انسانی ورم حلیمی وائرس
ہیومن پـیـپـیـلوما وائرس کو مختصر HPV بھی کہا جاتا ہے وائرس کی یہ نوع (species) دراصل وائرسوں کے طبقہ (genus) پـیـپـیـلووائریڈی کا ایک رکن ہے جو انسانی خلیات میں داخل ہوکر (یعنی ان کو عدوی / infected کرکے) نسیج کی نامعمول (abnormal) نشو و نما پیدا کر سکتا ہے۔ HPV نوع کی سو سے زائد اقسام (strains) شناخت کی جاچکی ہیں جن میں سے اکثر بے ضرر ہیں، کچھ جلدی ثولول (skin warts) کا باعث بنتی ہیں جو ہاتھ یا پاؤں پر نمودار ہوتے ہیں۔ اس وائرس کی کچھ اقسام ایسی بھی ہوتی ہیں جنسے سرطان پیدا ہو سکتا ہے۔ اس کے علاوہ HPV کی تیس کے قریب اقسام جنسی منقولی (sexually transmitted) ہوتی ہیں جنمیں سے کچھ تناسلی ثولول (genital warts) پیدا کرتے ہیں اور کچھ گردنہ سرطان یعنی رحم گردن کے سرطان (cervical cancer) کا موجب بنتے ہیں (اس کے بارے میں اندازہ لگایا گیا ہے کہ 99 فیصد گردنہ سرطان کا موجب یہی وائرس ہوتا ہے)۔
جنسی طور پر فعال بالغوں میں سے 80 فیصد کسی نہ کسی وقت HPV کی کسی ایک یا دوسری قسم سے عدوی (infected) یعنی متاثر ہوتے ہیں، مگر ان میں سے اکثر میں کوئی علامت نہیں ظاہر ہوتی اور وہ اپنی کیفیت سے بے خبر رہتے ہیں لیکن اس کے باوجود یہ افراد اس وائرس کو دوسروں میں منتقل کرسکتے ہیں
ساخت
ترمیمگو کہ تمام اقسام کے HPV وائرس کسی نہ کسی حد تک ایک دوسرے سے اختلاف رکھتے ہیں لیکن ان میں کئی باتیں مشرک ہوتی ہیں۔ مثلاً یہ نسبتا چھوٹے اور غیرغلاف دار وائرس ہیں یعنی ان میں غلاف نہیں پایاجاتا (غلاف دراصل خلیاتی جھلی کی مانند، لپڈ دوتہی جھلی ہوتی ہے جو وائرسوں کے کیپسڈ کے گرد لپٹی ہوتی ہے)۔
انکا جسم، جینیاتی مادے اور اس کے گرد پروٹین کے غلاف پر مشتمل ہوتا ہے جس کو کیپسڈ کہتے ہیں۔۔ جینیاتی مادہ دراصل دوہرا DNA ہوتا ہے جو مختلف اقسام کی پروٹین تیارکرتا ہے یہ پروٹین میزبان خلیے کی پروٹین کے ساتھ ملکر وائرس کی درون خلیاتی افزائش میں کام آتی ہیں۔