1541ء میں شیر شاہ سوری سے شکست کھا کر ہمایوں ایران کی طرف بھاگ گیا۔ شیر شاہ کو معلوم تھا کہ گکھڑ مغلوں کے وفادار ہیں اس لیے اس نے جہلم میں روہتاس کے مقام پر ایک بہت بڑا قلعہ بنوایا۔ مگر سلطان سارنگ خان نے شیر شاہ کی فوج پر چھاپہ مار کارروائیاں جاری رکھیں جن سے تنگ آ کر 1548ء شیر شاہ سوری کی وفات کے بعد اس کے بیٹے سلیم نے گکھڑوں پر فوج کشی کی جس میں سلطان سارنگ خان اور ان کے 16 بیٹے مارے گئے جن کی قبریں روات کے قلعے میں موجود ہیں۔ بعد میں سلطان آدم خان نے ہمایوں کو دہلی کا اقتدار دوبارہ دلوانے میں بھرپور مدد کی۔