ویکیپیڈیا:ہدایات برائے تحریر

! آپ کے مضمون کو حذف کیئے جانے کا خطرہ درپیش ہوسکتا ہے
اگر آپ چاہتے ہیں کہ آپ کا مضمون اس اردو دائرۃ المعارف پر قائم رہے اور اسے حذف نہیں کیا جائے تو برائے مہربانی، اپنا مضمون لکھنے سے قبل اس صفحے پر درج ہدایات کو پڑھ لیجیے۔ جو مضامین، اس صفحے پر درج ہدایات پر پورا نہیں اترتے انہیں حذف کیے جانے کا امکان ہوتا ہے۔ چونکہ یہ ویکیپیڈیا، اردو کا ایک عالمی دائرۃ المعارف ہے اس لئے اس پر صرف قدرے معروف یا پھر مفید عنوانات پر ہی مقالے رکھے جاتے ہیں۔ اگر ہر چیز پر مقالہ جات بنانے کی اجازت دے دی جائے تو یہ ایک مفید اور قابل استعمال دائرۃالمعارف نہیں رہ سکے گا۔
  • آپ پر لازم ہے کہ اپنے ہر مضمون میں مندرجہ ذیل 4 اهم نکات شامل کریں۔
  1. سب سے پہلے مضمون کے عنوان کی تعارف لکھیں اور پھر باقی تفصیل
  2. اپنے مضمون کو کسی مناسب زمرے میں رکھیے (اپنا مطلوبہ زمرہ < اس صفحے پر [ + ] کے نشان > پر کلک کر کہ تلاش کریں)
  3. اپنے مضمون میں موجود تمام بیانات کا حوالہ درج کریں (آپ کا حوالہ قابلِ تصدیق ہونا چاہیے)
  4. اپنے مضمون میں بین الویکی روابط (interwiki links) کو شامل کریں


! آپ ابھی اس دائرۃ المعارف پر مضمون لکھنے کے قابل نہیں ہیں
اگر آپ کو مذکورہ بالا 4 اهم نکات میں سے تمام یا کوئی ایک بھی مشکل لگتا ہو یا آپ کو ان میں موجود الفاظ سمجھ نہیں آرہے ہوں، یا آپ کو ان پر عمل کرنے کا طریقہ نہیں معلوم ہو تو یہ جان لیجیے کہ آپ ابھی دائرۃ المعارف پر مضمون لکھنے کے قابل نہیں ہیں۔ آپ کو چاہیے کہ ایسی انجانی حالت میں اردو ویکیپیڈیا پر مضمون لکھنے کے بجائے، پہلے کچھ وقت لگا کر اپنے مضمون میں مذکورہ بالا چار نکات درج کرنے کا طریقہ غور سے دیکھ لیں ۔ اگر ایسا کیے بغیر آپ اپنا مضمون ویکیپیڈیا پر لکھتے ہیں تو اس کی بقا کی کوئی ضمانت نہیں دی جاسکتی۔ 4 اهم نکات پر عبور حاصل کرنے کا طریقہ نیچے درج کیا جارہا ہے ، اس پر عمل کیجیے۔
  • ویکیپیڈیا پر پہلے سے موجود مضامین کو پڑھیے اور اندازہ لگائیے یہاں مضامین کس انداز میں لکھے جاتے ہیں۔
  • آپ اگر مضامین لکھنے سے قبل معاونت چاہتے ہوں تو آپ کی مکمل مدد کی جائے گی۔
  • لیکن اگر آپ اپنے مضمون کو اس صفحے پر درج ہدایات کے مطابق نہیں بناتے تو اسے حذف کر دیا جائے گا۔
  • آپ کو چاہیےکہ کوئی مضمون لکھنے سے قبل ویکیپیڈیا پر معاونت کے لیئےلکھے گئے درج ذیل صفحات سے استفادہ حاصل کریں۔
  1. ویکیپیڈیا:آموختار ، معاونت:پہلی بات ، معاونت:ڈھنگ پرچہ اور انداز مقالات کو لازمی پڑھ لیجیے
  2. مزید معاونت کے مضامین کے لیئے< اس زمرے سے > مدد حاصل کیجیے


