اردو ویکیپیڈیا پر بہت تحقیق اور مکمل رائے شماری کے بعد ایک مخصوص اور عمومی ، یعنی ایسا اختصاص کہ جو عام طور پر ہر زبان، اور ہر ادارے کے اشتغالی نظام (OS) پر ممکنہ حد تک درست اردو تحریر کو اعراب کے ساتھ اور پڑھائی میں سہل انداز میں دکھا سکے، اختیار کیا گیا ہے۔ اس کے باوجود اردو میں چند مناسب نویسات (fonts) ایسے ہیں جو ویکیپیڈیا پر قصر (default) کیئے گئے نویسات سے بہتر اور خوبصورت اردو تحریر پیش کر سکتے ہیں لیکن ان کو زیراثقال (download) کر کے نصب کرنا پڑتا ہے اس وجہ سے ان کو قصر میں مختص نہیں کیا گیا۔ یہ صفحہ ایسے تمام ممکنہ طریقہ ہائے کار کو بیان کرنے کے لیے تحریر کیا گیا ہے کہ جس کی مدد سے اگر کوئی صارف ویکیپیڈیا کے موجودہ قصر کو بہتر نا سمجھتا ہو تو وہ درج ذیل ہدایات پر عمل کر کہ اردو میں فی الوقت دستیاب تمام نویسات میں سے اپنی پسند کا نویسہ ، ویکیپیڈیا کا متن دیکھنے کے لیے اختیار کر سکے اور ساتھ ہی متن (الفاظ) کی جسامت بھی اپنی پسند کے مطابق اپنا سکے۔ گو کہ ایسے اور بھی متعدد صفحات معاونت کے اس ویکیپیڈیا پر موجود ہیں کہ جن میں اپنی پسند کا نویسہ اختیار کرنے کے طریقے دستیاب ہیں لیکن اس صفحے کی ضرورت اس لیے پیش آئی کہ ہر طریقے کی ایک مثال بھی دکھا دی جائے کیونکہ ہر اردو نویسے کے لیے الگ الگ الفاظ کی جسامت مختص کرنے کی ضرورت ہوتی ہے اور جس جسامت پر کوئی ایک نویسہ اچھا نظر آتا ہے دوسرا اردو نویسہ اسی پر پریشان کن دکھائی دے سکتا ہے۔