسپریس کے نیوز ایڈیٹر کے طورپر فی الوقت اپنی صحافتی ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں۔ شاہدالاسلام ہندوستان کے اُن چنندہ صحافیوں میں سے ایک ہیں،جنہیں نہ تو ستائش کی تمنا ہے اور نہ ہی نام و نمود حاصل کرنے کی خواہش۔صحافت اُن کیلئے عبادت کا درجہ رکھتی ہے۔یہی وجہ ہے کہ اُن کی تحاریرچاہنے والوں کے علاوہ اُن کے وہ ناقدین بھی شوق سے پڑھا کرتے ہیں،جن کو کبھی نہ کبھی شاہدالاسلام کے قلم کی دھار سے متاثر ہونا پڑا۔ شاہدالاسلام قلم برداشتہ صحافی ہیں،جنہوں نے قلم اور کاغذ کے استعمال کی جگہ زبان،کمپوٹر اور کی بورڈ سے براہ راست سروکار رکھا۔ان کی زیادہ تر تحریریں دراصل وہ تقریر ہوا کرتی ہیں،جو ڈکٹیٹ کرائی جاتی ہیں۔برجستگی ان کی تحریر کا خاصہ ہے۔غالباًانہیں قلم کا ایسا بادشاہ قرار دیاجاسکتا ہے،جن کے قلم کی زد سے دنیا کا شاید ہی کوئی موضوع محفوظ رہ گیا ہو۔زود نویس صحافی ہونے کے باوجود توازن کو جس طرح انہوں نے برقرار رکھنے کی اب تک کوشش کی ہے،یہ موصوف کا خاص وصف کہلاسکتاہے۔