بین الاقوامی ڈالر یا گیری۔ خامس ڈالر (Geary-Khamis dollar) ایک فرضی کرنسی ہے جس کی قوت خرید امریکی ڈالر کے برابر ہے۔ چونکہ امریکی ڈالر کی قیمت میں کمی بیشی ہوتی ہے اس لیے جب ہم نے معاشیات میں دو یا دو سے زیادہ ممالک کا تقابلی جائزہ لینا ہو تو ہم بین الاقوامی ڈالر کا استعمال کرتے ہیں۔ بین الاقوامی ڈالر کو 1990ء کی امریکی ڈالر کی قوت خرید کے برابر رکھا گیا ہے تاکہ اگر ہم دو یا دو سے زیادہ سالوں میں کسی متغیر کا جائزہ لینا چاہیں تو ڈالر کی قیمت کے اتار چڑھاؤ کی وجہ سے مسئلہ نہ ہو۔ بین الاقوامی ڈالر کی قیمت دو چیزوں سے متعین ہوتی ہے۔ ایک تو مساوی قوت خرید (Purchasing Power Parity) کا نظریہ اور دوسرے دنیا میں اشیاء کی اوسط قیمت خرید۔ ان دونوں چیزوں کو مدنظر رکھ کر بین الاقوامی ڈالر کی قیمت متعین ہوتی ہے۔ آج کل جب بھی مساوی قوت خرید قومی آمدنی یا فی کس آمدنی کا ذکر ہو تو امریکی ڈالر کی جگہ بین الاقوامی ڈالر میں مقداریں دی جاتی ہیں۔ مثلاً انگریزی اور اردو ویکیپیڈیا پر مختلف ممالک کی آمدنی و فی کس آمدنی بین الاقوامی ڈالروں میں دی جاتی ہے۔