لفظ خرف کی وجہء تسمیہ کیا ہے؟ کیونکہ اگر Dementia کااُردو ترجمہ کیا جائے تو عتاہت اس کا مطلب بنتا ہے۔ پھر یہ خرف کس طرح یا وجہ سے اس بیماری نام ہوسکتاہے؟--اسپریچولسٹ (گفتگو) 08:35, 6 اگست 2008 (UTC)

  • انگریزی dementia اصل میں عقل سے الگ ہوجانے کے بنیادی معنی رکھتا ہے ، دیگر الفاظ جیسے نسیان ، خلل عقلی اور فتور وغیرہ کیوں نہیں استعمال کیۓ جاسکتے اسکا ذکر میں مضمون کی وجۂ تسمیہ میں انشااللہ کل کر دوں گا فی الحال یہ کہ خرف کا لفظ کسی لفظ سے ماخوذ نہیں بلکہ خود ایک root ہے اور ضعف عقلی کے معنوں میں آتا ہے۔ عتاہت ایک مبہم لفظ ہے اور میں نے کسی حکمت کی کتاب میں دیکھا بھی نہیں۔ اگر آپ پھر بھی عتاہت پر ضرور دیتے ہیں تو براہ کرم اسکی اساس بتا دیجیۓ کہ یہ کن معنوں میں آتا ہے اور کس زبان کا لفظ ہے ، اس سے دیگر کوئی الفاظ ماخوذ ہوتے ہیں یا نہیں۔ سمرقندی
  • جناب اسپریچولسٹ صاحب، میں نے عتاہٹ یا عتاہت کے بارے میں چند معلومات حاصل کی ہیں جن سے یہ جان پڑا کہ یہ لفظ عتاہٹ اصل میں عربی ہی کے عتہ (عتۃ) سے ماخوذ کیا گیا ہے جسکے معنی حماقت ، خبط ، بیوقوفی کے آتے ہیں۔ جبکہ خرف بھی عربی کا ہی لفظ ہے جسکے معنی فساد عقل یا ضعف عقل کے آتے ہیں اور عربی میں یہ لفظ عمرکے ساتھ آنے والی ضعف عقل کے لیۓ بھی استمعال کیا جاتا ہے ، خرف کی جمع خرفون کی جاتی ہے اور اس سے دیگر الفاظ جیسے demented کے لیۓ خرفی وغیرہ بنتے ہیں، اردو کا ایک لفظ خرافات (بمعنی اسطورہ یا افسانوی) بھی اسی سے بنتا ہے۔ عتہ کو بھی اگر خبط کے معنوں میں استعمال کیا جاۓ تو dementia کے لیۓ غلط تو نہیں ہوگا اور ایسا بھی کیا جاسکتا ہے۔ اب فیصلہ یہ کرنا ہے دونوں ہی عربی کے الفاظ ہیں اور دونوں ہی عام اردو قاری کے لیۓ نۓ ہونگے تو کونسا منتخب کیا جاۓ ؟ عتہ یا خرف ---- براہ کرم سوچ کر اپنی راۓ سے آگاہ کیجیۓ اور دیگر کوئی ساتھی بھی اگر اس تحریر پر نظر ڈالے تو ضرور اپنی آرا سے نوازے۔ سمرقندی
  • محترم سمرقندی صاحب، آپ کی سرگرمی اور علمی تحقیق بلاشبہ لائقِ تحسین ہے۔ میرے کہنے کا مقصد یہ تھا کہ خرف بھی ایک عربی لفظ کی نمائندگی کرتا ہے لیکن اس میں اُردو کی بو نہیں آتی، میں عربی الفاظ کے استعمال سے منع نہیں کررہا لیکن میری رائے میں ایسے لفظوں کا انتخاب کیا جائے جوکہ اُردو قارئین کو اجنبیت کا احساس نہ دلائیں۔ باقی آپ کی مرضی۔--اسپریچولسٹ (گفتگو) 14:08, 6 اگست 2008 (UTC)

متبادل کی تلاش :-)