کیا اب آپ کا مضمون کوڑے کے ڈبے میں نہیں ڈالا جاسکتا؟
اگر آپ معاونت کے واسطے بتاے گئے صفحات کو پڑھ کر اور دیگر ساتھیوں سے گفتگو کر کے اس صفحے میں سب سے شروع میں دیئےگئے 4 اهم نکات کو سمجھ چکے ہیں تو اب بات کو آگے بڑھایا جاسکتا ہے۔ اب آپ اس قابل ہو چکے ہیں کہ اس دائرۃ المعارف پر کوئی مضمون تحریر کر سکیں۔ ليکن کیا آپ اب یہ سمجھتے ہیں کہ آپ کا مضمون اب کوڑے کے ڈبے میں نہیں ڈالا جاسکتا ؟ ایسا ممکن ہے کہ آپ اپنے مضمون میں چار اہم نکات درج کر کہ ویکیپیڈیا پر لکھنے کے قابل تو ہو چکے ہوں لیکن اس کے باوجود ابھی وہ وقت نہیں آیا کہ آپ کے مضمون کی بقا کی ضمانت دی جاسکے یا اس کو حذف شدگی کا خطرہ درپیش نہیں ہو۔ اگر آپ چاہتے ہیں کہ آپ کا مضمون ہمیشہ اس دائرۃ المعارف کی زینت بنا رہے تو ابتدائی 4 اهم نکات پر عمل کرسکنے کے قابل ہو جانے کے بعد ، اب اپنے مضمون کی تحریر میں مندرجہ ذیل ہدایات پر عمل کیجیے؛ اس بات کی یادآوری کر لیجیے کہ محض 4 اهم نکات کی شمولیت آپ کے مضمون کی بقا کے لیئےناکافی ہوگی اور آپ کو لازماً درج ذیل ہدایات کا مکمل خیال رکھنا ہوگا۔
  • اردو ویکیپیڈیا کے پاس دیکھ بھال کرنے والے اور انجان صارفین کی غلطلیاں درست کرنے والے افراد انگریزی ویکی کی نسبت بہت کم ہیں لیکن اس کے باوجود معیار پر سودا نہیں کیا جاسکتا اور اس معیار کو قائم رکھنے کے لیئےہی اس صفحے کی ہدایات کو انجان صارفین گی آگاہی کی خاطر لکھا گیا ہے۔
  • آپ کوئی غلط مضمون لکھنے سے قبل جو بات سمجھ نا آئے پوچھیں گے تو آپ کی مدد کی جائےگی۔
  • لیکن اگر آپ کا مضمون اس صفحے کی ہدایات پر پورا نا اترا تو چونکہ درست کرنے والے افراد قلیل تعداد میں ہیں اس لیئےعین ممکن ہے کہ آپ کے مضمون کو درست کرنے کا کسی دوسرے کو موقع نا ملے اور اسے حذف کر دیا جائے۔
  • اس قسم کی صورتحال سے بچنے کے لیئےاس صفحے کی ہدایا ت مدد گار ثابت ہو سکتی ہیں۔


! اپنے مضمون کی نوعیت کا اندازہ لگا لیجیے
آپ کو چاہیےکہ آپ اپنے مضمون کی نوعیت کا اندازہ لگا لیں۔ کیا واقعی آپ جس موضوع پر لکھنا چارہے ہیں وہ ایک اجتماعی طور پر مفید موضوع ہے؟ یا انفرادی طور پر صرف آپ کے لیئےمفید ہے؟ اگر آپ کا مضمون صرف آپ کی ذات یا آپ کے احباب یا آپ کی پسند تک محدود ہے تو ٹہر جایئے اور پہلے یہ فیصلہ کر لیجیے کہ آیا آپ کے پاس اپنی انفرادی پسند کے مضمون میں درج کرنے کے لیئےایسے حوالہ جات موجود ہیں کہ جن کا ذکر 4 اهم نکات میں آیا تھا؟ اگر ایسا نہیں ہے تو آپ کے مضمون کی اس دائرۃ المعارف پر کوئی جگہ نہیں بنتی۔ وکیپیڈیا ایک دائرۃالمعارف ہے اس لئے اس پر صرف قدرے معروف یا پھر مفید عنوانات پر ہی مقالے رکھے جاتے ہیں۔ اگر ہر چیز پر مقالہ جات بنانے کی اجازت دے دی جائے تو یہ ایک مفید اور قابل استعمال دائرۃالمعارف نہیں رہ سکے گا۔ بعض اوقات غیر معروف عنوانات پر بھی مقالہ جات شامل کر لیے جاتے ہیں بشرطیکہ اس پر منتظمین اور دوسرے ساتھیوں کو اعتراض نہ ہو۔ اگر کسی مقالے پر دوسرے ساتھی یہ اعتراض کریں کہ یہ عنوان غیر معروف ہے، تو اس صورت میں مندرجہ ذیل حکمت عملی کا اطلاق ہوگا۔

