عبد اللہ بن عبد اللہ بن ابی

عبد اللہ بن عبد اللہ بن ابی ایک سچے مسلمان اور صحابی رسول تھے یہ منافقوں کے سردار کے بیٹے تھے۔

عبد اللہ بن عبد اللہ بن ابی
معلومات شخصیت
پیدائشی نام الحُباب بن عبد اللہ بن اُبیّ
والد عبد اللہ بن ابی
والدہ خولہ بنت منذر بن حرام بن عمرو
عملی زندگی
طبقہ صحابہ
نسب الخزرجی الانصاری
عسکری خدمات
لڑائیاں اور جنگیں غزوات نبوی
فتنۂ ارتداد کی جنگیں

نام ونسب ترمیم

اسلام قبول کرنے سے پہلے ان کا نام حباب بن عبد اللہ تھا۔ ان کا پورا نسب اس طرح ہے عبد الله بن عبد الله بن ابی بن مالك بن الحارث بن عبيد بن مالك بن سالم بن غنم بن عوف بن الخزرج الانصاری الخزرجی ان کا والد ابن سلول ان کی وجہ سے اپنی کنیت ابو الحباب رکھتا۔ حبلی سالم کا لقب ہے، جو اس خاندان کا مورث اعلیٰ تھا، وجہ تسمیہ یہ ہے کہ اس کا پیٹ بہت بڑا تھا۔

حضرت عبد اللہ ؓ کا پردادا مالک تھا، جس نے قبیلہ خزاعہ کی ایک سلول نامی عورت سے شادی کی تھی اس سے ابی پیدا ہوا جو عبد اللہ ابو حباب کا باپ ہے۔

عبد اللہ ابو حباب (جو ابن ابی بن سلول کے نام سے مشہور ہے،) قبیلہ خزرج کے ممتاز ترین افراد میں تھا، اس کے اثر اور زور و قوت کا اندازہ اس سے ہو سکتا ہے کہ اسلام سے قبل مدینہ کا تخت و تاج اسی کے سپرد کرنے کی تجویز تھی، اوس و خزرج دیرینہ عداوتوں کے سبب سے باہم سخت مخالف تھے، تاہم اس کے تخت نشین کرنے پر سب کا اتفاق تھا، حضرت عبد اللہ ؓ اسی عبد اللہ کے فرزند ارجمند ہیں۔ یہ عجیب بات ہے کہ ابن ابی عقلمند دور اندیش اور صاحبِ تدبیر ہونے کے باوجود شرف ایمان سے محروم رہا، آنحضرت ﷺ مدینہ تشریف لائے اور خلافت الہیٰ کی بنیاد قائم کی تو رشک و منافقت کا عجیب منظر در پیش تھا، ابن ابی اور اس کے چند ہم خیال اسلام کی اس ترقی کو حسد کی نگاہ سے دیکھتے تھے جوں جوں رسول اللہ ﷺ کا اقتدار بڑھتا تھا یہ گروہ اس کو صدمہ پہنچانے کی کوشش کرتا تھا۔

آخر مسلمانوں کے غلبہ اور زور کی وجہ سے ابن ابی کو سر اطاعت خم کرنا پڑا اور اپنی جماعت کے ساتھ منافقانہ طور پر مسلمانوں کے زمرے میں داخل ہو گیا اور منافقین کا سرغنہ بنا۔ تاریخ میں رأس المنافقین لقب پایا۔

اسلام ترمیم

یہ ابتدائی اسلام لانے والوں میں سے تھے جب مسلمان ہوئے تو ان کا نام رسول اللہ نے عبد اللہ رکھا۔ تمام غزوات میں شریک رہے۔ انہی کے کہنے پر رسول اللہ نے ان کے والد کا جنازہ پڑھایا۔[1] ان کے باپ عبد اللہ بن ابی کے الفاظ قرآن نے بیان کیے

  •   يَقُولُونَ لَئِن رَّجَعْنَا إِلَى الْمَدِينَةِ لَيُخْرِجَنَّ الْأَعَزُّ مِنْهَا الْأَذَلَّ وَلِلَّهِ الْعِزَّةُ وَلِرَسُولِهِ وَلِلْمُؤْمِنِينَ وَلَكِنَّ الْمُنَافِقِينَ لَا يَعْلَمُونَ    
  • کہتے ہیں ہم مدینہ پھر کر گئے تو ضرور جو بڑی عزت والا ہے وہ اس میں سے نکال دے گا اسے جو نہایت ذلت والا ہے۔

