ظفر اقبال (شاعر)

جدید اردو غزل کے ممتاز شاعر

ظفر اقبال، (پیدائش: 27 ستمبر، 1933ء) پاکستان کے معروف شاعر اور کالم نگار ہیں۔ وہ معاصر جدید اردو غزل کے اہم ترین شاعروں میں شمار ہوتے ہیں۔ ان کے بیٹے آفتاب اقبال معروف ٹی وی اینکر ہیں۔

ظفر اقبال
پیدائشمیاں ظفر اقبال
(1933-09-27) 27 ستمبر 1933 (age 90)

بہاولنگر، صوبہ پنجاب (برطانوی ہند) (موجودہ (پاکستان)
قلمی نامظفر
پیشہشاعر، کالم نگار
زباناردو
پنجابی
قومیتپاکستان کا پرچمپاکستانی
نسلپنجابی
تعلیمبی اے، ایل ایل بی
مادر علمیگورنمنٹ کالج لاہور
جامعہ پنجاب
اصنافغزل، نظم، کالم
نمایاں کامآب رواں
اطراف
عیب و ہنر
وہم وگمان
اہم اعزازاتصدارتی اعزاز برائے حسن کارکردگی
اولادآفتاب اقبال، جنید اقبال

حالات زندگی و تعلیم ترمیم

ظفر اقبال 27 ستمبر، 1933ء کو بہاولنگر ، پاکستان میں پیدا ہوئے۔ ان کے والد چک نمبر 49/3Rضلع اوکاڑہ کے ایک معزز زمیندار تھے۔ ظفر اقبال نے ابتدائی تعلیم بہاولنگر سے حاصل کی اور میٹرک ایم سی ہائی اسکول اوکاڑہ سے 1950ء میں کیا۔ انٹرمیڈیٹ کا امتحان ایف سی کالج لاہور اور بی اے گورنمنٹ کالج لاہور سے کیا۔ ظفر اقبال نے ایل ایل بی کا امتحان لا کالج جامعہ پنجاب سے پاس کیا۔[1][2]

وکالت کا امتحان پاس کرنے کے بعد انھوں نے اوکاڑہ کچہری میں پریکٹس شروع کر دی۔ وہ ایک بار اوکاڑہ ایسوسی ایشن اور دو مرتبہ پریس کلب اوکاڑہ کے صدر بھی رہے۔ اس دوران انھوں نے قومی سیاست میں بھرپور طریقے سے حصہ لیا۔ 1977ء کے انتخابات میں ظفر اقبال نے نیشنل عوامی پارٹی کی طرف سے راؤ خورشید علی خاں (پاکستان پیپلز پارٹی کے نامزد امیدوار) کے مقابلے میں الیکشن لڑا لیکن کامیاب نہ ہو سکے۔[1]

ادبی خدمات ترمیم

پرائمری کے دوران ان کی طبیعت شاعری کے لیے موزوں ہو چکی تھی، کیونکہ ان کے استاد نور احمد انجم قریشی جو خود بھی شاعر تھے بچوں کو بطور املا اشعار لکھ کر دیتے۔ ظفر اقبال آٹھویں جماعت تک کلیات میر اور دیوانِ غالب کا بھرپور مطالعہ کر چکے تھے۔ شفیق الرحمن کی تحریریں پڑھ کر ان کے اندر لکھنے کی تحریک پیدا ہوئی۔ انھوں نے غزل کے پیرائے میں فنی اور موضوعاتی سطح پر روایت شکنی کے حوالے سے اپنی ایک الگ اور بھرپور پہچان بنائی۔ اُن کے پہلے شعری مجموعے آب رواں کو عوام اور خواص، ہردو حلقوں میں بے حد پزیرائی ملی۔ اس کے بعد انھوں شعری تجربات کا سلسلہ نہ صرف جاری رکھا بلکہ اسے بام عروج تک پہنچایا۔ 1973ء میں انھوں نے پہلا کالم سرور سکھیرا کے پرچے دھنک کے لیے لکھا۔ ان کے مختلف اخبارات میں 'دال دلیا' کے نام شائع ہونے والے ان کے کالم بھی اپنے قارئین کا وسیع حلقہ رکھتے ہیں[1]۔ ظفر اقبال 16 فروری،1995ء سے یکم مارچ، 1997ء تک اردو سائنس بورڈ کے سربراہ بھی رہ چکے ہیں۔[3]

