حسین نظام شاہ
پیدائش: 1523ء
انتقال: 1565ء
ریاست احمد نگر کا والی۔ اپنے والد برہان نظام الملک کی وفات کے بعد تخت پر بیٹھا۔ اس کا حقیقی بھائی عبد القادر بھاگ کر عماد الملک والی برار کے پاس چلا گیا۔ سوتیلا بھائی شاہ حیدر قلعہ پرندہ میں اپنے خسر جہاں سے جا ملا۔ حسین نظام شاہ نے قلعہ فتح کرکے باغیوں کو تہ تیغ کیا۔ ابراہیم عادل شاہ نے قلعہ شولاپور پر حملہ کیا تو حسین نظام شاہ نے عماد الملک کی مدد سے اسے پسپاکر دیا۔ اور 1554ء اور 1559ء میں سمندر کے کنارے پرتگالی قلعہ ایکدندہ اور فاندلیس میں متعدد قلعے فتح کیے۔ اسی اثنا میں وجیانگر، گولکنڈہ اوربیجاپور، کی متحدہ فوجوں نے احمدنگر کا محاصرہ کر لیا۔ حسین نے قلعہ کلیانی دے کر صلح کر لی اور قلعہ احمد نگر کو نئے سرے سے پختہ بنوایا۔ اور اس کے گرد خندق کھدوائی۔ 1564ء میں بیجاپور بیدر اور گولکنڈہ کی مدد سے وجیانگر کے راجا رام راج کو شکست دی۔ بہت بیدار مغز اور ذہین حکمران تھا۔