بارش پیما
بارش پیماء (اور باراں پیماء) یا مقیاس المطر (Rain Gauge)، ایک ادات جس کے ذریعے یہ معلوم کیا جاتا ہے کہ کس قدر بارش ہوئی[1]. یہ لوہے کے سلنڈر اور شیشے کی ایک بوتل پر مشتمل ہوتا ہے۔ بوتل کے اوپر ایک قیف رکھی جاتی ہے۔ جس کا نچلا سرا بوتل کے اندر جاتا ہے اس سلنڈر کو کسی کھلے میدان میں سطح زمین سے تقریباًًً ایک فٹ اونچا رکھا جاتا ہے تاکہ بارش کے چھینٹے اس میں نہ پڑیں۔ یہ بھی خیال رکھا جاتا ہے کہ اس کا پانی کسی صورت ضائع نہ ہو۔ بارش کا پانی قیف کے ذریعے بوتل میں جمع ہو جاتا ہے۔ یہ جمع شدہ پانی ایک درجہ دار سلنڈر میں ڈال کر ناپ لیا جاتا ہے۔ درجہ دار سلنڈر اورقیف کے منھ میں ایک تناسب ہوتا ہے اگر درجہ دار سلنڈر میں پانی دس انچ تک آئے تو کل بارش ایک انچ ہوگی۔
اس کا مطلب یہ ہوتا ہے کہ اگر بارش کا پانی نہ بخارات بنے، نہ زمین میں جذب ہو اور نہ کسی طرف بہہ جائے بلکہ ایک جگہ کھڑا رہے تو اس کی گہرائی ایک انچ ہوگی۔ اس درجہ دار سلنڈر کے ذریعے 1/100 انچ تک بارش ناپی جا سکتی ہے اس قسم کے مقیاس المطر ہر تعلقہ یا تحصیل میں نصب ہوتے ہیں اور ان سے مقامی بارش کا اندازہ کیا جاتا ہے۔