الف : شخصی یا غیرمعروف مضامین کی ہدایات

  1. وہ شخصیات جو 200 سال یا اس سے بھی پہلے وفات پا چکی ہیں، انھیں غیر معروف قرار نہیں دیا جاسکتا اور ان مضامین پر اس پالیسی کا اطلاق نہیں ہو گا۔
  2. وہ ادارے جو 250 سال یا اس سے بھی پہلے قائم کیے گئے، انھیں غیر معروف قرار نہیں دیا جاسکتا اور ان مضامین پر اس پالیسی کا اطلاق نہیں ہو گا۔
  3. وہ قصبے، قبائل یا قومیں جن کی آبادی 100,000 سے زائد ہو، انھیں غیر معروف قرار نہیں دیا جاسکتا اور ان مضامین پر اس پالیسی کا اطلاق نہیں ہو گا۔
  4. یہ پالیسی صرف ان صارفین کے لیے ہے جو داخل نوشتہ ہو کر ایک مربوط کوشش کریں۔ بے نام صارفین کے کیے ہوئے غیر معروف یا متنازع اندراجات بغیر کسی گفتگو کے حذف کیے جا سکتے ہیں۔
  5. اگر کسی مقالے کے بارے میں دو یا دو سے زیادہ منتظمین یا پرانے صارفین اس رائے کا اظہار کریں کہ یہ غیر معروف ہے تو اس پر اس پالیسی کا اطلاق ہوگا۔
  6. غیر معروف مقالہ جات کو منتظمین سانچہ:غیر معروف لگا کر مقفل کردیں گے۔
  7. مقالے کے مصنف سے یہ مطالبہ کیا جائے گا کہ وہ یا تو 4 اهم نکات کی شرط پر پورا اترنے والاحوالہ فراہم کرے۔
    1. اگر حوالہ قابلِ تصدیق، اور معروف نوعیت کا نا ہوا تو ناقابل قبول ہوگا اور مضمون حذف کیا جاسکے گا۔
    2. ایسے حوالہ جات جو واقعتاً کسی اجتماعی ذرائع (مثال کے طور پر اشاعت شدہ کوئی کتاب، یا کسی تیسرے فریق کے اجتماعی موقع (site) وغیرہ) سے ہوں تو ان کو قبول کیا جائے گا۔
    3. وہ حوالہ جات جو کسی انتہائی نجی یا عارضی دستاویز (جیسے کوئی وقتی اشاعت شدہ چھوٹا سا کسی محلی ادارے کا کتابچہ یا کوئی وقتی یا عارضی اشتہاری رسالہ وغیرہ) تو وہ ناقابل قبول ہوں گے؛ اسی طرح اپنے ہی ذاتی موقع یا مدونہ سے دیئے گئےحوالہ جات بھی ناقابل قبول ہوں گے۔
  8. مندرجہ بالا پالیسیوں سے قطع نظر، مضامین میں تمام دعووں کے لیے مستند حوالہ جات دینا ضروری ہے۔ حوالہ فراہم نہ کیے جانے کی صورت متنازع حصے حذف کیے جا سکتے ہیں۔
  9. شخصیاتی مضامین کے عنوانات میں ان کے عہدے یا سرکاری و معاشری حیثیت کا اضافہ عمومی طور پر ناقابلِ قبول قرار دیا جاتا ہے؛ اس سے استشناء کی صورت میں دیوان عام میں مشورہ کیا جاسکتا ہے۔
    1. ایسا کرنے کی اہم ترین وجہ یہ ہے کہ اگر عہدے یا حیثیت کو عنوان کا حصہ بنایا جاتا ہے تو پھر منطقی طور پر اسی عنوان میں اس شخصیت کی جغرافیائی حدود کا نام بھی (قوسین) میں لکھنا لازم ہوگا کیونکہ ایک ہندوستانی ، پاکستانی یا کسی اور ملکی سرکاری لقب کو اس ملک سے باہر کوئی شناخت حاصل نہیں۔
    2. اگر لقب یا عہدہ بہر صورت درج کرنا لازم ٹہرے تو پھر یہ بھی لازم ٹہرے گا کہ اس کا اندراج اردو میں ہی ہو اور کلمہ نویسی کی اجازت نہیں ہوگی۔
  10. مزید دیکھیئےویکیپیڈیا:حکمت عملی برائے غیر معروف عنوانات۔

