صوتیات
صوتیات (phonetics) آوازوں کے علم کو کہا جاتا ہے اور اس کا تعلق علم لسانیات کی ذیلی شاخ سے جا ملتا ہے جس میں کلام کی آواز اور اس کے پیدا ہونے، اس کلام کے آپس میں مربوط ہونے وغیرہ پر تحقیق کی جاتی ہے۔
صوتیات انسانی اعضائے نطق سے پیدا ہونے والی آوازوں کا علم ہے۔ انگریزی میں اسے فونیٹکس (Phonetics) کہتے ہیں۔ لسانیات میں اس کی اپنی آزادانہ حیثیت ہے۔ آوازوں کی مختلف اقسام ہیں، علم الاصوات انھیں اقسام کے مطالعے کا نام ہے۔ اس میں آوازوں کے مخارج وغیرہ سے بحث ہوتی ہے۔ صوتیات کو لسانیات کی کلید کہا جاتا ہے۔
صوتیات ان ساری آوازوں کے مطالعے کا نام ہے جو دنیا کی کسی بھی زبان میں استعمال ہوتی ہیں۔ ان کی کثیر تعداد ہوتی ہے ان ساری آوازوں کا مطالعہ عام صوتیات یا General Phonetics کہلاتا ہے۔ یہ ساری آوازیں سبھی زبانوں میں استعمال ہوتی ہیں۔ مثلاً انگریزی، فرانسیسی، جرمن، روسی، عربی اور فارسی کی آوازیں۔ عمومی صوتیات میں چند آوازیں ہی ہوتی ہیں، مشتر کہ آوازیں چند ہوتی ہیں اور چند آوازیں مختلف ہوتی ہے اور وہ چند مختلف آوازیں جرمن، فرانسیسی یا عربی کو صوتی اعتبار سے ایک دوسرے سے ممیز کرتی ہیں۔ لہٰذا ہر زبان کی صوتیات الگ الگ ہوتی ہے اگر چہ ان میں چند مشترک آوازیں بھی ہوتی ہیں۔
علم الاصوات میں آوازوں کی یوں تو کئی اقسام ہیں لیکن دو بڑی اقسام ” مصوتے" (Vowels) اور ”مصمتے" (Consonants) مشہور ہیں۔