ترمیم

جی نہیں جناب اسپریچولسٹ صاحب ایسا نا کہیۓ کہ آپ کی مرضی ؛ میری مرضی سے کیا ہوتا ہے ؟ انتخاب تو وہی لفظ کرا جاۓ گا جو مناسب ترین ہوگا اور اسی مقصد کو حاصل کرنے کی خاطر میں آپ سے اس تبادلۂ خیال پر مشورہ بھی کر رہا ہوں۔ میری راۓ ہے کہ ایک نظر انگریزی ویکی پر جاکر dementia کا مضمون پڑھ لیجیۓ تاکہ آپ کو فیصلہ کرنے میں آسانی ہو۔ فی الحال میں اپنی موجودہ سوچ کو نیچے درج کیۓ دیتا ہوں اور اس پر آپ کی آرا و مشورے کا انتظار رہے گا۔

وجۂ تسمیہ

ترمیم

خرف کا کلمہ عربی زبان سے آیا ہے اور اسکے معنوں میں فسادِ عقلی ، ضعفِ عقلی ، پیرانہ سالی یا عمر رسیدگی کی حالت ، طفلانہ انداز (یعنی عمرریسدگی کے باوجود بچکانہ یا بے عقلی کی حرکات ظاہر ہوجانا) آتے ہیں ہیں۔ خرف کے لفظ سے اردو میں خرافات بھی ماخوذ کیا جاتا ہے جو کہ اپنے متعدد اردو معنوں میں مستعمل ہوجانے کے باوجود فی الحقیقت ؛ باطل ، افسانوی ، غیرحقیقی کے معنی رکھتا ہے۔ خرف کا لفظ Dementia کے لیۓ منتخب کرنے کی وجوہات یوں ہیں کہ ۔۔۔۔۔

  • حکمت کی مستند کتب اور لغات میں اسی اصطلاح کو اپنایا گیا ہے۔
  • کیونکہ یہ اپنے مفہوم میں ضعفِ عقلی سے قریب تر ہے لہٰذا dementia کا بھی قریب ترین متبادل بنتا ہے۔
  • خرف جیسا کہ اوپر مذکور ہوا کہ عمررسیدگی کے معنی بھی رکھتا ہے اس لیۓ یہ dementia کی اس کیفیت کا بھی عکاس ہے کہ یہ عمر بلوغت کی بیماری ہے اور بچوں میں اسی قسم کی علامات کو دیگر امراض میں گروہ بند کیا جاتا ہے (دیکھیۓ مضمون کا ابتدائی بند)۔
  • اسکی جمع اور مرکب الفاظ دیگر اردو زدہ لفظ متبادلات ، جیسے دیوانگی یا عتاہٹ ، کی نسبت یک لفظی اور یکسانیت سے بن سکتے ہیں ؛ خرف کی جمع خرفون کی جاتی ہے اور demented کو خرف کی ر پر زبر (kharaf) کے بجاۓ زیر لگا کر خرِف (kharif) پڑھا جاتا ہے۔ اسی طرح dementing کی کیفیت کے لیۓ خرفی اور بالخرف کے الفاظ آتے ہیں۔

اردو کی بعض لغات میں dementia کے لیۓ عتاہٹ کا لفظ درج کیا گیا ہے جو کہ خرف کی طرح عربی زبان کا ہی اردو زدہ لفظ ہے اور عتہ سے بنایا گیا ہے عتہ کے معنی ؛ بیوقوفی ، خبط اور حماقت کے آتے ہیں۔ مذکورہ بالا تینوں معنوں میں سے خبط کا لفظ ہی ایسا معلوم ہوتا ہے کہ جو dementia کے قریب رکھا جاسکے لیکن یہاں قابل توجہ بات یہ ہے کہ خبط کا یہ مفہوم وہ نہیں جو کہ اردو میں بکثرت و متعدد معنوں میں بولا جاتا ہے جیسے کسی بات کا خبط ہوجانا بلکہ یہاں خبط کے عربی مفہوم سے مراد ہے جو کہ بذات خود idiocy یعنی خباط یا پاگل پن یا جنون کی حالت کے لیۓ آتا ہے، ایسی حالت یا براہ راست dementia کی ترجمانی نہیں کرتی کیونکہ dementia میں اگر ایسی پاگل پن یا جنوں کی کیفیت آتی بھی ہے تو نہایت شدت و مدت کے بعد مرض کی آخری حالت میں ، مزید یہ کہ dementia کی متعدد اقسام میں سے صرف ایک ہی ایسی قسم ہے کہ جس میں ایسی کیفیات شدت سے پیدا ہوسکتی ہیں اور اسکو presenile dementia کہا جاتا ہے اور متبادل نام کے طور پر آج کر آلزھیمر کے نام سے یاد کیا جاتا ہے۔ سمرقندی

