تقریبًا تمام اچھی کمپنیاں ملازمین کے انتخاب سے پہلے ان کا انٹرویو لیتی ہیں۔ یہ ملازمین اور کمپنی دونوں کے لیے خاص اہمیت کا حامل ہے۔ کمپنی صرف انہی ملازمین کا انتخاب کرتی ہے جو انٹرویو کے دوران اپنی قابلیت کا لوہا منوا لیتے ہیں۔ ایک اچھے اور کامیاب انٹرویو کے لیے ضروری ہے کہ مقررہ وقت سے پہلے اس کی تیاری کی جائے۔ انٹرویو کی تیاری کے لیے مندرجہ ذیل امور بے حد مفید ہیں : اپنا جائزہ لیں آپ اپنی خوبیوں اور خامیوں کا اچھی طرح جائزہ لینے کے بعد ان کی لسٹ بنائیں۔ اس عمل میں دیانتداری سے کام لیں،ورنہ مستقل میں کام کے دوران سخت مشکلات کا سامنا ہو سکتا ہے،اس لیے کہ آپ کی کمپنی آپ کی فراہم کردہ معلومات کے مطابق آپ کو ذمہ داریاں سونپے گی ،اگر آپ ان ذمہ داریوں سے نبرد آزما نہ ہو سکے تو کمپنی آپ کو نوکری سے فارغ بھی کر سکتی ہے۔ اپنی سی وی اچھی طرح یاد کر لیں آپ اپنی سی وی اچھی طرح یاد کر لیں۔ انٹرویو کے دوران آپ سے ڈگریوں اور ان کی تاریخ کے متعلق پوچھا جا سکتا ہے۔ کامیابی کے لیے ضروری ہے کہ آ پ کو تمام ڈگریاں اور ان کی تاریخیں اچھی طرح یاد ہوں۔ اس کا آسان طریقہ یہ ہے کہ آپ اپنی سی وی کی کاپی کر کے اپنے پاس رکھ لیں اور وقتاً فوقتاً اس پر نظر ڈالتے رہیں۔ کمپنی کی معلومات حاصل کریں آپ متعلقہ کمپنی کے متعلق زیادہ سے زیادہ معلو مات اکھٹی کریں۔ اس مقصد کے لیے انٹرنیٹ بہترین مددگار ہے۔ انٹرنیٹ پر بڑ ی کمپنیوں کے متعلق تقریباً تمام ضروری معلومات مل جاتی ہیں۔ کمپنی کی مصنوعات ،سروسز ،منیجمنٹ اور ممکنہ تنخواہ وغیرہ کا پہلے سے معلوم ہونا بہت مفید رہتا ہے۔ سوالات و جوا بات کی تیاری کریں بعض سوالات تقریباً ہر انٹرویو میں پوچھے جاتے ہیں،مثلاً انٹرویو لینے والا آپ سے پوچھ سکتا ہے”آپ اور دیگر لوگوں میں کیا فرق ہے کہ ہم آپ کو دوسروں پر ترجیح دیں؟آپ ہماری کمپنی میں کیوں ملازمت کرنا چاہتے ہیں؟آپ کی زندگی کا سب سے مشکل دن کون سا تھا؟“وغیرہ۔ انٹرویو سے پہلے اس طرح کے سوالات کے معقول جوابات ذہن میں تیار کر لینے چاہیں۔ اس کے ساتھ کچھ سوالات آپ کو بھی تیار کرلینے چاہیں ،مثلاً آپ کو کتنے لوگوں کے ماتحت کام کرنا ہوگا؟آپ کے ساتھ کام کرنے والے لوگ کتنے اور کس طرح کے ہوں گے؟کمپنی آپ کو کون کون سی سہولیات فراہم کرے گی؟وغیرہ ظاہری وضع قطع کی درست رکھیں یہ بات اچھی طرح ذہن نشین کر لیں کہ آپ کا لباس،آپ کے جوتے ،آپ کا طرز گفتگواور آپ کی آواز وغیرہ بھی آپ کے متعلق بہت کچھ کہہ رہے ہوتے ہیں۔ آپ یہ تمام چیزیں موقع محل اور مخاطب کی نفسیات ومزاج کے مطابق اختیار کریں،البتہ اس میں شریعت کی تعلیمات کا لحاظ رکھنا چاہیے۔ جن چیزوں سے شریعت نے منع کیا ہے ان سے ہرصورت میں بچنا چاہیے۔ انٹرویو کا وقت اور جگہ معلو م کر لیں انٹرویو لینے والے کا مختصر تعارف،انٹرویو کی جگہ اور وقت معلوم کریں اور وقت سے پہلے پہنچنے کی پوری کوشش کریں۔ ایساکرنے سے آپ پورے اطمینان کے ساتھ انٹرویو دے سکیں گے،ورنہ الجھن اور پریشانی کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔

مخصوص تنخواہ پر اصرار نہ کریں

کمپنی آپ کو کتنی تنخواہ دے سکتی ہے اور آپ کتنی تنخواہ پر کام کر سکتے ہیں؟انٹرویو میں یہ سب سے مشکل مرحلہ ہوتا ہے۔ اس مرحلے میں آپ نے بہت سمجھداری دکھانا ہوتی ہے،لیکن یاد رکھیں کہ تنخواہ مقرر کرنے کا یہ آخری مرحلہ نہیں ہے،فی الحال آپ بالکل ابتدا میں کھڑے ہیں، عموماًتنخواہ آخری انٹرویو میں طے کی جاتی ہے،اس لیے ابتدائی انٹرویو میں تنخواہ کی کسی خاص مقدار پر اصرار نہیں کرنا چاہیے ،اس سے بعض اوقات ملازمت کے عمدہ مواقع ضائع ہو جاتے ہیں۔ مشق کریں انگریزی کی کہاوت ہے کہ کسی بھی کام کی بار بار مشق کرنے سے آدمی اس میں ماہر ہوجاتاہے۔ انٹرویوکی مشق کا ایک کارآمد طریقہ یہ ہے جس جگہ آپ نوکری نہیں کرنا چاہتے ،وہان انٹرویو ضرور دیں۔ ایسے انٹرویو میں آپ مکمل بے باک ہوں گے۔ آپ کو یہ پریشانی نہیں ہوگی کہ نوکری ملے گی یا نہیں،اس لیے کہ آپ تو یہاں نوکری کرنا ہی نہیں چاہتے۔ اس طرح بے خوف وخطر چند انٹرویو دینے سے آپ کی جھجک بالکل ختم ہوجائے گی۔ یاد رکھیے!اچھی ملازمت کے مواقع بار بار نہیں ملتے ،اس لیے جب کبھی موقع ملے تو انٹرویو دینے سے پہلے مندرجہ بالا ہدایات ذہن میں رکھتے ہوئے تیاری کیجئے۔ ان شاء اللہ!کامیابی آپ کے قدم چومے گی۔