انسانیت
انسانیت (انگریزی: Humanity) بنیادی طور اس تصور کا نام ہے جو ایک انسان کو دوسرے انسان سے جوڑتا ہے۔ اس کے مختلف درجے یا سطحیں ہوتی ہیں۔ ان کی ایک زمرہ بندی اس طرح سے کی جا سکتی ہے:
- رشتے داری کے سبب: انسانی رشتے یا تو پیدائش سے یا پھر شادی بیاہ جیسے تعلقات سے رو نما ہو سکتے ہیں۔ مثلًا ماں اور بیٹے کا رشتہ اور بیوی اور شوہر کا رشتہ۔ ان رشتوں کی وجہ سے ماں بچے کے رونے سے دکھی اور اس کے مسکرانے سے خوش ہوتی ہے۔ اسی رشتے کی وجہ سے شوہر رات دن پسینا بہا کر بیوی کے لیے قیمتی تحفہ پیش کر سکتا ہے۔ انھی رشتوں سے ذیلی رشتے بھی رو نما ہوتے ہیں، جیسے کہ ایک لڑکے کا اپنی خالہ سے رشتہ یا پھر ایک آدمی کا اپنی خوش دامن سے رشتہ، جسے مجازًا وہ ماں کہ کر بلاتا ہے۔
- دوستی اور ہم خیالی کے سبب: کسی اسکول یا کالج میں ایک جیسی سوچ یا پسند کی بنا پر لوگوں کی انسیت اور زیادہ اٹھنا بیٹھنا ہو سکتا ہے۔
- سماج اور سماجی گروہ بندیوں کے سبب: اس زمرے میں لوگوں کی جانب سے رفاہ عامہ کے کام آتے ہیں، جن سے سماج کے افراد جن سے اس شخص شخص کی راست وابستگی نہ ہو، وہ بھی فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ مثلًا رفاہ عامہ یا ثواب کی غرض سے کسی کا موسم گرما میں پانی کا انتظام کرنا۔
- بے لوث انسانیت: اس میں کسی ظاہری تعلق کے بغیر کسی شخص کی مدد کرنا یا اس کی فکر کرنا شامل ہے۔ مثلًا دنیا کے کسی حصے میں زلزلے سے تباہ حال لوگوں کی فکر یا ان کی مالی مدد۔