تذکرہ علمائے ہندوستان
تذکرہ علمائے ہندوستان انیسویں صدی عیسوی کے اواخر میں سید محمد حسین بدایونی (1278- 1336 ہجری/ 1862-1918ء) کی تالیف کردہ کتاب "مظہر العلماء فی تراجم العلماء و الکملاء" کا اردو عنوان ہے جو اپنے موضوع پر بے نظیر اور انتہائی محقق کتاب سمجھی جاتی ہے۔ مصنف نے یکم رمضان 1315 هجری (1897ء) کو اس کتاب کی ابتدا کی جو دو برس بعد 12 ربیع الاول 1317 هجری (1899ء) کو مکمل ہوئی۔ تاہم مصنف نے زندگی بھر اس کتاب میں اضافے جاری رکھے اور یہ کتاب مخطوطہ کی شکل میں محفوظ رہی۔ مصنف نے 1918ء میں وفات پائی اور کتاب کا مخطوطہ شائع نہ ہو سکا۔ سو برس بعد ڈاکٹر خوشتر نورانی نے اس کتاب کو اپنی تحقیق و تعلیق کے ساتھ شائع کیا۔ اس تذکرہ میں چھ سو سے زائد علما، ادبا اور مشاہیر کا تذکرہ درج ہے۔