سکھوں کا مشہور گردوارہ جو حسن ابدال ضلع اٹک کے مقام پر واقع ہے۔ وہاں ایک پتھر پر گرونانک جی کا پنجہ لگا ہوا ہے۔ یہ پتھر قصبے کے اندر ایک مکان میں محفوظ ہے، جو بالعموم مقفل رہتا ہے اور سکھ زائرین یا دوسرے زائرین کی آمد پر کھولا جاتا ہے۔ اسے 1823ء میں سردار ہری سنگھ نے تعمیر کرایا تھا۔ 1920ء تک یہ ہندو مہنتوں کے قبضے میں رہا۔ سکھوں کی مزاحمت کے بعد دوسرے گردواروں کے ساتھ یہ بھی سکھ پنتھ کے زیر انتظام آگیا۔ 1933ء میں اس عمارت کی تجدید کی گئی۔

پنجہ صاحب

گردوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال اٹک گردوارہ پنجہ صاحب سکھوں کا سب سے بڑا گردوارہ ہے۔ اس کا گھیرائو 396 گز ہے۔ اس کے چاروں طرف دو منزلہ کمرے ہیں۔ کئی کمرے زیرزمین بھی ہیں باہر اطراف میں تین طرف دکانیں بنی ہوئی ہیں گردوارے کی ملکیت میں صرف دکانیں ہی نہیں بلکہ حسن ابدال میں کئی مکان‘ راولپنڈی‘ اٹک اور حضرو میں کافی جائداد گردوارے کے نام ہے۔ گردوارہ پنجہ صاحب‘ مہاراجا رنجیت سنگھ کے جرنیل سردار ہری سنگھ نلوہ نے بنوایا تھا۔ یہ وہی ہری سنگھ نلوہ ہے جس کے نام سے ہری پور منسوب ہے۔ پنجہ صاحب کی تعمیر نو کا کام 1920ء میں شروع ہوا جو 1930ء تک وقفے وقفے سے جاری رہا پنجے کی چھتری 1932ء میں تعمیر ہوئی۔ پنجہ کے معنی پنجابی زبان میں ہاتھ کا پنجہ اور صاحب کے معنی عربی میں مالک کے ہوتے ہیں یعنی جناب مالک کا پنجہ‘ تاریخ سکھ میں روایات ہیں کہ مذہب کے بانی بابا گرونانک اور بابا ولی قندھاری میں کافی پنجہ آزمائی ہوتی رہتی تھی اور ایک روز بابا گرونانک علیل ہو گئے۔ بابا گرونانک نے اپنے شاگرد بھائی مردانہ سے کہا کہ وہ بابا ولی قندھاری کے آستانہ سے پانی لے آئے۔ بھائی مردانہ پانی لینے کے لیے بابا ولی قندھاری کے پاس گیا لیکن بابا قندھاری نے پانی دینے سے انکار کر دیا۔ بھائی مردانہ ناکام لوٹا۔ بابا گرونانک نے پھر بھائی مردان کو کہا کہ وہ ولی بابا قندھاری کے آستانہ سے پانی بھر لائے۔ بھائی مردانہ پھر بابا قندھاری کے پاس گیا۔ بابا قندھاری نے پھر جواب دے دیا اور بھائی مردانہ کو کہا کہ اگر بابا گرونانک کو اپنے عقائد پر یقین ہے تو اسے کہو کہ وہ خود پانی نکال لے آپ کو میرے پاس کیوں بار بار بھیج رہا ہے۔ بھائی مردانہ نے بابا گرونانک کو بابا قندھاری کی یہ بات سنائی تو بابا گرونانک نے اپنا عصا زمین پر مارا اور زمین سے چشمہ پھوٹ پڑا۔ چشمہ پھوٹنے کے بعد بابا گرونانک نے خوب سیر ہو کر پانی پیا اور بھائی مردانہ کو کہا کہ وہ بابا ولی قندھاری کو بھی بتا دے کہ ہم نے پانی نکال لیا ہے۔ بھائی مردانہ بابا ولی قندھاری کے دربار پر گیا اور آگاہ کیا کہ پانی نکل آیا ہے۔ تاریخ سکھ کی روایات کے مطابق بابا ولی قندھاری نے اس چشمہ کو بند کرنے کے لیے اپنے آستانہ سے پتھر پھینکا جسے گرونانک نے پنجہ سے روکا۔ بابا گرونانک کا پنجہ اس میں نقش ہو گیا پتھر رک گیا اور چشمہ جاری رہا اس چشمہ کے پانی کو سکھ انتہائی مقدس خیال کرتے ہیں۔ بیساکھی کے موقع پر اس چشمہ کے پانی میں غسل کرتے ہیں اور پھر بابا گرونانک کے نقش شدہ پنجہ پر اپنا پنجہ رکھتے ہیں سکھ عقائد و نظریات کے مطابق ایسا کرنے سے ان کے گناہ ختم ہو جاتے ہیں اور وہ پاک صاف ہو جاتے ہیں۔ پنجہ صاحب کی زیارت سکھوں کے لیے گناہ دھو دیتی ہے۔پنجہ صاحب پر دیا جانے والا لنگر سکھوں کے لیے متبرک تو ہے ہی لیکن وہ اسے صحت کے لیے بھی بڑا مفید قرار دیتے ہیں۔ لنگر میں خالص دیسی گھی استعمال کیا جاتا ہے۔ بھارت اور پاکستان کے علاوہ دنیا بھر کے سکھ دیسی گھی کے چڑھاوے چڑھاتے ہیں اس کے علاوہ صفائی اور حفظان صحت کے اصولوں کا بھی بڑا خیال رکھا جاتا ہے،

ہر سال اپریل کے مہینے میں ’بیساکھی‘ کا میلہ یہاں سجتا ہے اور پوری دنیا سے، خاص طور پر ہندوستان سے ہزاروں کی تعداد میں سکھ یاتری ’پنجا صاحب‘ کی زیارت کرنے یہاں آتے ہیں۔ اس سال بھی بھارت سے تقریباً ساڑھے تین ہزار سکھ یاتری اور دوسرے ممالک سے جن میں یورپ کے ممالک بھی شامل ہیں لگ بھگ پندرہ سو یاتری اس میلے میں شرکت کے لیے آئے ہیں۔ اگر ملک بھر سے آنے والے یاتریوں کو بھی شامل کر لیا جائے تو اس میلے میں شرکت کرنے والے یاتریوں کی تعداد تقریباً دس سے بارہ ہزار ہو جاتی ہے۔

مزید دیکھیے

ترمیم

حوالہ جات

ترمیم