تصانیف ترمیم

  • خشت زعفران
  • ہرے ہنیرے
  • ’آبِ رواں‘، ’
  • گل آفتاب ‘، ’
  • رطب و یابس‘، ’
  • سرِ عام‘، ’
  • نوادر‘، ’
  • تفاوت‘، ’
  • غبار آلود سمتوں کا سراغ‘، ’
  • عیب وہنر‘، ’
  • وہم وگمان‘، ’
  • اطراف‘، ’
  • تجاوز‘، ’
  • تساہل‘، ’
  • اب تک‘ (کلیات غزل کے تین حصے)۔[4]

اعزازات ترمیم

حکومت پاکستان نے ان کی خدمات کے اعتراف کے طور پر انھیں صدارتی تمغہ حسن کارکردگی عطا کیا ہے۔

نمونۂ کلام ترمیم

غزل

کچھ اور ابھی ناز اٹھانے ہیں تمہارے دنیا یہ تمہاری ہے، زمانے ہیں تمہارے
باتیں ہیں تمہاری جو بہانے ہیں تمہارے اسلوب تو یہ خاص پرانے ہیں تمہارے
ویرانۂ دل سے تمہیں ڈر بھی نہیں لگتا حیرت ہے کہ ایسے بھی ٹھکانے ہیں تمہارے
آنا ہے بہت دور سے ہم نے تری جانباور، باغ یہیں چھوڑ کے جانے ہیں تمہارے
ہر وقت یہاں خاک ہی اڑتی ہے شب و روز دریا انہی صحراؤں میں لانے ہیں تمہارے
ہوتا، ظفر، ان میں جو کوئی رنگِ حقیقت ویسے تو سبھی خواب سہانے ہیں تمہارے [5]

غزل

جس نے نفرت ہی مجھے دی نہ ظفرؔ پیار دیامیں نے سب کچھ اسے کیوں ہار دیا وار دیا
اک نظر نصف نظر شوخ نے ڈالی دل پراور اس دشت کو پیرایۂ گلزار دیا
وقت ضائع نہ کرو ہم نہیں ایسے ویسےیہ اشارہ تو مجھے اس نے کئی بار دیا
زندہ رکھتا تھا مجھے شکل دکھا کر اپنیکہیں روپوش ہوا اور مجھے مار دیا
زردیاں ہیں مرے چہرے پہ ظفرؔ اس گھر کیاس نے آخر مجھے رنگ در و دیوار دیا [6]

غزل

خامشی اچھی نہیں، انکار ہونا چاہیے اور یہ تماشا اب سرِ بازار ہونا چاہیے
بات پوری ہے اُدھوری چاہیے اے جانِ جاناں کام آساں ہے اسے دشوار ہونا چاہیے
دوستی کے نام پر کیجیے نہ کیونکر دشمنی کچھ نہ کچھ آخر طریقہ کار ہونا چاہیے
جھوٹ بولا ہے تو قائم بھی رہو اُس پر ظفر آدمی کو صاحب ِ کردار ہونا چاہیے ​[7]


  • یہاں کسی کو بھی کچھ حسب آرزو نہ ملا
  • کسی کو ہم نہ ملے اور ہم کو تو نہ ملا
  • غزالِ اشک سر صبح دوب مژگاں پر
  • کب آنکھ اپنی کھلی اور لہو لہو نہ ملا
  • چمکتے چاند بھی تھے شہر شب کے ایواں میں
  • نگار غم سا مگر کوئی شمع رو نہ ملا
  • انھیں کی رمز چلی ہے گلی گلی میں یہاں
  • جنھیں ادھر سے کبھی اذن گفتگو نہ ملا
  • پھر آج مے کدۂ دل سے لوٹ آئے ہیں
  • پھر آج ہم کو ٹھکانے کا ہم سبو نہ ملا

مزید دیکھیے ترمیم

حوالہ جات ترمیم

  1. ^ ا ب پ "ظفر اقبال، پاکستانی کنیکشنز، برمنگھم برطانیہ"۔ 28 جون 2016 میں اصل سے آرکائیو شدہ۔ اخذ شدہ بتاریخ 12 جنوری 2017 
  2. ظفر اقبال (تعارف)، ریختہ ڈاٹ کام، بھارت
  3. "سربراہان، اردو سائنس بورڈ (آفیشل ویب)، پاکستان"۔ 28 اگست 2016 میں اصل سے آرکائیو شدہ۔ اخذ شدہ بتاریخ 12 جنوری 2017 
    • بحوالۂ:پیمانۂ غزل(جلد دوم)،محمد شمس الحق،صفحہ:266*
  4. کچھ اور ابھی ناز اٹھانے ہیں تمہارے (غزل)، ظفر اقبال، اردو ویب، پاکستان
  5. جس نے نفرت ہی مجھے دی نہ ظفرؔ پیار دیا (غزل)، ظفر اقبال، ریختہ ڈاٹ کام بھارت
  6. شاعری، اپنی پسند کی، اردو ویب، پاکستان