صارف:ابنِ ضیا/کریئیٹیو کامنز کتابچہ

کريئیٹیو کامنز بنائے شیئر کرنا آسان

اپنا کام شیئر کرنے کے لیے چھ اجازت نامے

کريئیٹیو کامنز


انٹرنیٹ کی بدولت اب لوگوں کے لیے اپنی تخلیقات دوسروں کے ساتھ شیئر کرنا اور ایک دوسرے کی تخلیقات پر کام کرنا آسان ہو گیا ہے۔ تاہم بعض اوقات قوانین اسے مشکل بنا دیتے ہیں۔

جب کبھی آپ کوئی تصویر کھینچتے ہیں، کوئی گیت ریکارڈ کرتے ہیں، کوئی مقالہ یا مضمون چھاپتے ہیں، یا اپنی تحریریں آن لائن شائع کرتے ہیں، تو کاپی رائٹ قوانین کی نظر میں خود بخود اُن کے ’’جملہ حقوق محفوظ‘‘ تصور کیے جاتے ہیں۔

عموماً اس سے مراد یہ ہوتی ہے کہ دوسرے افراد آپ کی پیشگی اجازت کے بغیر آپ کے کام کو دوبارہ استعمال یا اس میں تبدیلی نہیں کرسکتے۔

لیکن اگر آپ خود چاہتے ہوں کہ دوسرے لوگ بھی آپ کے کام کو استعمال کریں، تو؟

اگر آپ دوسرے لوگوں کو یہ حق دینا چاہتے ہیں کہ وہ آپ کی تخلیقات کو شیئر اور استعمال کریں بلکہ اس کی بنیاد پر اپنا مواد بھی تیار کریں، تو کريئیٹیو کامنز اجازت نامے کے تحت اپنا کام پیش کرنے کے بارے میں سوچیے۔

کريئیٹیو کامنز اجازت نامہ آپ کو اس فیصلے کا اختیار دیتا ہے کہ کون سے حقوق آپ محفوظ رکھنا چاہتے ہیں، اور جو لوگ آپ کا کام استعمال کرنے میں دلچسپی رکھتے ہوں اُنھیں واضح طور پر بتاتا ہے کہ وہ کیسے آپ کی پیشگی اجازت کے بغیریہ کام استعمال کرسکتے ہیں۔

ہمارے آزاد اور سہل الاستعمال اجازت نامے ایک ایسا سادہ اور معیاری طریقہ فراہم کرتے ہیں جس کے تحت آپ اپنی طے کردہ شرائط پر اپنے تخلیقی کام کو شیئر اور استعمال کرنے کی عوامی اجازت دے سکتے ہیں۔ کريئیٹیو کامنز اجازت ناموں کے ذریعے آپ بآسانی اپنے کاپی رائٹ کاموں کی کیفیت ’’جملہ حقوق محفوظ ہیں‘‘ سے ’’بعض حقوق محفوظ ہیں‘‘ کی صورت میں تبدیل کرسکتے ہیں۔

کريئیٹیو کامنز اجازت نامے کاپی رائٹ کا متبادل نہیں ہیں۔ تکنیکی طور پر، کاپی رائٹ آپ کی اجازت کے بغیر آپ کے کام کو دوبارہ استعمال میں لانے کی صرف محدود اجازت دیتا ہے۔ کريئیٹیو کامنز اجازت نامے آپ کو سہولت دیتے ہیں کہ آپ عوام کو اضافی اجازتیں بھی دے سکیں، جن کی بنیاد پر آپ بعض حقوق اپنے نام محفوظ رکھتے ہوئے کام کو دوبارہ استعمال میں لانے کی بقیہ شرائط اپنی ضروریات کے مطابق طے کرسکیں۔

ہم نے ان اجازت ناموں پر دنیا بھر کے کاپی رائٹ ماہرین کے ساتھ مل کر کام کیا ہے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ ہمارے اجازت نامے عالمی پیمانے پر کارآمد اور مفید ہوں۔

اگر آپ ایسے مواد کی تلاش میں ہیں جسے آزادانہ اور قانونی طور پر آپ استعمال کرسکتے ہوں، تو کريئیٹیو کامنز اجازت نامہ کے تحت شائع ہونے والی تخلیقات کا ایک خزانہ آپ کے لیے دستیاب ہے۔ گیتوں اور ویڈیوز سے لے کر سائنسی اور تعلیمی نوعیت کے مواد تک، کروڑوں تخلیقات ہمارے اجازت ناموں کے تحت عوام کے لیے مفت اور قانونی طور پر دستیاب ہیں، جن میں روز بروز اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔   کريئیٹیو کامنز کیا ہے؟

کريئیٹیو کامنز ایک عالمگیر غیر منافع بخش تنظیم ہے۔ یہ تنظیم آزاد اور قابلِ رسائی انٹرنیٹ کی حمایت کے لیے وقف ہے جو مفت معلومات اور تخلیقی وسائل سے مالا مال ہو جسے دنیا بھر کے لوگ استعمال کر سکیں، شیئر کر سکیں، اور اُس میں مزید اضافہ کر سکیں۔