عبد اللہ بن ابی کا بیٹا عبد اللہ مخلص مومن تھا اس نے جب اپنے باپ کے اس قول کے بارے میں سنا تو اپنے باپ پر اشراف مدینہ کے روبرو تلوار کھینچ لی اور کہا خدا کی قسم کہ میں تمھیں اس وقت تک نہ چھوڑوں گا جب تک کہ تو یہ نہ کہے محمد (صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم) انتہائی عزت والے ہیں اور میں سب سے زیادہ ذلیل ہوں پس اس نے باپ کو نہ چھوڑا جب تک اس نے یوں نہ کہا اور ایک روایت میں ہے کہ وہ مدینہ کے باہر ٹھہر گیا اور لوگ مدینہ میں داخل ہوتے رہے یہاں تک کہ اس کا باپ (عبد اللہ بن ابی) آیا تو اس نے کہا : ” ٹھہر جا “ ابن ابی بولا تجھ پر افسوس ہے کہ تجھے کیا ہو گیا ہے۔ عبد اللہ بن عبد اللہ بن ابی نے کہا : خدا کی قسم کہ تو کبھی بھی مدینہ میں داخل نہ ہو سکے گا مگر یہ کہ رسول اللہ (صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم) تیرے لیے اجازت فرمائیں اور آج تجھے ضرور پتا چل جائے گا کہ سب سے زیادہ عزت والا کون ہے اور سب سے زیادہ ذلت والا کون ہے، پھر وہ پلٹ کر گیا اور رسول اللہ (صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم) سے ملاقات کی اور جو کچھ اس کے بیٹے نے کیا تھا آپ (صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم) سے اس کی شکایت کی تو رسول اللہ (صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم) نے اس کی طرف پیغام بھجوایا کہ اس کو چھوڑ دو اور (جانے دو) تو انھوں نے باپ کو جانے دیا۔[2]

عبد اللہ بن ابی کے بیٹے نے اپنے باپ سے کہا کہ اللہ کی قسم ہم اس وقت تک یہاں سے نہیں جائیں گے جب تک تم اس بات کا اقرار نہ کرو کہ تم ذلیل اور نبی اکرم (صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم) معزز ہیں۔ پھر اس نے اقرار کیا۔[3][4]

