بر مِصواہ (عبرانی: בַּר מִצְוָה) یہودیوں کی ایک رسم ہے جو لڑکوں کے سن بلوغ تک پہنچنے کی علامت ہے۔ لڑکیوں کی رسم بت مصواہ کہلاتی ہے۔

یروشلم میں بار متسواہ

جب لڑکا تیرہ برس کی عمر کو پہنچتا ہے تو باضابطہ طور پر بر مصواہ کی رسم انجام پاتی ہے۔ لڑکیوں کی عموماً بارہ برس میں ہوتی ہے۔ یہودی شریعت کے مطابق اس عمر سے پہلے والدین اپنے بچے کے ہر فعل کے جوابدہ ہوتے ہیں، مگر اس کے بعد بچہ خود یہودی شریعت اور اخلاقی اصولوں کو ماننے اور رسمیں نبھانے کا ذمہ دار ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ وہ یہودی سماجی زندگی کے ہر حلقے میں اب حصہ لے سکتے ہیں اور لڑکے باجماعت نماز بھی پڑھا سکتے ہیں۔ بر مصواہ کی تقریب عام طور پر لڑکے کی تیرہویں یا لڑکی کی بارہویں سالگرہ کے بعد پہلے سبت (ہفتے کے روز) پر منائی جاتی ہے۔ بر مصواہ کا ذکر مشنا اور تلمود میں ملتا ہے۔

بر مصواہ کا جشن عام طور پر خاندان، دوست اور یہودی برادری کے افراد کے ساتھ دعوت پر مشتمل ہوتا ہے، مگر کچھ لوگ دیگر طریقے سے مناتے ہیں، جیسے کہ سیاحت کے دورے پر جاتے ہیں یا کوئی اور خاص تقریب یا پارٹی منعقد کرتے ہیں۔ کچھ برادریوں میں نو بالغ کو سند نامے سے نوازا جاتا ہے۔ کچھ بالغ یہودی بلوغت کے بعد بھی بر مصواہ مناتے ہیں۔ کبھی یہ ان کی دوسری بر مصواہ ہوتی ہے، مگر کبھی ایسا ہوتا ہے کہ انھوں نے بچپن میں رسم نبھائی نہ ہو اور بڑے ہو کر اپنی یہودی شناخت میں ان کی دلچسپی میں اضافہ ہوتا ہے۔ بلوغت کے بعد بر مصواہ کا انعقاد اس صورت میں بھی ہوتا ہے جب کسی دوسرے مذہب کا شخص یہودیت قبول کرے۔

حوالہ جات ترمیم