حاجی سیدفضلِ حق دیوبندی علیہ الرحمۃ 1888 - 1890 حیات و خدمات حاجی سید فضل حق صاحب دیوبند کے خاندانِ سادات رضویہ سے تھے، حضرت مولانا محمد قاسم نانوتویؒ سے شرفِ بیعت حاصل تھا، یہ شروع سے دار العلوم کی مجلسِ شوریٰ کے رکن تھے۔ حاجی محمد عابد ؒ کے زمانۂ اہتمام میں سربراہِ کار کی حیثیت سے کئی سال تک دار العلوم کی خدمات انجام دیں، 1310ھ مطابق 1892ء میں حاجی محمد عابد صاحبؒ کے مستعفی ہوجانے پر مہتمم مقرر ہوئے اور تقریباً ایک سال تک اس خدمت کو انجام دے کر مستعفی ہو گئے۔ حاجی فضل حق صاحب نے حضرت نانوتویؒ کی ایک سوانح حیات لکھی تھی، جو ہنوز طبع نہیں ہوئی، سوانح قاسمی مؤلفہ مولانا مناظراحسن گیلانی میں سوانح مخطوطہ کے نام سے جابجا اس کے اقتباسات دئے گئے ہیں، اُن سے اندازہ ہوتا ہے کہ نہایت جامع اور مکمل سوانح حیات ہوگی، تحریری صلاحیتوں کے ساتھ اُن میں انتظامی صلاحیت بھی بدرجۂ اتم پائی جاتی تھی، دار العلوم کے تعلق سے قبل سہارنپور میں سرکاری محکمۂ تعلیم سے مدّت تک وابستہ رہ چکے تھے