متبادل لفظ کی تلاش

ترمیم
  • محترم سمرقندی صاحب، دیر سے جواب دینے پر معذورت خواہ ہوں لیکن مجھے اتنا وقت اس لئے لگا کیونکہ میں آپ کی مندرجہ بالا تحقیقی تعریف کی تصدیق کرنا چاہ رہا تھا اور اب مجھے یہ تسلیم کرنے میں کوئی عار نہیں کہ آپ نے بالکل بجا فرمایا ہے۔ میرا نقطہء نظر محض اتنا تھا کہ آج کے اس نام نہاد ترقی نے ہماری قوم کو اسلاف کی میراث سے دور کردیا ہے۔ ہماری غفلت کی انتہا یہ ہے کہ آج ہماری قوم کے نوجوان اپنی تہذیب، تاریخ، تمدن حتٰی کہ اپنی مادری زبان سے بھی کماحقہُ واقف نہیں ہیں۔ ایسے میں اگر ہم اُردو وکی پیڈیا پر ایسے الفاظ لکھیں جوکہ عام قارئین کو انتہائی ثقیل، عجیب یا بالکل نامانوس لگیں تومیرے خیال میں یہ ہمارے قارئین پر کچھ اچھا تاثرنہیں چھوڑے گا۔ یہی وجہ تھی کہ میں نے لفظ عتاہت تجویز کیاتھا کیونکہ میرے خیال میں خرف کے مقابلے میں اس لفظ میں اُردو کے وابستگی نظر آتی ہے۔ اس کے علاوہ اور کوئی وجہ نہیں تھی۔ یہ محض ایک تجویز تھی، جس پر اگر آپ اور دیگر ساتھی متفق ہوں تو عمل درآمد کیا جاسکتا ہے۔ وگرنہ خرف میں کوئی خرابی نہیں ہے۔:-)--اسپریچولسٹ (گفتگو) 06:45, 9 اگست 2008 (UTC)
  • بہت شکریہ جناب اسپریچولسٹ صاحب؛ یقین کیجیۓ کہ یہ جان کر دلی سکون حاصل ہوا کہ ہمارے پاس آپ جیسے لکھنے والے موجود ہیں جو اردو اور عوام سے محبت رکھنے کے ساتھ ساتھ تحقیق سے بھی لگاؤ رکھتے ہیں۔ میں انشااللہ ہر ہر موقع پر آپ سے معاونت کا طلب گار رہوں گا۔ عتاہٹ رکھنے میں مجھے ذاتی طور پر خوشی ہوتی اگر یہ dementia کی درست کیفیت کا عکاس ہوتا مگر اسکے بنیادی معنی خبط و idiocy وغیرہ dementia کے درست عکاس نہیں ہیں بس اسی وجہ سے ہچکچاہٹ ہے۔ میں انشااللہ عتاہٹ کا تذکرہ اور اس لفظ کی اردو لغات میں موجودگی بیان بھی ضرور مضمون کی وجۂ تسمیہ میں درج کردوں گا۔ براۂ کرم جب بھی اصلاح درکار بات نظر آۓ ضرور آگاہ فرمایۓ گا اور ضرور اصلاح فرمایۓ گا۔ سمرقندی
واپس "عتاہت" پر