ب : مذہبی مضامین کی ہدایات

  1. ویکیپیڈیا کسی ایک خاص مذہب کے لیئےمخصوص نہیں ہے اس لیئےمضمون کی عبارت تمام صارفین کے لیئےقابلِ قبول ہونا چاہیے۔
  2. یہ کوئی محلی کتاب نہیں بلکہ ایک عالمی دائرۃ المعارف ہے جسے صرف ایک مخصوص طبقہ نہیں بلکہ تمام دنیا میں ہر شخص پڑھتا ہے، اس لیئے کسی بھی مذہب پر اردو مضامین لکھتے وقت خیال رکھیے کہ آپ کا مضمون عالمی معیار کے مطابق ہو اور اس صفحے پر درج تمام ہدایات پر پورا اترتا ہو
    1. آپ کا مضمون صرف اس مذہب کے پڑھنے والوں تک محدود نا ہو جس مذہب پر آپ لکھ رہے ہیں
    2. اسلامی موضوعات پر لکھتے وقت خیال رکھیے کہ آپ کا مضمون کسی مسجد کا کتابچہ نا بنے
    3. خیال رکھیے کہ اس عالمی ویکیپیڈیا پر آپ کا مضمون محض اسلامی ممالک میں بسنے والے شیعہ ، بریلوی یا دیوبندیوں وغیرہ وغیرہ وغیرہ تک محدود نہیں ہے۔ آپ کے اسلامی مضمون میں عیسائی بھی اپنا حصہ شامل کر سکتا ہے اور ایک ہندو بھی ویکیپیڈیا پر لکھے ہوئےآپ کے اسلامی مضمون میں اپنا حصہ شامل کر سکتا ہے اور اسی طرح ہندو مذہب پر لکھے مضمون میں ایک مسلمان یا بدھ مت والا بھی اپنا حصہ شامل کر سکتا ہے
    4. آپ کو ہوسکتا ہے اپنے مذہب سے بہت محبت ہو لیکن اس بات کا خیال رکھیے کہ اس عالمی دائرۃ المعارف کا کسی بھی قسم کی تبلیغی سرگرمی سے کوئی سروکار نہیں ہے۔ اس ویکیپیڈیا کو اپنے مذہب کی تبلیغ کرنے کے لیئےاستعمال نہیں کیجیے؛ اس کام کے لیئےآپ کو کوئی دوسری جگہ تلاش کرنے کی ضرورت پیش آئے گی
  3. آپ کے مضمون کی زبان ، آپ کی اپنے مذہب سے محبت کے جذبات سے سرشار ہوکر لگاوٹی اور تبلیغی نہیں ہونا چاہیے۔
  4. اپنی بات ہر طرح سے صارف کے ذہن میں اتار کر اسکا مذہب تبدیل کروانے کی کوشش کے سلسلے میں ایک ہی بات (یا مفہوم) کو الفاظ بدل بدل کر نہیں دہرائیے اور کوئی ایک بات ، ایک سے زیادہ مرتبہ مضمون میں نہیں لکھیے۔

