دوا (انگریزی: Drug یا Pharmaceutical drug) سے مراد اپنے اولین مفہوم میں ایک ایسے نباتی، حیوانی اور/یا تالیفی مرکب یا سازندے (agent) کی ہوتی ہے جو قدرتی بھی ہو سکتا ہے یا مصنوعی بھی اور کسی کیفیت مرض کا مداوا کرنے کے مقصد سے عمل تطبیب یا معالجہ میں استعمال کیا جا سکتا ہو۔ اسے انگریزی میں drug بھی کہا جاتا ہے اور بسا اوقات medicine کا لفظ بھی اسی پر ادا کیا جاتا ہے۔ جیسا کہ مذکورہ بالا سطور میں ظاہر ہوا کہ کسی بھی شۓ یا substance کے دوا ہونے کے لیے اس کے ساتھ کسی کیمیائی یا طبیعی مرکب کی کیفیت مشروط نہیں بلکہ یہ معالجاتی شے کوئی عنصر بھی ہو سکتا ہے ؛ یعنی دوا کے طور پر اختیار کیا جانے والا مادہ ایک سالمہ بھی ہو سکتا ہے، ایک جوہر بھی ہو سکتا ہے اور یا پھر کسی اور قسم کا کوئی مادہ (جیسے کوئی آین، مثال کے طور پر منابگر (hydrogen anion) بھی ہو سکتا ہے)، آج کل وراثی معالجہ میں استعمال کیے جانے والے اجزاء میں ارنا یعنی RNA اور دنا یعنی DNA وغیرہ سمیت مناعی خلیات تک ادویات کے زمرے میں شامل کیے جاتے ہیں۔ دوا کی جمع ادویہ اور جمع الجمع ادویات کی جاتی ہے۔