ذیلدار سکھ عہد اور انگریزی عہد کا ایک دیہاتی اعزازی عہدہ ہے۔ متعدد گاؤں یا دیہات کو ملا کر ذیل بنا دی جاتی تھی۔ دیہات کے اس حلقے میں نمبرداروں کے اوپر ایک سفید پوش ہوا کرتا تھا۔ اور سفید پوش سے اوپر کے حلقے کا ذیلدار ہوتا تھا۔ دیہات کے حلقے کی عام انتظامی نگرانی، مالیے کی وصولی کی نگہداشت، افسران مال اور پولیس کی آؤ بھگت یا دیگر مقرر کنندہ افسروں کے آرام و آسائش کے انتظامات کی دیکھ بھال ذیلدار کے ذمے ہوتی تھی. جس طرح پنجاب کے اضلاع میں ذیلدار ہوا کرتا تھا، اسی طرح بہاولپور، ڈیرہ غازی خان اور سندھ وغیرہ کے علاقوں میں تمن دار ہوتے تھے۔ نمبردار کو مالیے کی فراہمی پر پچوترہ یعنی رقم کا پانچ فیصد ملتا ہے۔ لیکن سفید پوش اور ذیلدار کی ششماہی تنخواہ مقرر ہوتی تھی۔ اب یہ عہدے ختم کر دیے گئے ہیں۔ صرف نمبرداری باقی رہ گئی ہے۔