ہمارے سہل الاستعمال اجازت نامے ایک ایسا سادہ اور معیاری طریقہ فراہم کرتے ہیں جس کے تحت آپ اپنی طے کردہ شرائط پر اپنے تخلیقی کام کو شیئر اور استعمال کرنے کی عوامی اجازت دے سکتے ہیں۔ کريئیٹیو کامنز اجازت ناموں کے ذریعے آپ بآسانی اپنے کاپی رائٹ کاموں کی کیفیت ’’جملہ حقوق محفوظ ہیں‘‘ سے ’’بعض حقوق محفوظ ہیں‘‘ کی صورت میں تبدیل کرسکتے ہیں۔

دنیا کے بعض مقبول ترین پلیٹ فارموں پر صارفین کی جانب سے تخلیق کردہ مواد کے لیے لاکھوں لوگ کريئیٹیو کامنز اجازت ناموں کا استعمال کرتے ہیں۔ جب آپ اپنی تصاویر، ویڈیوز، یا بلاگز شیئر کرنے کے لیے کريئیٹیو کامنز اجازت نامہ استعمال کرتے ہیں تو آپ کی تخلیقات معلومات اور وسائل کے ایک ایسے عالمگیر قابلِ رسائی خزانے کا حصہ بن جاتی ہیں جس میں فن کاروں، معلّموں، سائنس دانوں، اور حکومتوں کی کوششیں بھی شامل ہیں۔

کريئیٹیو کامنز CCO پبلک ڈومین ڈیڈیکیشن استعمال کرتے ہوئے، اس رہنما کتابچے کے جملہ حقوق اور متعلقہ یا اس نوعیت کے دیگر حقوق سے دستبردار ہو گیا ہے۔

  مرحلہ 1: اجازت نامے کے خدوخال منتخب کریں

کريئیٹیو کامنز اجازت نامے کے تحت اشاعت آسان ہے۔ سب سے پہلے ان شرائط کا انتخاب کر لیں جن کا اطلاق آپ اپنے کام پر کرنا چاہتے ہیں۔

انتساب (Attribution)

تمام کريئیٹیو کامنز اجازت ناموں کے لیے ضروری ہے کہ دوسرے افراد جو آپ کا کام کسی بھی صورت میں استعمال کرتے ہیں، اُنھیں اس کام کا انتساب آپ کے نام اُسی طرح کرنا ہوگا جیسے آپ نے درخواست کی ہے، لیکن اس انتساب سے ایسا ظاہر نہیں ہونا چاہیے کہ آپ اُن کی یا اُن کے استعمال کی توثیق کرتے ہیں۔ اگر وہ آپ کا کام آپ کے انتساب کے بغیر یا توثیقی مقاصد کے لیے استعمال کرنا چاہتے ہیں تو اُنھیں آپ سے پیشگی اجازت لازماً لینا ہوگا۔

یکساں شراکت (ShareAlike)

آپ دوسروں کو اپنے کام کی نقل، تقسیم، نمائش، انجام دہی، اور ردّ و بدل کی اجازت اس شرط پر دیتے ہیں کہ وہ تبدیل شدہ کام کو یکساں شرائط پر تقسیم کریں گے، یعنی انہی شرائط اور اجازت نامہ کے تحت شائع کریں گے جن کے تحت آپ نے اپنا کام شائع کیا ہے۔ اگر وہ تبدیل شدہ کام کو دیگر شرائط کے تحت تقسیم کرنا چاہتے ہیں تو اُنھیں آپ سے پیشگی اجازت لازماً لینا ہوگا۔

بلا اشتقاق (NoDerivs)

آپ دوسروں کو اپنے کام کے اصل نقول کی محض نقل، تقسیم، نمائش اور انجام دہی کی اجازت دیتے ہیں۔ اگر وہ آپ کے کام میں تبدیلی کرنا چاہتے ہیں تو اُنھیں آپ سے پیشگی اجازت لازماً لینا ہوگا۔

غیر تجارتی (NonCommercial)

آپ دوسروں کو اپنے کام کی نقل، تقسیم، نمائش، انجام دہی اور (اگر آپ نے اشتقاق ممنوع منتخب نہ کیا ہو تو) ردّ و بدل کی اجازت دیتے ہیں اور آپ کا کام تجارتی مقاصد کے علاوہ کسی بھی مقصد کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔ تجارتی مقاصد کے لیے استعمال کی صورت میں اُنھیں آپ سے پیشگی اجازت لازماً لینا ہوگا۔

  مرحلہ 2: اجازت نامہ حاصل کریں

آپ کے انتخاب کی بنیاد پر آپ ایک اجازت نامہ حاصل کریں گے جس میں واضح نشان دہی ہوگی کہ دیگر افراد آپ کے تخلیقی کام کو کس طرح استعمال کرسکتے ہیں۔