ج : اسلامی مضامین کی ہدایات

  1. اس ویکیپیڈیا پر اردو پڑھنے سمجھنے والے زیادہ تر پاکستانی ہیں اور ایسے صارفین اکرام میں عموماً ایک غلط فہمی یہ دیکھنے میں آتی ہے کہ وہ اس ویکیپیڈیا پر اپنا ایسا حق سمجھتے ہیں کہ جیسے یہ پاکستان کا کوئی اخبار یا رسالہ یا پاکستان کا کوئی ادارہ ہو؛ صورتحال اس کے بالکل برعکس ہے اور تمام اردو پڑھنے سمجھنے والوں کو اس حقیقت کو ہمیشہ اپنے سامنے رکھنا چاہیے کہ دنیا میں موجود ہر اردو چیز پاکستانی نہیں ہوا کرتی اور اس ویکیپیڈیا کا تعلق بھی پاکستان ہی نہیں بلکہ کسی بھی ملک سے نہیں ہے۔
  2. ممالک کی وضاحت کی ضرورت اس لیئےپیش آئی کہ اس بات کو نا سمجھنے کی وجہ سے اکثر صارفین غلط فہمی کا شکار رہتے ہیں اور اس کی وجہ سے وہ سمجھاے جانے پر بات کو سمجھنے میں دشواری محسوس کرتے ہیں کیونکہ ان کے نزدیک تو اگر کوئی چیز اردو میں ہے تو صرف پاکستانی ہی ہے اور اردو میں ہے تو صرف اسلامی ہی ہے؛ ایسا ہرگز نہیں ہے ، یہ ویکیپیڈیا نا تو پاکستانی ہے نا اسلامی ہے نا ہندوستانی ہے نا ہندوانی ہے نا دبئی کا ہے نا یونانی ہے
  3. شخصی ناموں کے لیئےویکیپیڈیا پر مقالات (بطور خاص ان کے عنوانات) میں مندرجہ ذیل باتوں کی سختی سے پابندی کی جاتی ہے
    1. حضرت محمد (ص) سے قبل کے انبیا کا صرف نام لکھ کر علیہ السلام کا اضافہ کیجیے مثلاً ابراھیم علیہ السلام ؛ اس کے علاوہ نا تو آگے اور نا ہی پیچھے کوئی لقب جوڑا جاسکتا ہے
    2. صحابۂ اکرام کے لیئے عنوانات میں انکا ذاتی نام اور اگر ولدیت مشہور ہے (جیسا کہ عموماً عرب ناموں میں ہوتی ہے) تو اسے لکھ دیا جائے؛ جیسے عثمان ابن عفان
    3. عنوان میں نام کے بعد ادبیہ کلمات کا اضافہ نہ کیا جائے، یہ کلمات یا مکمل القاباتی نام ، مضمون کے ابتدائیے میں بیان کیا جاسکتا ہے
    4. نام کے دیگر معروف متغیرات کو مقالے کی طرف رجوع مکرر کروا دیا جائے
  4. اردو میں مذہبی کتب عموماً صرف مسلمانوں کے لیئےلکھی جاتی ہیں جن میں انداز بیان بکثرت تبلیغانہ یا نصیحت آمیز ہوا کرتا ہے ، ایسی زبان یا انداز بیان ویکیپیڈیا پر نہیں لکھا جاتا یہاں اسلامی مضامین کے انداز و بیان کو سادہ ، بیانیہ ، دو ٹوک رکھا جاتا ہے۔ کس ایک نکتے پر بحث کو بلاوجہ کھینچ کر طول نا دیجیے جیسے کہ ایک مبلغ کوئی تقریر کر رہا ہو۔
  5. اسلامی مضامین میں حوالہ جات دینا لازمی سمجھا جاتا ہے، حوالے کے بارے میں مندرجہ ذیل ہدایات کو سمجھ لیجیے
    1. تقریری انداز میں لکھی تحریر سے ایک قباہت یہ بھی سامنے آتی ہے کہ چونکہ عبارت میں کئی جدا جدا مفاھیم گڈ مڈ ہو چکے ہوتے ہیں اور اگر حوالہ دیا جائےتو حوالے کے عدد سے یہ معلوم نہیں ہوتا کہ عبارت میں موجود مختلف مفاہیم میں سے حوالہ کس مفہوم کے بارے میں دیا گیا ہے
    2. حوالے کا عدد اس بیان پر ظاہر ہونا ضروری ہے کہ جس کے بارے میں وہ حوالہ دیا گیا ہو
    3. اپنی عبارت میں چالاکی سے پرہیز کیجیے! اس کا مطلب یہ ہے کہ اپنے من پسند جملے لکھنے کے بعد آخر میں کوئی درست جملہ لکھ کر اس پر حوالہ لگا کر اپنے من پسند جملوں کی بقا کا جھوٹا جواز پیدا نہیں کیجیے؛ آپ کا حوالہ ہر مفہوم کے لیئےالگ ہونا چاہیے اور متعلقہ عبارت کے فوراً بعد اس کا عدد ظاہر ہونا لازمی ہے
    4. یعنی صاف الفاظ میں یہ کہ جس بات کا حوالہ نا دے سکتے ہوں اس کو مضمون میں درج نہیں کیجیے


