محمد زکریا امریکہ سے تعلق رکھنے والے ایک ماہر عربی خطاط ہیں۔ آپ 1942ء میں وینچورا، کیلیفورنیا میں پیدا ہوئے۔ وہ 2001ء میں عید الفطرکے موقع پر شایع ہونے والے امریکا کے ڈاک ٹکٹ پر "عید مبارک" کی خطاطی کی وجہ سے زیادہ شہرت رکھتے ہیں۔

محمد زکریا
یکم ستمبر 2001ء کو امریکی محکمہ ڈاک کی جانب سے عید الفطر کے موقع پر جاری کردہ ٹکٹ، جس پر محمد زکریا کی خطاطی جگمگا رہی ہے

کیلیفورنیا میں پلنے بڑھنے والے زکریا نے اپنے پیشہ ورانہ دور کا آغاز ایک ہوائی مہندس (ایرو اسپیس انجینئر) کی حیثیت سے کیا۔ جس کے دوران مراکش کے ایک دورے نے ان کی زندگی کو یکسر تبدیل کر کے رکھ دیا۔ وہ مراکش کی ثقافت، مذہب اور زبان سے حد درجہ متاثر ہوئے اور بعد ازاں انھوں نے اسلام کا مطالعہ کیا اور بالآخر اسلام قبول کر لیا۔ لیکن عربی خطاطی کے ساتھ ان کا لگاؤ اس سے کہیں پہلے شروع ہوا تھا، جب لڑکپن کے ایام میں انھوں نے سانتا مونیکا میں ایک ارمنی قالین ساز کی دکان پر عربی خطاطی پہلی بار دیکھی تھی اور اس کا حسن ان کے دل میں گھر کر گیا۔ بعد ازاں انھوں نے مصر، الجزائر اور ترکی کا دورہ کیا اور اسلامی خطاطی کا فن سیکھا۔ 1984ء میں امریکا واپسی کے بعد واشنگٹن ڈی سی کی فریئر گیلری میں فنون اسلامیہ کے مہتمم نے انھیں ترکی واپس جانے اور استنبول میں فن خطاطی کے شہرت یافتہ ماہر حسن چلبی سے ایک سالہ تربیت حاصل کرنے کا مشورہ دیا، جسے انھوں نے قبول کر لیا۔ 1988ء میں استنبول میں منعقدہ تقریب میں حسن چلبی نے زکریا کو خطاطی میں ماہر قرار دیا اور انھیں خط ثلث اور خط نسخ میں فضیلت نامہ جاری کیا جو "اجازت" کہلاتا ہے۔ 1997ء میں محمد زکریا نے ایک اور ماہر ترک خطاط ڈاکٹر علی الپ ارسلان سے خط نستعلیق کی "اجازت" حاصل کی۔ آج، زکریا امریکا میں اپنے فن خطاطی کو جاری رکھے ہوئے ہیں اور اپنے شاگردوں کو خطاطی کی تربیت دے رہے ہیں۔ ان کے فن پاروں کی نمائش ملک بھر میں منعقد ہوتی رہتی ہیں۔ حال ہی میں محمد زکریا کی خطاطی پی بی ایس کی دستاویزی فلم "محمد:ایک نبی کی میراث"[1] (Muhammad: Legacy of a Prophet) میں دکھائی گئی۔

حوالہ جات ترمیم

بیرونی روابط ترمیم