بنوں میوزیم
بنوں میوزیم کو پاکستان کے نئے بننے والے عجائب گھروں میں شمار کیا جاتا ہے ۔ یہ میوزیم خیبرپختون خواہ کے محکمہ آثار قدیمہ و عجائب گھر کی کاوشوں سے بنایا گیا ہے ۔ اس میوزیم کا افتتاح 2011ء میں کیا گیا تھا ۔ بنوں اور گرد و نواح کے علاقوں سے مختلف کھدائیوں کے دوران برآمد ہونے والی مختلف اشیاء کو رکھنے کا مسئلہ پیدا ہوا تو اس علاقے میں ایک عجائب گھر بنانے کی شدید ضرورت محسوس کی گئی جس کو بنوں میوزیم سے پورا کیا گیا۔
بنوں کے آس پاس شیر خان ترکئی، آکرہ اور لیوان کے مقامات پر کیمبرج یونیورسٹی ، پشاور یونیورسٹی، برٹش میوزیم اور محکمہ آثار قدیمہ بنوں کے تعاون سے کھدائی کی گئی ۔ یہاں سے ملنے والے نوادرات بنوں میوزیم سمیت برٹش میوزیم میں بھی رکھے گئے ہیں۔ سادہ سی عمارت میں بنا یہ میوزیم اپنے اندر قدیم تہذیب و ثقافت میں سمیٹے ہوئے ہے ۔