!سائنسی مضامین پر اردو ویکیپیڈیا کی پیشہ ورانہ مہارت
اگر آپ سائنسی مضامین اردو میں لکھنا چاہتے ہیں تو اس بات کا اطمینان کر لیجیے کہ اس اردو ویکیپیڈیا پر آپ کو سائنسی مضامین پر اس درجے تک پیشہ ورانہ معیار کی راہنمائی اور مدد فراہم کی جائے گی کہ جیسی اردو کی کسی اور ویب سائٹ پر دستیاب ہونا ناممکن ہے؛ بلکہ کسی حد تک یہ بھی کہا جاسکتا ہے کہ ایسی پیشہ ورانہ راہنمائی شاید فی الحال اردو بولنے سمجھنے والوں کی کتاب یا جامعہ میں بھی دستیاب نا ہوگی اس کی وجہ یہ ہے کہ اردو ویکیپیڈیا پر ابتداء سے لیکر آج تک ہمیشہ ہر سائنسی مضمون کو مکمل اردو میں تحریر کیا گیا ہے اور یہ رجحان ، 100 فیصد اردو میں لکھنے کا ابھی کسی اور جگہ نظر نہیں آتا۔ انگریزی اصطلاحات کو انگریزی ادائگی میں ہی محض اردو کے حروف تہجی استعمال کر کہ کلمہ نویسی کر دینے کا رواج اس اردو دائرۃ المعارف پر نہیں ہے اور اگر آپ اس بات سے متفق نہیں ہیں اور رائج اصطلاحات کو انگریزی میں ہی رکھنا مناسب سمجھتے ہیں تو جان لیجیے کہ یہ اردو ویکیپیڈیا آپ کی تحریروں کے لیئےمناسب جگہ نہیں۔ آپ کی انگریزی سائنسی قابلیت و مہارت سے استفادہ اٹھانے کے لیئےاردو ویکیپیڈیا نہیں بلکہ انگریزی ویکیپیڈیا بے چین ہے اور انگریزی میں سائنسی مضامین ظاہر ہے کہ انگریزی ویکیپیڈیا پر ہی لکھے جانے چاہیں؛ یا پھر آپ کلمہ نویسی کے لیئےاپنی الگ جگہ بھی تیار کرسکتے ہیں۔

سائنسی مضامین کی ہدایات

  1. سائنسی مضامین میں ہر اصطلاح (term) لازماً اردو میں ہونا چاہیے
  2. اگر آپ کو کسی لغت میں انگریزی اصطلاح کا اردو متبادل دستیاب نہیں ہوسکے تو ویکیپیڈیا پر مطلوب الفاظ پر پوچھ لیجیے
  3. اردو میں لکھیں یا انگریزی میں چلنے دیں؟ اس بات پر ویکیپیڈیا پر بہت مباحثے ہوچکے ہیں اگر آپ اس موضوع پر دلچسپی رکھتے ہیں تو تبادلۂ خیال ویکیپیڈیا:دیوان عام پر ان صفحات کا ربط مانگ سکتے ہیں
    1. اردو میں علومِ جدید کی منتقلی کے بارے میں اردو غیر اردو کا مضمون بھی دیکھنا مفید ہوگا
  4. ہر سائنسی مضمون میں وہی تمام خصوصیات ہونا چاہیں جو کہ ویکیپیڈیا کے معیار کے طور پر تسلیم کی جاچکی ہیں، ان میں اہم ترین 4 اهم نکات کا ہونا ہے
  5. اردو اصطلاحات کا موضوع اردو ویکیپیڈیا پر باہم مشوروں سے تمام پرانے صارفین کی اتفاقِ رائے سے طے پا چکا ہے اور اس کو پامال کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی
    1. اردو اصطلاحات پر پرانے ساتھیوں کا اتفاق کوئی لازم شرط بھی نہیں ہے، منطقی بات ہے کہ اردو ویکیپیڈیا ہے تو اردو میں ہی لکھا جائے گا نا کہ عربی زدہ انگریزی یا کلمہ نویسی میں اور اس بات پر کسی کا متفق ہونا یا نا ہونا کوئی اہمیت نہیں رکھتا