غزوات ترمیم

غزوہ بدر میں شریک ہوئے احد میں آگے کے دو دانت جنہیں ثنیہ کہاجاتا ہے ٹوٹ گئے تھے، آنحضرتﷺ نے فرمایا تم سونے کا دانت بنوالو، بعض لوگوں کا خیال ہے کہ ناک اڑ گئی تھی تو سونے کی ناک بنوائی تھی، لیکن یہ صحیح نہیں مصنف اسد الغابہ نے اس کی تصریح کردی ہے۔ غزوۂ تبوک(9ھ میں ہوا)کے موقع پر ایک انصاری اور مہاجر کے جھگڑے میں ابن ابی نے کہا تھا" لَئِنْ رَجَعْنَا إِلَى الْمَدِينَةِ لَيُخْرِجَنَّ الْأَعَزُّ مِنْهَا الْأَذَلَّ" یعنی مدینہ پہنچ کر بلند پایہ لوگ ذلیل لوگوں کو نکال دیں گے، آنحضرتﷺ کو خبر ہوئی تو حضرت عمرؓ نے اٹھ کر کہا "اگر اجازت ہو تو اس منافق کا سراڑادوں [5] آنحضرتﷺ نے ممانعت فرمائی۔ حضرت عبد اللہؓ آئے اورکہا کہ میرے باپ نے آپ کو ذلیل کہا خدا کی قسم وہ خود ذلیل ہے اس کے بعد کہا کہ اگرچہ تمام خزرج میں مجھ سے زیادہ اپنے باپ کا کوئی مطیع نہیں، تاہم اگر آپ انھیں قتل کرانا چاہتے ہیں تو مجھے حکم دیجئے میں قتل کیے دیتا ہوں، لیکن اگر کسی دوسرے مسلمان نے ان کو قتل کیا تو اپنے باپ کے قاتل کو میں دیکھ نہیں سکتا، لامحالہ اس کو قتل کردوں گا اورایک مسلمان کے مارنے سے جہنم کا مستوجب ہوں گا، آنحضرتﷺ نے فرمایا میرا قتل کرانے کا بالکل ارادہ نہیں، لوگ کہیں گے کہ محمد ﷺ اپنے اصحاب کو قتل کراتے ہیں۔ [6] حضرت عبد اللہؓ آنحضرتﷺ سے گفتگو کرکے سڑک پر آکر کھڑے ہو گئے، ابن ابی نکلا تو اونٹ سے اتر پڑے اور کہا، تم اقرار کرو کہ میں ذلیل اور محمد عزیز ہیں، ورنہ میں آگے نہ بڑھنے دونگا، پیچھے آنحضرتﷺ تشریف لا رہے تھے ،باپ بیٹے کی گفتگو سن کر فرمایا ان کو چھوڑ دو خدا کی قسم یہ جب تک ہم میں موجود ہیں ہم ان سے اچھا برتاؤ کریں گے۔ [7] غزوہ تبوک کے بعد ابن ابی نے وفات پائی، حضرت عبد اللہ آئے اور عرض کیا کہ اپنی قمیص اتاردیجئے میں اس میں ان کو کفن دونگا، اوران کے لیے استغفار کیجئے،آنحضرتﷺ دو کرتے زیب تن کیے ہوئے تھے، حضرت عبد اللہ ؓ نے نیچے کا کرتا پسند کیاکہ آنحضرتﷺ کا پسینہ اسی میں جذب ہوتا تھا ارشاد ہوا کہ جنازہ تیار ہو تو مجھے خبر کرنا میں نماز پڑھاؤں گا۔ قبر میں اتارے جانے کے بعد رسول اللہ ﷺ تشریف لائے قبر سے نکلوایا اوراپنے گھٹنوں پر رکھ کر قمیص پہنایا اورلعاب دہن ملا، اس کے بعد نماز کے لیے کھڑے ہوئے،حضرت عمرؓ نے کہا یا رسول اللہ ! آپ اس پر نماز پڑھیں گے،حالانکہ فلاں روز اس نے یہ الفاظ کہے تھے آنحضرتﷺ نے مسکرا کر فرمایا،جاؤ اپنی جگہ پر کھڑے رہو ،جب زیادہ اصرار کیا تو ارشاد ہوا کہ خدانے مجھے اختیار دیا ہے اگر 70 مرتبہ سے زیادہ استغفار کرنے میں اس کی مغفرت ہوجائے تو میں اس کے لیے تیار ہوں۔ نماز سے فارغ ہوئے تو تھوڑی دیر میں چند آیتیں نازل ہوئیں جن میں ایک یہ تھی: وَلَا تُصَلِّ عَلَى أَحَدٍ مِنْهُمْ مَاتَ أَبَدًا وَلَا تَقُمْ عَلَى قَبْرِهِ إِنَّهُمْ كَفَرُوا بِاللَّهِ وَرَسُولِهِ وَمَاتُوا وَهُمْ فَاسِقُونَ۔ [8] اور(اے پیغمبر!)ان(منافقین)میں سے کوئی مرجائے تو تم اُس پر نماز(جنازہ)مت پڑھنااور نہ اُس کی قبر پر کھڑے ہونا،یقین جانو یہ وہ لوگ ہیں جنھوں نے اللہ اور اس کے رسول کے ساتھ کفر کا رویہ اپنایا اور اس حالت میں مرے ہیں کہ نافرمان تھے۔ [9] وحی الہی نے حضرت عمرؓ کی تائید کی تو ان کو اپنی جسارت پر نہایت تعجب ہوا۔

فضل وکمال ترمیم

فضلائے صحابہؓ میں تھے، حضرت عائشہؓ ان سے حدیث روایت کرتی ہیں، لکھنا جانتے تھے اور کبھی کبھی وحی بھی لکھتے تھے۔[10]

وفات ترمیم

12ھ میں وفات پائی۔

حوالہ جات ترمیم

  1. اسدالغابہ، ابن اثیر ،حصہ پنجم، صفحہ 291،المیزان پبلیکیشنز لاہور
  2. تفسیر الحسنات ابو الحسنات سید محمد احمد قادری
  3. جامع ترمذی:جلد دوم:حدیث نمبر 1264
  4. اصحاب بدر، صفحہ 166، قاضی محمد سلیمان منصور پوری، مکتبہ اسلامیہ، اردو بازار، لاہور
  5. (بخاری:2/728)
  6. (اسد الغابہ:3/197)
  7. (طبقات ابن سعد:34)
  8. (التوبہ:84)
  9. (بخاری:1/169،80،86)
  10. (اصابہ:4/96)