ادارہ ادب اطفال بھٹکل بچوں کی تعلیم و تربیت اور ان کے روشن مستقبل کے لیے سرگرم ہے،اس ادارے میں بچوں کی اسلامی نہج پر تربیت اور ان کے ذہن و دماغ کو ایمانی سانچے میں ڈھالنے کی کوشش کی جاتی ہے،اسلامی اقدار اور روایات کی پاسداری،اردو ادب اور خصوصا صالح لٹریچر کوعام کرنے کی بھی ادارے میں کوشش ہوتی ہے۔

ادارے کے شعبے

”ماہنامہ بچوں کا پھول“

ادارہ ادب اطفال بھٹکل گذشتہ چار سال سے بچوں کی تعلیم و تربیت میں سرگرم ہے،بچوں کی فکری تربیت کے لیے ادارے کے تحت ”پھول“ شائع ہوتا ہے جو ہندوستان کے کئی علاقوں میں اپنی خوشبو بکھیر رہا ہے۔رسالے کی خصوصیت یہ ہے کہ اس میں بچوں کی نفسیات کا مکمل خیال رکھا جاتا ہے۔پورا رسالہ ملٹی کلر میں اعلیٰ معیار طباعت کے ساتھ شائع کیا جاتا ہے۔انھی خوبیو ں کے پیش نظر کرناٹک اردو اکیڈمی نے سال دوہزارسترہ اور اٹھارہ میں بچوں کے ادب پر ہونے والی سب سے اچھی کوشش کے لیے ریاستی سطح پر ایوارڈ سے بھی نواز گیا۔الحمد للہ علیٰ ذالک

”کاروان اطفال“

گذشتہ چار سال سے ادراہ ادبِ اطفال بھٹکل مختلف طریقوں سے نسل نو کی تعلیم و تربیت میں سرگرم ہے۔ادارہ کا ایک اہم ترین شعبہ بچوں کی تنظیم ”کارونِ اطفال“ ہے۔”کاروان اطفال“ بچوں کی ایک متحدہ تنظیم ہے،اسکول اور مدارس کے طلبہ پر مشتمل یہ تنظیم الحمد للہ گذشتہ تین سال سے سرگرم ہے۔کاروانِ اطفال کا نظام کسی ایک بڑی تحریک سے کم نہیں ہے۔یہی وجہ ہے کہ بچوں کی یہ تنظیم اب بھٹکل واطراف سے نکل کر ہندوستان کے دیگر علاقوں اور صوبوں تک پھیل چکی ہے۔اس کے ارکان گرچہ بہت چھوٹے اور ناتواں ہیں لیکن ان کے عزائم جواں اور بامقصد ہیں۔اس کے ارکان کے لیے کڑے شرائط رکھے جاتے ہیں اور ان کا ایک منفرد تربیتی نظام بھی لوگوں کو متاثر کرتا ہے۔ہر سال کے ان کے انتخابات ہوتے ہیں جس میں کاروان کا امیر اور عہدے داران کا انتخاب ہوتا ہے۔

”بچوں کی لائبریریاں“

ادارے کے تحت بچوں کی لائبریریوں کا نظام بھی بڑی حد تک کامیاب ہو رہا ہے۔بھٹکل میں خطیبِ قوم مولانا عبد الباری ؒاور قوم کے عظیم شاعر فطرتؔ بھٹکلی کے نام پر خوبصورت اور جاذب نظر لائبریریاں بچوں کی لائبریریوں میں بطور نمونہ پیش کی جارہی ہیں۔اور کئی علاقوں کے ذمہ داران ان کو دیکھنے کے لیے آتے ہیں اور اسی طرز پر اپنے علاقوں میں بھی لائبریریاں قائم کر رہے ہیں۔

”کہکشاں“

ہماری نسل میوزک اور فحش گانوں کی طرف بڑھ رہی ہے،اس کے تدارک کے لیے ہم نے ہائی لیول کااسٹوڈیو”کہکشاں“ کے نام سے بنایا،جو دراصل ادارے کا اہم ترین شعبہ ہے،اس کا مقصد اردو زبان و ادب کی ترویج اور اسلامی ترانوں اور ایمانی نغموں سے دلوں کو گرمانا اور سوئے ہوؤں کو جگانا ہے۔ آپ میں سے ہر ایک چاہتا ہوگا کہ آپ کے بچے اچھے ہوں،آپ کے بچے کی اسلامی نہج پر ذہن سازی ہو اور آپ کے بچے مستقبل کے قائد اور رہنما بن کر ملت کا نام روشن کریں!ہم بھی یہی چاہتے ہیں،الحمد للہ ادارہ ادب اطفال کا مقصد بھی یہی ہے۔اسی لیے آپ سے درخواست ہے کہ تعلیم و تربیت اور بچوں کی ذہن سازی کے اس مشن میں آپ بھی ہمارا ساتھ دیں،آپ بھی ہمارے ہم سفر بنیں۔

شعبہ ٔنشر و اشاعت

بچوں کا لٹریچر پوری دنیا میں کروڑوں کی تعداد میں شائع ہوتا ہے۔ہر سال بچوں پر لاکھوں تصنیفات منظر عام پر آتی ہے،لیکن ہمارے دینی و ادبی حلقے اس میں کوتا ہ ہیں۔اس لیے ہمارے بچے غیروں کے لٹریچر پڑھ کر اپنے اذہان کو متاثر کرتے ہیں اور بعض مرتبہ یہی لٹریچر دین سے دوری کا سبب بنتا ہے۔ اس وجہ سے ادارے کے تحت شعبہ ئ نشر و اشاعت بچوں کے لٹریچر اور کتابوں پر کام کر رہاہے۔ اس کے تحت ایک عظیم الشان بچوں کے کتاب میلے کا بھی انعقاد عید الفطر کے دوسرے ہفتے ہوگا،جس میں ہندوستان بھر کے بچوں کے مصنفین اور پبلیشر تشریف لائیں گے۔ اس کے علاوہ اس موقع پر ادارے کی طرف سے بچوں پر ایک سو کتابیں جاذب نظر اور پر کشش انداز میں شائع ہوگی۔